گوا، 15 نومبر 2026
ستاونویں(57)ہندوستانی بین الاقوامی فلمی میلے (آئی ایف ایف آئی) میں شرکت کرنے والے سنیما کے شائقین کے لیے ایک خاص سوغات پیش کی جا رہی ہے، کیونکہ اس میلے میں ہسپانوی سنیما کی رنگا رنگی اور تنوع کو اجاگر کیا جائے گا۔ اسپین کو‘اعزازی ملک ’ کا درجہ دیے جانے کے تحت، آئی ایف ایف آئی میں عصری ہسپانوی سنیما کی چار منتخب فلموں کی خصوصی نمائش کی جائے گی، جن میں عالمی، ایشیائی اور ہندوستانی سطح پر پہلی بار پیش کی جانے والی فلمیں بھی شامل ہیں۔ اس خصوصی نمائش کے ذریعے ناظرین کو عصری ہسپانوی سنیما کی دلکشی، تخلیقی صلاحیتوں اور کہانی سنانے کے بدلتے ہوئے انداز سے روشناس ہونے کا موقع ملے گا۔
اس سال آئی ایف ایف آئی میں پیش کی جانے والی ہسپانوی فلموں کی دلچسپ فہرست میں درج ذیل فلمیں شامل ہوں گی:
بِٹر کرسمس (امرگا نواداد)
دو مرتبہ آسکر ایوارڈ جیتنے والے فلم ساز پیڈرو المودووار کی 2026 کی حالیہ فلم میں فلم سازی کے دوران ذاتی تجربات اور حقیقی واقعات کو موضوع بنانے کے خطرات کا جائزہ لیا گیا ہے۔ اس فلم میں یہ سوال اٹھایا گیا ہے کہ ایک سچی اور حقیقت پسندانہ کہانی پیش کرنے کی جستجو میں فلم ساز کسی کی نجی زندگی کے کتنے پہلوؤں کو پردۂ سیمیں پر پیش کر سکتا ہے۔ کہانی راؤل نامی ایک معروف فلم ساز کے گرد گھومتی ہے، جو اپنی اگلی فلم کے لیے نئے موضوعات کی تلاش میں ہے۔ کہانی آگے بڑھنے کے ساتھ وہ اپنے ذاتی المیے کو ایک نئے فلمی مسودے کے لیے تحریک کا ذریعہ بناتا ہے۔
اس سال اس فلم کی نمائش کانز، ٹورنٹو اور سان سیبسٹین جیسے ممتاز فلمی میلوں میں کی گئی، جبکہ آئی ایف ایف آئی میں اسے ہندوستان میں پہلی بار پیش کیا جائے گا۔
لُکنگ فار مائیکل (پرسیگینڈو اے مائیکل)
جوانا ماسیاس کی ہدایت کاری میں بننے والی 2026 کی اس فلم میں ایک ایسی نوجوان خاتون کی کہانی بیان کی گئی ہے جسے پارکنسنز کی بیماری لاحق ہے۔ وہ زندگی کی جانب سے دی گئی اس آزمائش کے سامنے ہمت ہارنے اور مایوسی کا شکار ہونے کے بجائے، زندگی کو ایک نئے انداز سے جینے کا فیصلہ کرتی ہے۔ اپنی ہی طرح اس بیماری میں مبتلا افراد پر مشتمل موسیقی کے ذریعے علاج کے گروپ کی مدد سے وہ معروف اداکار مائیکل جے فاکس سے ملاقات کرنے کا سفر شروع کرتی ہے، جو خود بھی پارکنسنز کی بیماری کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔ مزاحیہ اور ڈرامائی انداز میں بنائی گئی یہ فلم آئی ایف ایف آئی 2026 میں عالمی سطح پر پہلی بار پیش کی جائے گی۔
دی بیڈ سن (المل ہیجو)
ہسپانوی اداکار اور ہدایت کار جائمے لورینتے کی بطور ہدایت کار پہلی فلم ایل مال ایخو آئی ایف ایف آئی 2026 میں ایشیا میں پہلی بار پیش کی جائے گی۔ اس فلم میں نسل در نسل منتقل ہونے والے صدمات اور خاندانی رشتوں کی پیچیدگیوں کو نہایت اثر انگیز انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ اس سے قبل سان سیبسٹین بین الاقوامی فلمی میلے میں نمائش کے لیے پیش کی جا چکی اس فلم کی کہانی ایک ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جسے 11 برس کی عمر میں اس کا والد چھوڑ کر چلا جاتا ہے اور وہ اپنی ایسی دادی کے ساتھ رہنے لگتا ہے جسے وہ بمشکل جانتا ہے۔ ماضی کی تلخ یادوں کا سامنا کرتے ہوئے اور اپنے خاندان کے پریشان کن ماضی کی حقیقتوں سے پردہ اٹھاتے ہوئے، وہ نسل در نسل منتقل ہونے والے جذباتی زخموں کے سلسلے کو ختم کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
ٹرینیڈاڈ
لورا الویا اور جوسے اورتونو کی ہدایت کاری میں بننے والی 2025 کی اس فلم میں انیسویں صدی کے اواخر کی ایک نوجوان ہسپانوی خاتون کی مہم جوئی کی کہانی بیان کی گئی ہے، جو فرار ہو کر وائلڈ ویسٹ (امریکہ کے مغربی سرحدی علاقے) پہنچ جاتی ہے۔ ایک جرم کے جھوٹے الزام میں پھنسنے کے بعد وہ خواتین کے ایک ایسے گروہ کے ساتھ مل جاتی ہے جو قانون شکنوں پر مشتمل ہے۔ اس کے بعد وہ ایک ایسے مہماتی سفر پر نکل پڑتی ہے جس میں سنسنی خیز کارروائیوں، خطرات اور انتقام کا عنصر نمایاں ہے۔ یہ ایکشن فلم آئی ایف ایف آئی 2026 میں عالمی سطح پر پہلی بار پیش کی جائے گی۔
*****
ش ح۔ش آ۔ج ا
U- 7697