وزیراعظم کا دفتر
وزیر اعظم مودی نے پورے ملک میں 21 دن کا لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کیا
کووِڈ۔19 کے موضوع پر وزیر اعظم نے قوم سے خطاب کیا
Posted On:
24 MAR 2020 11:01PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے کووِڈ۔19 وبا پر قابو پانے کے لئے پورے میں 21 دن کا لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے جس کا آغاز آج نصف شب سے ہوگا۔
ٹیلی ویژن پر نشر ہوئے وزیر اعظم کے اس خصوصی خطاب میں انہوں نے کہا کہ وہ ممالک بھی، جن کے پاس بہترین طبی سہولیات موجود ہیں، وائرس پر قابو نہیں پاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وبا کے اثر کو زائل کرنے کے لئے سماجی فاصلہ بنائے رکھنا ہی اس کا اکلوتا متبادل ہے۔
انہوں نے کہا، ’’آپ سبھی نے دیکھا کہ کیسے اس وبا نے دنیا کے سب سے زیادہ ترقی یافتہ ممالک کو بالکل بے بس کرکے رکھ دیا۔ ایسا نہیں ہے کہ ان ممالک نے اس وبا کو روکنے کے لئے خاطر خواہ کوششیں نہیں کی، اور نہ ہی ان کے پاس وسائل کی کمی ہے۔ کورونا وائرس اس تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے کہ تمام تر تیاریوں اور کوششوں کے باجود، ان ممالک کے لئے اس وبا کو قابو میں کرنا مشکل نظر آرہا ہے۔
گذشتہ دو مہینوں سے ان ممالک میں اس بیماری کے تعلق سے جو کچھ وقوع پذیر ہوا ہے، اس کا تجزیہ کرنے والوں اور ماہرین کی آراء سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اس کورونا وائرس سے نمٹنے کا ایک صرف ایک ہی مؤثر طریقہ ہے – سوشل ڈسٹینسنگ، یعنی سماجی فاصلہ بنائے رکھنا۔‘‘
لاپرواہی برتنے والوں کے بارے میں وزیر اعظم نے کہا، ’’کچھ لوگوں کی لاپرواہی، ان کی غلط معلومات، آپ کو، آپ کے بچوں کو، آپ کے والدین، آپ کے کنبے، آپ کے دوستوں اور پورے ملک کو بہت بڑے خطرے میں ڈال سکتا ہے۔ اگر یہ لاپرواہی مسلسل جاری رہی تو بھارت کو اس کی اتنی بڑی قیمت چکانی ہوگی جس کے بارے میں اندازہ لگانا مشکل ہے۔‘‘
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ریاستی حکومتوں کے ذریعہ ملک کے مختلف علاقوں میں نافذ کیے گئے لاک ڈاؤن پر پوری سنجیدگی کے ساتھ عمل کریں۔
وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ آج رات نصف شب سے، پورے ملک میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کیا جا رہا ہے، عوام پر 21 دنوں کی مدت کے لئے اپنے گھروں سے باہر نکلنے مکمل پابندی لگائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ صحتی شعبے کے ماہرین اور دیگر ممالک سے حاصل ہوئے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے لیا گیا ہے اور یہ 21 دن اس مہلک وبا کی چین کو توڑنے کے لئے انتہائی اہم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ لاک ڈاؤن جنتا کرفیو سے ذرا سا اوپر اور اس سے زیادہ سخت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کورونا وبا کے خلاف ملک اور اس کے ہر ایک شہری کے تحفظ کے لئے اہم ہے۔
اس وبا کے معیشت پر رونما ہونے والے اثرات کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا، ’’ ملک کو اس لاک ڈاؤن کے نتیجے میں معاشی طور پر قیمت چکانی ہوگی۔ تاہم، ہر ایک ہندوستانی کی زندگی کو بچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ اسی لئے، میری آپ سبھی سے درخواست ہے کہ آپ ملک میں اس وقت جہاں کہیں بھی ٹھہرے ہوں، وہیں رکے رہیں۔‘‘
وزیر اعظم مودی نے تفصیل کے ساتھ بتایا کہ اگر اس صورتحال پر آئندہ 3 ہفتوں کے دوران قابو نہیں پایا گیا، تو ملک 21 برس پیچھے چلا جائے گا اور کئی کنبے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے تباہ ہو جائیں گے۔ اسی لیے، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آئندہ 21 دنوں کے دوران صرف ایک کام کریں، وہ یہ کہ اپنے گھروں میں بند رہیں۔
وزیر اعظم نے کہاکہ کورونا پر قابو پانے والے ممالک سے حاصل ہوئے تجربے سے امید کی روشنی نظر آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن ممالک نے اپنے یہاں لاک ڈاؤن نافذ کیا اور جہاں عوام نے حکومت کے ذریعہ جاری کی گئیں ہدایات پر عمل کیا، وہ ممالک اس وبا پر قابو پاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا، ’’بھارت اس دور میں ہے جب ہمارا آج کا عمل اس بات کو ثابت کرے گا کہ ہم اس تباہی کے اثرات کو کس حد تک کم کر سکتے ہیں۔ یہ وقت اپنے عزم کو مضبوط بنائے رکھنے کا ہے۔ یہ وقت ہر قدم پر احتیاط برتنے کا ہے۔ آپ کو یہ ذہن نشین کرلینا چاہئے کہ جان ہے تو جہان ہے۔ یہ وقت صبر و تحمل اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنے کا ہے۔ جب تک لاک ڈاؤن نافظ رہے گا، ہمیں اپنے عزم کو زندہ رکھنا ہے، ہمیں اپنے وعدے پر قائم رہنا ہے۔‘‘
وزیر اعظم نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں اس امر کو یقینی بنانے کے لئے تیزی سے کام کر رہی ہیں کہ شہری اپنی روزمرہ کی زندگی میں کسی طرح کی دقت کا سامنا نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ ضروری اشیاء کی بلاروک ٹوک فراہمی کے تیاریاں کی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے ساتھ، سول سوسائیٹی سے تعلق رکھنے والے افراد اور ادارے اس مشکل دور میں غربا کی پریشانیوں کو دور کرنے کے لئے جی جان سے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔
شری مودی نے کہا کہ حکومت نے میڈیکل انفراسٹرکچر اور کورونا سے متاثر مریضوں کے علاج کے لئے 15ہزار کروڑ روپئے فراہم کرانے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے عوام سے اس ماحول میں پھیلنے والی کسی بھی طرح کی افواہ اور توہم پرستی ہوشیار رہنے کی اپیل کی۔ انہوں نے عوام سے گذارش کی کہ اگر آپ کو اپنے جسم میں اس وبائی مرض کے آثار نظر آرہے ہوں تو بغیر ڈاکٹر کے مشورے سے دوا نہ لیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہر ہندوستانی مصیبت کی اس گھڑ میں حکومت اور مقامی حکام کی جانب سے جاری کی گئیں ہدایت پر پوری طرح عمل کرے گا۔
وزیر اعظم مودی نے ہر اس ہندوستانی کی ستائش کی جس نے مصیب کی اس گھڑ میں جنتا کرفیو کو کامیاب بنانے کے لئے آگے آکر پوری ذمہ داری کے ساتھ اپنا تعاون دیا۔ انہوں نے کہا، ’’ایک دن کے جنتا کرفیو کے توسط سے ، بھارت نے یہ ثابت کردیا کہ مصیبت کے وقت میں جبکہ انسانیت پر ایک خطرہ منڈرا رہا ہے، ہر بھارتی کس طرح اس بیماری سے نمٹنے کے لئے متحد ہوا ہے۔‘‘
وزیر اعظم نے آخر میں کہا کہ حالانکہ 21 دن کا وقت ایک طویل عرصہ ہے، تاہم یہ آپ اور آپ کے کنبے کے تحفظ کے لئے بھی اتناہی اہم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہر بھارتی نہ صرف یہ کہ اس مشکل صورتحال کا کامیابی کےساتھ سامنا کرے گا بلکہ فاتح ہو کر بھی ابھرے گا۔
***
U-1394
(Release ID: 1608040)
Visitor Counter : 1008
Read this release in:
Kannada
,
Malayalam
,
English
,
Hindi
,
Marathi
,
Bengali
,
Assamese
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Odia
,
Tamil
,
Telugu