بہت چھوٹی، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کی وزارت

خردہ فروشوں اور عمارتوں نیز تعمیراتی پیشہ ور افراد کو ایم ایس ایم ایز کے طور پر رجسٹر کرنے کی درخواست کا جائزہ لیا جائے گا: جناب گڈکری


جناب گڈکری نے خردہ فروشوں کی ایسوسی ایشنوں، انجینئروں، آرکیٹیکٹووں اور شہر کے منصوبہ سازوں سے کہا ہے کہ وہ درآمدات کے متبادل کے طور پر کام کریں اور بہت زیادہ بھیڑ والے شہروں کی بھیڑ کم کریں

Posted On: 09 MAY 2020 6:47PM by PIB Delhi

نئی دہلی،9 مئی، 2020،         ایم ایس ایم ای اور سڑک ٹرانسپورٹ  نیز شاہراہوں کے مرکزی وزیر جناب نتن گڈکری نے آج خردہ فروشوں کی بھارت کی ایسوسی ایشن اور پریکٹس کرنے والے انجینئروں، آرکیٹیکٹوں اور شہری منصوبہ سازی کی ایسوسی ایشن (بھارت) کو یقین دلایا ہے کہ ایم ایس ایم ایز کے طور پر رجسٹر کرنے کی اُن کی درخواست کا تیزی سے جائزہ لیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ اس درخواست کا جائزہ اس نقطہ نظر سے لیا جانا چاہیے کہ یہ روزگار دینے والے ادارے ہیں۔اور اس پر بھی غور کیا جائے کہ بعض فوائد مثلاً انشورینس، طبی سہولت اور پنشن وغیرہ کارکنوں کو فراہم کیے جاسکتے ہیں یا نہیں۔

انھوں نے خردہ فروشوں پر زور دیا کہ وہ گھر پر سامان فراہم کرنے کے امکانات تلاش کرنا شروع کریں اور ایسا کرتے وقت ایک دوسرے سے فاصلہ رکھیں۔ صارفین/ ملازمین کو سینی ٹائزروں کی فراہمی اور ماسک تمام خردہ مراکز میں استعمال کرنے کو یقینی بنائیں۔

وزیر موصوف آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بھارت کے خردہ فرشوں کی ایسوسی ایشن اور پریکٹس کرنے والے انجینئروں اور آرکیٹیکوں کے نمائندوں نیز شہری منصوبہ سازی کرنے والوں کی ایسوسی ایشن (بھارت)سے  ان کے اپنے اپنے شعبوں میں کووڈ-19 کے اثرات کے بارے میں تبادلہ خیال کر رہے تھے۔ ا س بات چیت کے دوران نمائندوں نے کووڈ-19 کے دوران درپیش مختلف چیلنجوں کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا اور کچھ تجویزیں بھی پیش کیں۔ انھوں نے اس شعبے کو جاری رکھنے کے سلسلے میں حکومت سے مدد کی درخواست کی۔

جناب گڈکری نے انجینئروں، آرکیٹیکٹوں اور شہری منصوبہ سازوں پر یہ زور بھی دیا کہ وہ بہت زیادہ بھیڑ بھاڑ والے شہروں کی بھیڑ کو کم کرنے کے امکانات تلاش کریں اور نئی دہلی، ممبئی ایکسپریس وے جیسے گرین ایکسپریس ویز کے ساتھ ساتھ خاص طور پر دیہی ، قبائلی اور پسماندہ علاقوں کی ترقی میں شرکت کریں جن علاقوں سے یہ ایکسپریس وے گزر رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کے تحت بہت سے کلسٹرلاجسٹکس پارکس ابھر کر سامنے آئیں گے جن سے روزگار کے زبردست مواقع پیدا ہوں گے۔

جن اہم مسائل کو اجاگر کیا گیا اور جو تجویزیں پیش کی گئیں وہ اس طرح ہیں: خردہ فروشوں/ ریستورانوں / آرکیٹیکچرل فرموں کو ایم ایس ایم ایز کے طور پر رجسٹر کرنا، کووڈ-19 سے متعلق حفاظتی تدابیر کے تحت مال شروع کرنا، غیر ضروری اشیاکے لیے ای- کامرس کمپنیوں کا کام شروع کرنا، خردہ فروشوں کے کرایے میں کمی کرنا، پابندی کو 9 ماہ تک توسیع دینا، بینک کی شرح سود میں 10 فیصد سے کمی کرکے اُسے ساڑھے چار فیصد کرنا، پرائیویٹ بینکوں کی طرف سے آر بی آئی کے رہنما خطوط کی پابندی کرنا، صرف ان چیزوں کیلئے جن سے منافع حاصل ہو جی ایس ٹی کی درخواست دینا، جو بلڈر پہلے ہی آر ای آر اے ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ ہیں ان کا ایم ایس ایم ای کے طور پر رجسٹریشن کرانا۔

جناب گڈکری نے صنعت سے کہا کہ صنعتوں کو یہ  یقینی بنانا ہے کہ کووڈ-19 کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام ضروری احتیاطی اقدامات پرعمل کیا جائے۔  انھوں نے کاروباری کام کاج کے دوران پی پی ای (ماسک، سینی ٹائزر وغیرہ) کے استعمال پر زور دیا اور ایک دوسرے سے فاصلہ رکھنے کے طریقے کو اپنانے کا مشورہ دیا۔

انھوں نے کہاکہ تمام ساجھے داروں کو اس بحران پر قابو پانے کے لیے ایک مربوط عمل حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے اور لوگوں کی زندگی نیز روزی روٹی کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہیے۔ جناب گڈکری نے صنعت پر یہ زور بھی دیا کہ وہ اس بحران پر قابو پانے کے زمانے میں مثبت رویہ اختیار کرے۔

مرکزی وزیر نے کہا کہ سامان کو برآمد کرنے پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے اور بجلی کی لاگت، لاجسٹک لاگت اور پیداواری لاگت کو کم کرنے کے ضروری طریقے اپنائے جانے چاہئیں تاکہ عالمی منڈی میں مسابقت کا رویہ اختیار کیا جاسکے۔ انھوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اندرون ملک پیداوار کے ذریعے غیر ملکوں کی درآمدات کی جگہ ان جیسی چیزیں تیار کرنے پر زور دیا جانا چاہیے۔

انھوں نے بتایا کہ گرین ایکسپریس ہائی وے پر کام پہلے ہی شروع کیاجاچکا ہے اور یہ صنعت کیلئے ایک موقع ہے کہ وہ صنعتی کلسٹروں/ لاجسٹکس پارکوں میں جو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہوں، مستقبل کی سرمایہ کاری کرے۔ ا نھوں نے رائے ظاہر کی کہ  میٹروں شہروں کے علاوہ دوسرے علاقوں میں صنعتی کلسٹر کے امکانات کو بڑھایا جائے۔ انھوں نے صنعتوں پر اس سلسلے میں شرکت کے لیے زور دیا۔

وزیر موصوف نے یاد دلایا کہ جاپان کی حکومت نے چین سے جاپانی سرمایہ کاری کو دوسری جگہوں پر منتقل کرنے کے سلسلے میں اپنی صنعتوں کے لیے خصوصی پیکیج کی پیش کش کی ہے۔ انھوں نے رائے ظاہر کہ بھارت کو اس موقع سے  فائدہ اٹھانا چاہیے۔

جناب گڈکری نے نمائندوں کے سوالوں کے جواب دیئے اور انھیں حکومت کی طرف سے ہر ممکن امداد کا یقین دلایا۔ انھوں نے بتایا کہ وہ ان معاملات کو متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھائیں گے۔ انھوں نے زور دیا کہ صنعت کو چاہیے کہ وہ ایک مثبت حکمت عملی اختیار کرے اور ان مواقع سے فائدہ اٹھائے جو کووڈ-19 کے بحران کے بعد پیدا ہوں گے۔

****************

م ن۔ اج ۔ ر ا

U: 2405


(Release ID: 1622663) Visitor Counter : 241