عملے، عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ڈاکٹر جتیندر سنگھ ملک گیر ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ مہم 5 کا باضابطہ آغاز کریں گے


ملک گیر ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ مہم 5 کے تحت پورے بھارت کے 2,000 سے زائد شہروں اور قصبوں کا احاطہ کیا جائے گا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 05 NOV 2026 3:13PM by PIB Delhi

ڈاکٹر جتیندر سنگھ، سائنس و ٹیکنالوجی اور ارضیاتی علوم کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) نیز وزیر اعظم کے دفتر اور وزارتِ عملہ، عوامی شکایات و پنشن، جوہری توانائی اور خلائی امور میں وزیر مملکت، 6 نومبر 2026 کو نئی دہلی کے رائے سینا روڈ پر واقع نیشنل میڈیا سینٹر میں ملک گیر ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ (ڈی ایل سی) مہم 5 کا باضابطہ آغاز کریں گے۔

وزارتِ عملہ، عوامی شکایات و پنشن کے تحت محکمۂ پنشن و پنشنرز ویلفیئر (ڈی او پی پی ڈبلیو) کی جانب سے منعقد کی جانے والی یہ ایک ماہ طویل مہم 30 نومبر 2026 تک جاری رہے گی اور اس کے تحت ملک بھر کے 2,000 سے زائد شہروں اور قصبوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ اس پہل کا مقصد ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، بالخصوص جیون پرمان ایپ کے ذریعے چہرے کی تصدیق کے طریقۂ کار کو بروئے کار لاتے ہوئے پنشن یافتگان کے لیے لائف سرٹیفکیٹ جمع کرانے کے عمل کو مزید قابلِ رسائی، آسان اور پریشانی سے پاک بنانا ہے۔

یہ مہم سرکاری شعبے کے بینکوں، انڈیا پوسٹ پیمنٹس بینک (آئی پی پی بی)، یو آئی ڈی اے آئی، وزارتِ الیکٹرانکس و اطلاعاتی ٹیکنالوجی (میتئی)، پنشنرز ویلفیئر ایسوسی ایشنز اور اہم وزارتوں و محکموں، بشمول وزارتِ دفاع، ریلوے اور محکمۂ ڈاک، نیز محکمۂ ٹیلی مواصلات، ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن اور ریاستی حکومتوں کے اشتراک سے چلائی جا رہی ہے۔

اس مہم میں 80 سال اور اس سے زائد عمر کے انتہائی معمر پنشن یافتگان، خواتین پنشن یافتگان اور صحت سے متعلق مسائل کا سامنا کرنے والے افراد کی سہولت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ عمر یا معذوری کے باعث مہم کے مقامات تک پہنچنے سے قاصر پنشن یافتگان کے لیے گھر کی دہلیز پر اور گھر بیٹھے خدمات کی فراہمی کا بھی انتظام کیا جائے گا۔

افتتاحی تقریب کے دوران ڈاکٹر جتیندر سنگھ ملک گیر ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ مہم 4.0 کے دوران انجام دی گئی کامیابیوں اور اقدامات کو دستاویزی شکل دینے والے مجموعہ جاتی کتابچے اور کافی ٹیبل ای بک کا بھی اجرا کریں گے۔

افتتاحی تقریب میں متعلقہ وزارتوں، محکموں، بینکوں اور دیگر شراکت دار اداروں کے سینئر افسران کے ساتھ پنشنرز ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کی بھی شرکت متوقع ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 (ش ح ۔رک)

U. No.7271


(ریلیز آئی ڈی: 2333055) وزیٹر کاؤنٹر : 16