گوا، 20 نومبر 2026
ویوز فلم بازار کے 20ویں ایڈیشن کا افتتاح آج گوا کے تاج سِیڈیڈے ڈی گوا ہورائزن میں کیا گیا۔ اس موقع پر ہندوستانی اور بین الاقوامی فلمی صنعتوں کے درمیان روابط کو فروغ دینے کے دو عشروں کا سفر مکمل ہوا۔ وزارت اطلاعات و نشریات کے تحت نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایف ڈی سی) کے زیر اہتمام پانچ روزہ اس فلمی بازار میں فلم ساز، پروڈیوسر، مصنفین، سرمایہ کار، تقسیم کار اور صنعت سے وابستہ دیگر پیشہ ور افراد ایک جگہ جمع ہوں گے، جہاں وہ باہمی تعاون کے امکانات تلاش کرنے اور تخلیقی پروجیکٹوں کو عالمی منڈیوں تک پہنچانے کے لیے تبادلۂ خیال کریں گے۔
افتتاحی تقریب سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے وزارت اطلاعات و نشریات کے سکریٹری جناب چنچل کمار نے فلم بازار کی غیر معمولی ترقی کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 2007 میں 18 ممالک کے 204 مندوبین کی شرکت سے شروع ہونے والا یہ سفر حالیہ ایڈیشنوں میں 2500 سے زائد مندوبین کی شرکت تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے ویوز فلم بازار کو ایک ایسا پلیٹ فارم قرار دیا جو تخلیقی تصورات کو تجارتی مواقع میں تبدیل کرتا ہے۔
وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی جانب سے ویوز 2025 میں پیش کیے گئے ‘ہندوستان میں تخلیق کریں، دنیا کے لیے تخلیق کریں’ کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے ہندوستانی تخلیقی صلاحیتوں کے حامل افراد کو بین الاقوامی منڈیوں اور مواقع تک زیادہ سے زیادہ رسائی فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے فلم بازار کو باہمی اشتراک اور نئے امکانات کی تلاش کا ایک پلیٹ فارم قرار دیتے ہوئے دنیا بھر کے فلم سازوں کو دعوت دی کہ وہ اس تجارتی پلیٹ فارم سے بھرپور فائدہ اٹھائیں، جہاں کہانیاں شراکت داری کی شکل اختیار کر سکتی ہیں اور تخلیقی صلاحیتیں دیرپا معاشی اور ثقافتی قدر پیدا کر سکتی ہیں۔

اطلاعات و نشریات کی وزارت کے سکریٹری، جناب چنچل کمار
مہمان اعزازی کی حیثیت سے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فیسٹیول کے ڈائریکٹر جناب آشوتوش گوواریکر نے ہندوستانی فلم سازوں اور بین الاقوامی فلمی صنعت سے وابستہ پیشہ ور افراد کو ایک ساتھ لانے میں فلم بازار کے منفرد کردار کو اجاگر کیا۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ یہ پلیٹ فارم فلم سازوں کے تخلیقی سفر کے ہر مرحلے میں ان کے ساتھ رہتا ہے، انہوں نے کہا کہ ویوز فلم بازار کسی فلم کے مکمل ہونے کا انتظار نہیں کرتا، بلکہ تخلیقی عمل کے دوران ہی فلم سازوں سے رابطہ قائم کرتا ہے۔ چاہے کسی فلم ساز کا اسکرپٹ نامکمل ہو یا اس کی فلم مکمل ہو چکی ہو اور وہ ناظرین تک پہنچنے کے لیے موزوں پلیٹ فارم کی تلاش میں ہو، یہ تجارتی پلیٹ فارم ایسے افراد کو ایک ساتھ لاتا ہے جو اس پروجیکٹ کو آگے بڑھانے میں مدد کر سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح ایک سادہ سی گفتگو، جو اکثر کافی پینے کی دعوت سے شروع ہوتی ہے، بامعنی اشتراک کے نئے راستے کھول سکتی ہے۔

جناب آشوتوش گوواریکر، فیسٹیول ڈائریکٹر
سنیما کی انقلابی قوت کو اجاگر کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ لوگوں کو چیزوں کو ایک نئے زاویے سے دیکھنے کے قابل بنانا ایک نعمت ہے۔ انہوں نے مندوبین پر زور دیا کہ وہ ان چار دنوں سے بھرپور استفادہ کریں، اجنبی لوگوں سے میل جول بڑھائیں، اپنے خیالات، خصوصاً نامکمل پروجیکٹوں کو دوسروں کے ساتھ شیئر کریں اور اس امید کے ساتھ مواقع تلاش کریں کہ انہیں کسی جانب سے مثبت جواب مل سکتا ہے۔
اجتماع کا خیرمقدم کرتے ہوئے این ایف ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب دھیراج سنگھ نے فلم بازار کو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) کا ایک لازمی حصہ قرار دیا اور کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں سے یہ پلیٹ فارم اس فیسٹیول کے ساتھ اپنی وابستگی برقرار رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلم بازار اب ایک بہت بڑے اور وسیع پلیٹ فارم کی شکل اختیار کر چکا ہے، جس کے دائرہ کار اور فلمی صنعت کے لیے مواقع میں بھی وسعت آئی ہے۔

دائیں جانب سے: جناب پربھات، ایڈیشنل سکریٹری، وزارت اطلاعات و نشریات؛ جی کرشن کمار، چیئرمین، این ایف ڈی سی؛ جناب چنچل کمار، سکریٹری، وزارت اطلاعات و نشریات؛ جناب آشوتوش گوواریکر، فیسٹیول ڈائریکٹر؛ اور جناب دھیراج سنگھ، منیجنگ ڈائریکٹر، این ایف ڈی سی۔
اطلاعات و نشریات کی وزرات کے ایڈیشنل سکریٹری جناب پربھات نے اظہار تشکر پیش کیا۔ افتتاحی تقریب میں این ایف ڈی سی کے چیئرمین جناب جی کرشن کمار نے بھی شرکت کی۔
ویوز فلم بازار کے دو دہائیاں مکمل کرنے کے ساتھ ہی اس کا کردار فلمی صنعت سے وابستہ افراد کو ایک ساتھ لانے سے آگے بڑھ کر کہانیوں کو مزید دور تک پہنچانے کے امکانات پیدا کرنے تک وسیع ہو گیا ہے۔ دنیا بھر کے فلم سازوں کو پروڈیوسروں، مصنفین، سرمایہ کاروں اور تقسیم کاروں سے جوڑ کر یہ تجارتی پلیٹ فارم اس بات کی کوشش کرتا ہے کہ امید افزا خیالات کو مناسب شراکت دار ملیں اور ہندوستان کی متنوع کہانیوں کو بین الاقوامی ناظرین تک پہنچنے کے مواقع حاصل ہوں۔ اس کا بنیادی مقصد ایک ایسی فضا قائم کرنا ہے جہاں بات چیت سے باہمی اشتراک کی راہیں کھلیں اور تخلیقی امکانات پردۂ سیمیں تک پہنچ سکیں۔
Read IFFILOID here: https://www.pib.gov.in/iffi/57/iffiLoid.aspx?yr=2026&lang=1®=48
***
ش ح۔ ش آ ۔م الف
U. No- 7970