سٹرک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت

جناب گڈکری نے بس اور کار آپریٹروں کو اقتصادی کساد بازاری کے باہر نکلنے میں مکمل مدد کا یقین دلایا

Posted On: 06 MAY 2020 4:18PM by PIB Delhi

 

نئی دہلی، 6 مئی 2020 ۔ سڑک نقل و حمل اور شاہراہوں اور ایم ایس ایم ای کے مرکزی وزیر جناب نتن گڈکری نے ملک کے بس اور کار آپریٹروں کو یقین دلایا ہے کہ وہ ان کے مسائل سے پوری طرح واقف ہیں اور ان کے مسائل کے تدارک میں پوری مدد کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کے مسلسل رابطے میں ہیں، جو کووڈ-19 کی وبا کے ان مشکل دنوں کے دوران معیشت کو اوپر اٹھانے کے لئے دن رات کام کررہے ہیں۔

ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے بس اور کار آپریٹرز کنفیڈریشن کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے جناب گڈکری نے کہا کہ ٹرانسپورٹ اور قومی شاہراہوں کو کھولنے سے عوام کے درمیان طویل مدتی نقطہ نظر سے اعتماد کا پیغام جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ کچھ رہنما ہدایات کے ساتھ جلد ہی پبلک ٹرانسپورٹ کو کھولا جاسکتا ہے، تاہم انھوں نے بسوں اور کاروں کو چلانے کے دوران سماجی دوری بنائے رکھنے اور ہاتھ دھونے، سینیٹائز کرنے، فیس ماسک وغیرہ جیسی سبھی حفاظتی تدابیر پر عمل کرنے کے تئیں محتاط کیا۔

ناظرین کے ذریعے ظاہر کی گئیں تشویشات کا ازالہ کرتے ہوئے وزیر موصوف نے بتایا کہ ان کی وزارت پبلک ٹرانسپورٹ کے لندن ماڈل کو اپنارہی ہے، جہاں سرکاری مالی مدد کم سے کم ہے اور نجی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جارہا ہے۔ انھوں نے ہندوستانی بسوں اور ٹرک باڈی کے بس معیارات  کی جانب اشارہ کیا، جو محض 5-7 سال تک ہی چل پاتے ہیں، جبکہ یوروپی ماڈل پندرہ برسوں تک چلتے ہیں۔ جناب گڈکری نے ان کے ذریعے اپنائے جانے والے عمدہ طور طریقوں کو اپنانے پر زور دیا، جو طویل  مدت میں دیسی صنعتوں کے لئے اقتصادی اعتبار سے قابل عمل ہوگا۔

وزیر موصوف نے کہا کہ وہ موجودہ وبا کے دوران ہندوستانی بازار کی مشکل مالی حالت سے واقف ہیں۔ انھوں نے کہا کہ تاہم ان کا مقابلہ کرنے کے لئے سبھی حصص داروں کو ایک ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔ انھوں نے عالمی صنعتوں کے ذریعے پیش کئے جارہے بہت ہی اچھے کاروباری مواقع کی جانب اشارہ کیا، جو چینی بازار سے باہر نکلنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستانی صنعتوں کو اس موقع کا استعمال ان غیرملکی کمپنیوں کو ہندوستان میں سرمایہ کاری کے لئے مدعو کرنے کے لئے کرنا چاہئے۔ انھوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ملک اور اس کی صنعتیں دونوں ہی لڑائیوں پر یعنی پہلی کورونا کے خلاف اور دوسری اقتصادی کسادبازاری کے خلاف مل کر جیت حاصل کریں گی۔

کنفیڈریشن کے اراکین نے پبلک ٹرانسپورٹ کی صورت حال کو بہتر بنانے کے لئے اپنے مشورے دیے، جن میں قرض کی ادائیگی میں چھوٹ کی مدت میں توسیع کرنا، پبلک ٹرانسپورٹ کو پھر سے شروع کرنا، عمر ، زندگی کی حد میں توسیع کرنا، ریاستی ٹیکسوں کو ملتوی کرنا، ایم ایس ایم ای صوائب کو بڑھانا، بیمہ پالیسی کے مدت جواز وغیرہ میں توسیع کرنا شامل ہے۔

******

م ن۔ م م۔ م ر

U-NO. 2319


(Release ID: 1621682) Visitor Counter : 182