دیہی ترقیات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

وزارتِ دیہی ترقی نے وی بی–جی رام جی ایکٹ کے تحت شکایات کے ازالے سے متعلق قواعد 2026 نوٹیفائی کیے


شکایات کے فوری، شفاف اور مقررہ مدت میں ازالے کے لیے کثیر سطحی نظام اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم

شکایات درج کرانے کے لیے متعدد ذرائع، ان کا لازمی اندراج، ڈیجیٹل نگرانی اور حل نہ ہونے والی شکایات کو اعلیٰ سطح پر بھیجنے کا نظام

شکایات کی انکوائری 7 کام کے دنوں کے اندر مکمل کرنا اور ان کا ازالہ 15 دنوں کے اندر یقینی بنانا لازمی ہوگا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 02 NOV 2026 11:16AM by PIB Delhi

حکومتِ ہند کی وزارتِ دیہی ترقی نے وکست بھارت – روزگار اور ذریعۂ معاش کی ضمانت مشن(دیہی): وی بی–جی رام جی – شکایات کے ازالے سے متعلق قواعد، 2026 نوٹیفائی کیے ہیں۔ ان قواعد کے تحت اسکیم کے نفاذ سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے ایک منظم، کثیر سطحی اور مقررہ مدت پر مبنی نظام قائم کیا گیا ہے۔ ان قواعد کا مقصد شکایات کے ازالے کے عمل کو مزید قابلِ رسائی، شفاف اور جواب دہ بنانا ہے، تاکہ شہریوں کی شکایات پر بروقت توجہ دی جا سکے اور مناسب کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔

شکایات کے ازالے کا کثیر سطحی نظام

ان قواعد کے تحت ریاستی حکومتوں کو گرام پنچایت، بلاک اور ضلع کی سطح پر مقررہ مدت کے اندر شکایات کے ازالے کے لیے کثیر سطحی نظام قائم کرنا ہوگا۔ متعلقہ سطحوں پر نامزد شکایات ازالہ افسران شکایات وصول کرنے، ان کا اندراج کرنے، ان کی انکوائری کرنے اور ان کا تصفیہ کرنے کے ذمہ دار ہوں گے۔

ضلع پروگرام کوآرڈینیٹر ضلعی سطح پر شکایات کے ازالے کے عمل کی نگرانی کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ نامزد نظام اور شکایات کے ازالے کے لیے ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کے ذریعے شکایات کا مناسب ازالہ کیا جائے۔

شکایات درج کرانے کے متعدد ذرائع

آسان رسائی کو یقینی بنانے کے لیے کوئی بھی شخص اسکیم کے نفاذ سے متعلق یا اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے کسی بھی معاملے کے سلسلے میں شکایت درج کرا سکتا ہے۔ ان قواعد کے تحت شکایات درج کرانے کے لیے متعدد ذرائع فراہم کیے گئے ہیں:

  • نامزد شکایات ازالہ افسر کے روبرو ذاتی طور پر؛
  • اسپیڈ پوسٹ کے ذریعے، جس کے ساتھ ترسیل کا ثبوت موجود ہو؛
  • مرکزی حکومت کی جانب سے نامزد کردہ شکایات کے ازالے کے ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کے ذریعے؛ اور
  • ٹیلی فون، نامزد ہیلپ لائنز یا ریاستی حکومت کی جانب سے طے کردہ کسی دیگر ذریعے سے۔

گرام پنچایت، بلاک یا ضلع کی سطح پر موصول ہونے والی شکایات، جو کاغذی یا تحریری شکل میں جمع کرائی گئی ہوں، ان کا اندراج اور رجسٹریشن موصولی کے دن ہی نامزد ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر پر کرنا لازمی ہوگا۔ اگر اسی دن ایسا کرنا ممکن نہ ہو تو اگلے کام کے دن تک ان کا اندراج کرنا ہوگا۔

شکایت کے اندراج کے بعد شکایت کنندہ کو ایک رسید فراہم کی جائے گی، جس میں رجسٹریشن نمبر، شکایت موصول ہونے کی تاریخ اور اسے وصول کرنے والے مجاز افسر کا عہدہ درج ہوگا۔ ڈیجیٹل طریقے سے جمع کرائی گئی شکایات کی صورت میں رسید الیکٹرانک طور پر، جبکہ ذاتی طور پر یا کاغذی شکل میں موصول ہونے والی شکایات کی صورت میں تحریری طور پر فراہم کی جائے گی۔

اہم بات یہ ہے کہ کسی بھی شکایت کو اس کے فارمیٹ، زبان، جمع کرانے کے طریقے یا کسی ضابطہ جاتی کمی کی بنیاد پر درج کرنے سے انکار نہیں کیا جا سکے گا۔ اس شق کے ذریعے اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ شہریوں کو ضابطہ جاتی تقاضوں کی رکاوٹوں کے بغیر شکایات کے ازالے کے نظام تک رسائی حاصل ہو سکے۔

انکوائری اور شکایات کے ازالے کے لیے مقررہ مدت

ان قواعد میں شکایات کی فوری جانچ اور ان کے ازالے کو یقینی بنانے کے لیے واضح مدت مقرر کی گئی ہے۔ نامزد شکایات ازالہ افسر کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ ہر رجسٹر شدہ شکایت کا جائزہ لیں اور اس سلسلے میں ضروری انکوائری کریں۔ اس مقصد کے لیے افسر متعلقہ حکام یا اہلکاروں سے ریکارڈ، رجسٹر، دستاویزات، رپورٹیں، الیکٹرانک ڈیٹا یا دیگر متعلقہ معلومات طلب کر سکتے ہیں۔

جہاں ضروری ہو، شکایت کا تصفیہ کرنے سے پہلے شکایت کنندہ کو ذاتی طور پر یا الیکٹرانک ذرائع سے اپنا موقف پیش کرنے کا مناسب موقع فراہم کیا جائے گا۔

شکایت کی انکوائری اس کے موصول ہونے کی تاریخ سے سات کام کے دنوں کے اندر مکمل کرنا لازمی ہوگا۔ انکوائری مکمل ہونے کے بعد شکایات ازالہ افسر نتائج درج کریں گے اور ایکٹ اور قواعد کے مطابق مناسب اصلاحی یا تدارکی کارروائی کریں گے یا اسے یقینی بنائیں گے۔ شکایت کا ازالہ اس کے موصول ہونے کی تاریخ سے 15 دنوں کے اندر کرنا لازمی ہوگا۔

انکوائری کے نتائج اور کی گئی کارروائی کا اندراج نامزد ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر پر کیا جائے گا اور شکایت کنندہ کو اس سے مطلع کیا جائے گا۔ اگر کوئی شکایت کاغذی شکل میں موصول ہوئی ہو تو اس کے نتیجے اور کی گئی کارروائی سے بھی شکایت کنندہ کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔

زیرِ التوا شکایات کی ڈیجیٹل نگرانی اور اعلیٰ سطح پر منتقلی

نامزد ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر شکایات کے اندراج سے لے کر ان کے حتمی تصفیے تک، پورے عمل کی ڈیجیٹل نگرانی کو سہل بنائے گا۔ اس کے ذریعے انکوائری، نتائج اور کی گئی کارروائی کا الیکٹرانک ریکارڈ بھی محفوظ کیا جا سکے گا، جس سے شکایات کے ازالے کے عمل میں شفافیت اور جواب دہی مزید مستحکم ہوگی۔

15 دن کی مقررہ مدت کے اندر جن شکایات کا ازالہ نہیں ہو سکے گا، انہیں ریاستی حکومت کے قائم کردہ شکایات ازالہ نظام کے ذریعے اگلی اعلیٰ سطح پر بھیج دیا جائے گا۔ شکایت موصول کرنے والی اعلیٰ سطح کی اتھارٹی معاملے کا جائزہ لے گی اور اس کے تصفیے کے لیے مناسب کارروائی کرے گی۔ ایسی شکایات کے حتمی ازالے تک ان کی الیکٹرانک ذرائع سے مسلسل نگرانی کی جاتی رہے گی۔

اپیل دائر کرنے کا التزام

ان قواعد میں شکایات کے ازالے کے نظام کے تحت جاری کیے گئے احکامات کے خلاف اپیل دائر کرنے کا التزام بھی کیا گیا ہے۔ ایسی اپیلیں وی بی–جی رام جی ایکٹ، 2025 کے شیڈول اوّل کے مطابق دائر کی جائیں گی اور ان کا تصفیہ کیا جائے گا۔

ان قواعد کے ذریعے حکومت کا مقصد وی بی–جی رام جی کے تحت شہریوں پر مرکوز، قابلِ رسائی اور مقررہ مدت میں شکایات کے ازالے کے نظام کو ادارہ جاتی شکل دینا ہے۔ کثیر سطحی ادارہ جاتی نظام، شکایات درج کرانے کے متعدد ذرائع، لازمی اندراج، مقررہ مدت، ڈیجیٹل نگرانی اور زیرِ التوا شکایات کو اعلیٰ سطح پر منتقل کرنے کے انتظامات سے انتظامی جواب دہی مضبوط ہونے اور اسکیم کے نفاذ کو مزید مؤثر بنانے کی توقع ہے۔

یہ نوٹیفکیشن اس بات کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے کہ وی بی–جی رام جی کے نفاذ سے متعلق شکایات کا منظم اور شفاف طریقے سے، مقررہ مدت کے اندر ازالہ کیا جائے، جس سے اسکیم کے تحت دیہی گھرانوں کے حقوق اور انہیں حاصل مراعات کو مزید تقویت ملے گی۔

***

 (ش ح ۔ش  ت۔ع ن)

U. No. 7079


(ریلیز آئی ڈی: 2331419) وزیٹر کاؤنٹر : 12