پوسٹ کرنے کی تاریخ:
15 NOV 2026 8:56PM by PIB Delhi
موسیقی کےنوجوان فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور ہندوستان کی مالامال اور متنوع موسیقی کی وراثت کو آگے بڑھانے کیلئے ایک اہم پہل کے تحت آکاشوانی ‘اے آئی آر اُبھرتے ستارے’ (اے آئی آر رائزنگ اسٹارز) کے پہلے سیزن کا آغاز کر رہا ہے۔ یہ خصوصی موسیقی پروگراموں کی ایک ملک گیر سیریز ہے، جس میں صرف 30 سال سے کم عمر کے نوجوان فنکار ہی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ اس موسیقی سیریز کا پہلا سیزن 17 نومبر سے 30 نومبر 2026 تک ملک بھر کے 26 مقامات پر منعقد کیا جائے گا۔ یہ پروگرام نوجوان اور ابھرتے ہوئے موسیقی کے فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور زیادہ سے زیادہ سامعین و ناظرین تک پہنچنے کے لیے ایک باوقار قومی پلیٹ فارم فراہم کریں گے۔
یہ پہل آکاشوانی کے 90 سالہ جشن کے ایک حصے کے طور پر کی جا رہی ہے۔ یہ پروگرام مختلف نسلوں کے موسیقی کے فنکاروں کو تلاش کرنے، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں فروغ دینے کے تئیں آکاشوانی کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ‘اے آئی آر اُبھرتے ستارے’ کا مقصد نئی نسل کے فنکاروں کو اسٹیج پر موقع فراہم کرکے اس وراثت کو آگے بڑھانا ہے۔
نوجوان اور ابھرتے ہوئے فنکاروں پر خصوصی توجہ
ان موسیقی پروگراموں میں بنیادی طور پر آکاشوانی سے وابستہ 30 سال سے کم عمر کے تسلیم شدہ نوجوان فنکار شامل ہوں گے، جو موسیقی کی مختلف اصناف اور روایات کی نمائندگی کرتے ہیں۔ اگر کسی مخصوص زمرے میں مناسب تسلیم شدہ نوجوان فنکار دستیاب نہ ہوں تو مقررہ رہنما خطوط کے مطابق اور متعلقہ آکاشوانی مرکز کے انتخاب کی بنیاد پر اہل غیر تسلیم شدہ نوجوان فنکاروں کو بھی موقع دیا جا سکتا ہے۔
ان پروگراموں میں ہندوستان کی موسیقی کی وراثت کا تنوع دیکھنے کو ملے گا۔ اس میں ہندوستانی کلاسیکی موسیقی (گائیکی اور ساز)، کرناٹک کلاسیکی موسیقی (گائیکی اور ساز)، ہلکی پھلکی موسیقی اور لوک موسیقی، مغربی موسیقی کے علاوہ متعلقہ آکاشوانی مراکز کی ضروریات کے مطابق دیگر علاقائی موسیقی کی اصناف بھی شامل ہوں گی۔
ملک گیر سطح پر26 مقامات پر جشن
یہ موسیقی پروگرام آکاشوانی کے 26 مراکز کے ذریعے منعقد کیے جائیں گے۔ ان مراکز میں شملہ، دہرہ دون، دہلی، لکھنؤ، وارانسی، جے پور، جالندھر، سورت گڑھ، حیدرآباد، وجے واڑہ، دھارواڑ، بنگلورو، میسورو، مدورئی، ترواننت پورم، تروچیراپلی، کولکاتا، امپھال، ممبئی، احمد آباد، سانگلی، ناگپور، پڈوچیری، جموں، گوہاٹی اور رام پور شامل ہیں۔
ہر مرکز اپنے علاقے کے باصلاحیت نوجوان فنکاروں کو شامل کرتے ہوئے کسی موزوں مقام پر ایک موسیقی پروگرام منعقد کرے گا۔ ان فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور اس پہل کو نوجوان موسیقی کے فنکاروں کے ملک گیر جشن کے طور پر منانے کے لیے نامور شخصیات، موسیقی کے شائقین، نوجوانوں کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھنے والی شخصیات، طلبہ اور عام لوگوں کو بھی مدعو کیا جائے گا۔
مختلف پلیٹ فارموں پر نشریات اور ڈیجیٹل رسائی
اے آئی آر اُبھرتے ستارے: سیزن-1 کی ایک اہم خصوصیت مختلف پلیٹ فارموں پر اس کی وسیع پیمانے پر نشریات اور ڈیجیٹل رسائی ہے، جس کے ذریعے نوجوان فنکاروں کی پیشکشیں پروگرام کے مقام تک محدود رہنے کے بجائے ملک بھر کے سامعین و ناظرین تک پہنچیں گی۔
ان موسیقی پروگراموں کو آکاشوانی کے مراکز کے نیٹ ورک کے ذریعے نشر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ انہیں دوردرشن، آکاشوانی کے‘راگم’ یوٹیوب چینل، آکاشوانی کے 26 مراکز کے یوٹیوب چینلوں، ‘نیوز آن ایئر’ موبائل ایپ اور پرسار بھارتی کے‘ویوز او ٹی ٹی’ پلیٹ فارم پر بھی دکھایا جائے گا۔ نشریات کی یہ مربوط حکمت عملی ریڈیو، ٹیلی ویژن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کے ذریعے نوجوان فنکاروں کو وسیع تر سامعین و ناظرین تک پہنچنے کا موقع فراہم کرے گی۔
بہترین تین پیشکش کیلئے نقد انعامات
نوجوان فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارموں پر ان کی مقبولیت کو فروغ دینے کے لیے ان تین فنکاروں کو نقد انعامات اور اسناد دی جائیں گی، جن کی پیشکش کو 15 جنوری 2027 تک یوٹیوب پر سب سے زیادہ بار دیکھا جائے گا۔
پہلا انعام: 20,000 روپے
دوسرا انعام: 15,000 روپے
تیسرا انعام: 10,000 روپے
یہ پہل نوجوان فنکاروں کو مزید شناخت دلانے کے ساتھ ساتھ انہیں ڈیجیٹل پلیٹ فارموں کے ذریعے زیادہ سے زیادہ سامعین و ناظرین تک اپنی رسائی بڑھانے کے لیے بھی ترغیب دے گی۔
قابل ذکر ہے کہ آکاشوانی میں ‘آکاشوانی سنگیت سمیلن’منعقد کرنے کی ایک طویل روایت رہی ہے، جس کے اب تک 67 ایڈیشن کامیابی کے ساتھ مکمل ہو چکے ہیں۔ آکاشوانی سنگیت سمیلن اعلیٰ ترین اور ‘اے’ زمرے کے ممتاز فنکاروں کو اپنی موسیقی کی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ اس کے برعکس ‘اے آئی آر اُبھرتے ستارے’ایک منفرد پہل ہے، جس کا مقصد تسلیم شدہ نوجوان فنکاروں کو ایک مخصوص پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ ان فنکاروں کو آکاشوانی کے زیر اہتمام ایسے باوقار موسیقی پروگراموں میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع اکثر محدود ہی مل پاتے ہیں۔
’اے آئی آر اُبھرتے ستارے’ کے ذریعے آکاشوانی کا مقصد موسیقاروں کی نئی نسل کے لیے ایک مخصوص قومی پلیٹ فارم تیار کرنا اور ہندوستان کی دیرپا موسیقی روایات اور نوجوان نسل کے درمیان رشتے کو مزید مضبوط بنانا بھی ہے۔ یہ پہل ہندوستان کی مالامال ثقافتی اور موسیقی کی وراثت کو فروغ دینے اور ابھرتی ہوئی موسیقی کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں آکاشوانی کے دیرینہ کردار کو مزید مستحکم کرے گی۔
***
ش ح۔ ک ا۔ م ش
U.NO. 7701