امور داخلہ کی وزارت

کابینہ سکریٹری کی صدارت میں وشاکھاپٹنم گیس رساؤ حادثہ اور اس سلسلے میں کئے گئے اقدامات کے جائزہ کے لئے این سی ایم سی کی جائزہ میٹنگ ہوئی

Posted On: 08 MAY 2020 6:14PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی، 8 مئی 2020 ۔ کل وشاکھاپٹنم میں ہوئے گیس رساؤ حادثہ کے بعد پیدا ہوئی صورت حال کے جائزہ کے لئے کابینہ سکریٹری جناب راجیو گوبا کی صدارت میں مسلسل دوسرے دن قومی بحران بندوبست کمیٹی (این سی ایم سی) کی میٹنگ ہوئی۔

آندھراپردیش کے چیف سکریٹری نے کمیٹی کو زمینی صورت حال کے ساتھ حادثہ کے بعد لوگوں کو باہر نکالنے اور پلانٹ میں رساؤ کو روکنے کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بھی بتایا۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ ٹینکوں سے آگے کسی بھی طرح کے رساؤ کو روکنے کے لئے سبھی طرح کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر گیس سے صحت اور پانی نیز ہوا کی کوالٹی پر پڑنے والے طویل مدتی اثرات پر بھی بات چیت ہوئی۔

کابینہ سکریٹری نے موجودہ صورت حال، تیاریوں، راحت و بچاؤ کے کاموں کا جائزہ لیا، ساتھ ہی حالات کا سامنا کرنے کے لئے ریاست کو ہر ضروری مدد دستیاب کرانے کی بھی ہدایت دی۔ کیمیکل سیفٹی اور انڈسٹریل پروسیز کے متعلق ملکی اور بین الاقوامی ماہرین اور جائے حادثہ پر موجود افسران کے درمیان ویڈیو کانفرسنگ کے ذریعے صلاح و مشورہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ضرورت پڑنے پر ایسے ماہرین کی ایک ٹیم بھی جائے حادثہ پر روانہ کی جائے گی۔ میڈیکل پروٹوکول پر طبی ماہرین کے درمیان بھی اسی طرح کا صلاح و مشورہ کرایا جائے گا۔ ضرورت پڑنے پر انسدادی کیمیاجات بھیج کر بھی مدد یقینی بنائی جائے گی۔

اس میٹنگ میں ماحولیات، جنگلات و آب و ہوا کی تبدیلی، کیمیکلس اینڈ پیٹرو کیمکلس نیز فارمایوسیکلٹس کے سکریٹری، این ڈی آر ایف اور صحت خدمات کے ڈی جی، ایمس کے ڈائریکٹر اور ایم ایچ اے نیز مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے افسران بھی موجود رہے۔ آندھرا پردیش کے چیف سکریٹری کے ساتھ ہی وشاکھاپٹنم ضلع سے افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے اس میٹنگ میں شرکت کی۔

 

 

******

م ن۔ م م۔ م ر

U-NO. 2391

 



(Release ID: 1622499) Visitor Counter : 133