ہندوستانی سنیما میں ایسے فلم ساز بھی گزرے ہیں جن کا تخلیقی سفر وقت سے پہلے ختم ہو گیا، لیکن ان کا کام آج بھی اہمیت کا حامل ہے۔ اوتار کول بھی ایسے ہی ایک فلم ساز تھے۔ ان کی واحد فیچر فلم ’27 ڈاؤن‘ (1974) کو ہندوستانی سنیما کی اہم فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔
اوتار کول کی زندگی اور سنیما کے ورثے کا احاطہ پبلیکیشنز ڈویژن کی شائع کردہ کتاب ’اوتار کول: (نا)مکمل کہانی‘ میں کیا گیا ہے۔ ونود کول کی تحریر کردہ اس کتاب میں خطوط، تصاویر، ذاتی یادوں اور گفتگو کو یکجا کرکے فلم ساز کی زندگی اور ان کے تخلیقی سفر کو دستاویزی شکل دی گئی ہے۔ اس کتاب کا اجراء 21 نومبر 2026 کو گوا میں منعقدہ بھارت کے 57ویں بین الاقوامی فلم فیسٹیول (آئی ایف ایف آئی) کے دوران کیا گیا۔

23 نومبر کو آئی ایف ایف آئی کے دوران منعقدہ ایک نشست میں مصنف ونود کول نے کتاب کی تخلیق کے پس منظر اور اوتار کول کی کہانی کو وسیع تر قارئین تک پہنچانے کی اپنی کوششوں کے بارے میں گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ کتاب لکھنے کا خیال کسی فلم ساز پر کتاب تحریر کرنے کے منصوبے سے شروع نہیں ہوا تھا، بلکہ یہ اپنے چچا کے بارے میں مزید جاننے کی ایک ذاتی کوشش تھی، جن کا انتقال اس وقت ہو گیا تھا جب ونود کول دوسری جماعت میں زیر تعلیم تھے۔
انہوں نے یاد کیا کہ کس طرح انہوں نے اپنے چچا کی تصاویر، خطوط اور دیگر دستاویزات جمع کرنا شروع کیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ یہ ذاتی تلاش اوتار کول کی زندگی اور ہندوستانی سنیما میں ان کے کردار کو سمجھنے کی ایک گہری کوشش میں تبدیل ہو گئی۔
ونود کول نے کہا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ انہیں ’27 ڈاؤن‘ کی اہمیت کا احساس ہوا۔ وہ اکثر سوچتے تھے کہ اتنی غیر معمولی صلاحیت رکھنے والے اور ایسی قابل ذکر فلم بنانے والے فلم ساز کو وسیع پیمانے پر شہرت کیوں نہیں ملی۔ اسی خیال نے انہیں اوتار کول کی زندگی پر تحقیق کرنے اور ان کی کہانی نئی نسل اور مستقبل کے فلم سازوں تک پہنچانے کی ترغیب دی۔
کتاب کے عنوان ’دی (اِن) کمپلیٹ اسٹوری‘ کی وضاحت کرتے ہوئے ونود کول نے کہا کہ اوتار کول اور ان کے کام کے بارے میں بہت کم لکھا گیا ہے۔ یہ کتاب ان کی زندگی کی کہانی کو یکجا کرنے کی کوشش ہے، اس لحاظ سے اسے مکمل کہا جا سکتا ہے۔ تاہم، ان کی زندگی اور تخلیقی سفر نامکمل ہی رہے۔ ان کی ازدواجی زندگی مختصر تھی اور انہوں نے صرف ایک فلم بنائی۔ مصنف نے کہا کہ اگر اوتار کول زیادہ عرصے تک زندہ رہتے تو ممکن ہے کہ وہ مزید کئی فلمیں بناتے۔
اپنی تحقیق کے دوران پیش آنے والے ایک جذباتی تجربے کا ذکر کرتے ہوئے ونود کول نے بتایا کہ انہیں معلوم ہوا کہ ان کی چچی این کول، جن کا تعلق امریکہ سے تھا، بھی انتقال کر چکی تھیں۔ خاندان کو ان کی موت کے بارے میں علم نہیں تھا۔ انہوں نے اس انکشاف کو ایک بڑا صدمہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحقیق کے دوران کئی غیر متوقع اور جذباتی حقائق سامنے آئے۔
سنیما اور ادب کے باہمی تعلق پر بات کرتے ہوئے ونود کول نے کہا کہ دونوں کا ہمیشہ سے گہرا رشتہ رہا ہے اور بہت سی فلمیں ناولوں، کہانیوں اور دیگر ادبی تخلیقات سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہیں۔ انہوں نے اس تعلق کو اجاگر کرنے اور فلم سازوں کی زندگیوں اور سنیما سے وابستہ تخلیقات کو قارئین تک پہنچانے کی پبلیکیشنز ڈویژن کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اوتار کول کی کہانی کو وسیع تر قارئین تک پہنچانے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنے پر ڈویژن کا شکریہ بھی ادا کیا۔
نوجوان فلم ساز اوتار کول سے کیا سیکھ سکتے ہیں، اس سوال پر ونود کول نے کہا کہ انہیں اپنے تخلیقی انتخاب کے تئیں ثابت قدم رہنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ جس دور میں ’زنجیر‘، ’بابی‘ اور ’یادوں کی بارات‘ جیسی مین اسٹریم فلمیں مقبول تھیں، اس وقت اوتار کول نے اپنی دلچسپی کے مطابق آرٹ فلم بنانے کا فیصلہ کیا۔ ونود کول نے نوجوان فلم سازوں کو مشورہ دیا کہ وہ ’27 ڈاؤن‘ کے کہانی بیان کرنے کے انداز، فنی ہنر، پیغام اور فلم سازی کے طریقے کا مطالعہ کریں۔
سنیما کے ورثے کا تحفظ
’اوتار کول: نامکمل کہانی‘ محض ایک فلم ساز کی زندگی کا ریکارڈ نہیں، بلکہ ذاتی یادوں کو ہندوستانی سنیما کے ایک اہم باب سے دوبارہ جوڑنے کی کوشش بھی ہے۔ اپنے چچا کو سمجھنے کے لیے ایک بھتیجے کی ذاتی تلاش سے شروع ہونے والا یہ سفر اب اوتار کول کی زندگی اور سنیما میں ان کے کردار کو عوامی یادداشت میں دوبارہ زندہ کرنے کی کوشش بن چکا ہے۔
اس اشاعت کے ذریعے پبلیکیشنز ڈویژن کا مقصد اوتار کول جیسے فلم سازوں کی خدمات کو دستاویزی شکل دینا اور ان کے تخلیقی ورثے سے قارئین، طلبہ اور سنیما کے شائقین کی نئی نسل کو روشناس کرانا ہے۔
Read IFFILOID here: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
******
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 8183)