57 ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا میں باوقار 'آئی سی ایف ٹی-یونیسکو گاندھی میڈل' کے لیے دس افسانوی فیچر فلموں کے درمیان مقابلہ ہے، جو امن، رواداری، ہمدردی، سماجی انصاف اور بین الثقافتی مکالمے جیسے موضوعات کا احاطہ کرتی ہیں۔ فیسٹیول کے موقع پر پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) کے زیرِ اہتمام منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں 'آئی سی ایف ٹی-یونیسکو گاندھی میڈل' جیوری کے رکن جناب منوج قدم اور افی کے کری ایٹو ڈائریکٹر جناب پنکج سکسینہ نے میڈیا سے گفتگو کی۔
اس گفتگو کے دوران خطاب کرتے ہوئے جناب منوج قدم نے منتخب کردہ فلموں کے اس مشترکہ عزم کو اجاگر کیا کہ سنیما کو بامقصد خیالات کے ابلاغ اور امن کے کلچر کو فروغ دینے کے ایک ذریعے کے طور پر استعمال کیا جائے۔

فلموں کی جانچ کے حوالے سے جیوری کے نقطہ نظر کی وضاحت کرتے ہوئے منوج قدم نے کہا کہ سب سے اولین ترجیح کہانی کا انسانی پہلو اور گاندھیائی نظریات، بالخصوص عدم تشدد اور سنیما کے ذریعے امن کے فروغ سے اس کی ہم آہنگی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلم کی جمالیاتی اور تکنیکی خوبیاں، اور اس کے ساتھ وہ خلوص اور پختہ یقین جس کے ذریعے فلم ساز اپنا مطلوبہ پیغام ناظرین تک پہنچاتا ہے، بھی جانچ کے اہم پہلو تھے۔
رواں سال کے افی کے مرکزی موضوع 'اسٹوریز بیونڈ بارڈرز' کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منتخب کردہ فلمیں ناظرین کو دنیا کے مختلف حصوں کی سیر کراتی ہیں اور انہیں انجان ثقافتوں اور نئے زاویہ ہائے نظر کو سمجھنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا، 'ہر فلم کی اپنی ایک صلاحیت اور جمالیاتی اقدار ہوتی ہیں۔ یہ اس ملک کے سماجی، معاشی اور ثقافتی پہلوؤں کی عکاسی کرتی ہے۔ جو فلمیں پوری دنیا کا سفر کر رہی ہیں، وہ جیوری کے اراکین کو بھی اپنے ساتھ سفر کرا رہی ہیں تاکہ وہ ان کی ثقافت کو جان سکیں۔ یہی سنیما کی اصل طاقت ہے، جو آپ کا پوری دنیا سے تعارف کراتی ہے۔'
مقابلے میں شامل چند فلموں کا ذکر کرتے ہوئے منوج قدم نے فلم 'اسٹرابیریز' کو خواتین کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے خلاف جدوجہد کی عکاسی اور خواتین کی طاقت کے اعتراف کے طور پر پیش کیا۔ انہوں نے فلم 'دی فال آف دی کوئین' کی جانب بھی اشارہ کیا، جو ادویات کے پیٹنٹ اور صحت کی سہولیات تک رسائی سے متعلق خدشات کو اجاگر کرتی ہے، جبکہ فلم 'اسکرول' نوجوان نسل کے لیے ایک اہم پیغام لیے ہوئے ہے۔ انہوں نے اس بات کو سراہا کہ کئی فلمیں محض سماجی مسائل کی تصویر کشی کرنے سے آگے بڑھ کر ناظرین کو قابلِ عمل حل کے بارے میں سوچنے کی ترغیب دیتی ہیں۔ انہوں نے یہ رائے بھی دی کہ صرف ناظرین کا ردعمل ہی کسی فلم کے معیار کا تعین نہیں کر سکتا۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے افی کے آرٹسٹک ڈائریکٹر پنکج سکسینہ نے کہا کہ آئی سی ایف ٹی-یونیسکو کا منشور ان فلموں کے انتخاب کے لیے ایک واضح خاکہ فراہم کرتا ہے جو رواداری، امن، باہمی افہام و تفہیم اور بین الثقافتی تبادلے کو فروغ دیتی ہیں۔ انہوں نے معاشرے کی تشکیل میں سنیما کی ذمہ داری کو اجاگر کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اس ذریعے کے استعمال کے طریقے پر منحصر ہے کہ فلمیں فائدہ مند ثابت ہوتی ہیں یا نقصان دہ۔
سکسینہ نے کہا کہ 'گلوبل ساؤتھ' کے معاشرے، بالخصوص وہ معاشرے جو تیز رفتار سماجی اور ثقافتی تبدیلیوں سے گزر رہے ہیں، سنیما کی تخلیقی صلاحیتوں کے لیے نہایت زرخیز زمین فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کینیا، ہیٹی اور ترکی جیسے ممالک کی فلمیں ناظرین کو بدلتے ہوئے سماجی حقائق اور ثقافتی حرکیات کے بارے میں قیمتی بصیرت فراہم کرتی ہیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فلم سازوں کے لیے یہ ضروری نہیں کہ وہ ہمیشہ سماجی مسائل کا حتمی حل ہی پیش کریں، کیونکہ اہم اور برمحل سوالات اٹھانا اور عوامی سوچ کو بیدار کرنا بھی فن کے اتنے ہی بنیادی فرائض ہیں۔ انہوں نے کہا، 'ایک فنکار کا کام حل پیش کرنا بھی ہو سکتا ہے، لیکن یہ بھی ہو سکتا ہے کہ وہ ایسے سوالات چھوڑ دے جن پر غور و فکر جاری رہے۔ یہ بالکل ٹھیک ہے، اور ہم دونوں طرح کے فنکاروں کی قدر کرتے ہیں۔'
اس سوال کے جواب میں کہ کون سی چیزیں کہانیوں کو جغرافیائی اور ثقافتی سرحدوں سے ماورا ہونے کے قابل بناتی ہیں، سکسینہ نے جمالیات اور مطابقت—یعنی ہیئت اور مواد—کو بنیادی عناصر قرار دیا۔
جناب مہیش کمار نے پریس کانفرنس کی نظامت کی
آئی سی ایف ٹی – یونیسکو گاندھی ماڈل کے بارے میں
یونیسکو کے زیرِ سرپرستی پیرس کے 'انٹرنیشنل کونسل فار فلم، ٹیلی ویژن اینڈ آڈیو ویژول کمیونیکیشن' (آئی سی ایف ٹی) کے اشتراک سے افی کے 46ویں ایڈیشن میں قائم کیا گیا 'آئی سی ایف ٹی-یونیسکو گاندھی میڈل' ان فلموں کی پذیرائی کرتا ہے جو مہاتما گاندھی کے عدم تشدد، رواداری، بین الثقافتی افہام و تفہیم اور امن کے کلچر کے نظریات کی عکاسی کرتی ہیں۔ رواں سال کے مقابلے کے لیے منتخب کی گئی دس فلمیں متنوع ثقافتی پس منظر سے جڑی کہانیوں کو ایک ساتھ لاتی ہیں، جو انسانی رشتوں، سماجی چیلنجز اور مشترکہ اقدار کو اجاگر کرتی ہیں۔
اِفی لوئیڈ کے بارے میں یہاں ملاحظہ کریں: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
***
(ش ح –ا ب ن)
U.No:8337