امور داخلہ کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ویژن کے مطابق ملک میں ایک فعال شہری دفاعی نیٹ ورک قائم کرنے کا کام شروع ہونے جا رہا ہے


پہلے مرحلے میں  12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں شہری دفاع کے ماسٹر ٹرینرز کے لیے تین روزہ خصوصی تربیتی پروگرام منعقد کیا جائے گا

پہلے مرحلے میں نومبر  ، 2026 ء کے دوسرے ہفتے تک حصہ لینے والی ہر ریاست اور مرکز کے زیر انتظام علاقے سے 50، اس طرح مجموعی طور پر 600 شہری دفاعی ماسٹر ٹرینرز کو تربیت دینے کی تجویز ہے

خصوصی تربیت حاصل کرنے کے بعد ہر ماسٹر ٹرینر اپنی متعلقہ ریاست یا مرکز کے زیر انتظام علاقے میں شہری دفاع کے 100 رضاکاروں کو مزید تربیت دے گا

اس پہل کا مقصد ہنگامی حالات سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے شہری دفاع کے اہلکاروں کی تیاری اور صلاحیت کو بہتر بنانا ہے

تربیت کے تین اہم شعبے ہوں گے :  خطرات سے آگاہی، تحفظ اور ہنگامی حالات میں کارروائی نیز مواصلات اور باہمی تال میل

اس پہل کی ایک اہم خصوصیت تربیت یافتہ ماسٹر ٹرینرز کے منظم نظام کے ذریعے تربیت کو بڑے پیمانے پر آگے بڑھانا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد مستفید ہو سکیں

یہ پہل  بھارتی فوج کی عملی مہارت اور شہری دفاع کے رضاکاروں کے نیٹ ورک کو یکجا کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 23 OCT 2026 3:12PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ویژن کے مطابق،  بھارت میں ایک فعال شہری دفاعی نیٹ ورک قائم کرنے کے لیے  ، بھارتی فوج کے اشتراک سے اپنی نوعیت کی پہلی مشترکہ تربیتی پہل شروع کی جا رہی ہے۔ پہلے مرحلے میں 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں شہری دفاع کے ماسٹر ٹرینرز کے لیے تین روزہ خصوصی تربیتی پروگرام منعقد کیا جائے گا۔

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے  15  اگست  ، 2026 ء  کو لال قلعہ کی فصیل سے   ، ملک سے خطاب کرتے ہوئے ایک فعال شہری دفاعی نیٹ ورک قائم کرنے کا ویژن پیش کیا تھا۔ اس نیٹ ورک کو جدید نظام، ٹیکنالوجی اور بدلتے ہوئے  سکیورٹی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق تیاری کی صلاحیتوں سے لیس کیا جائے گا۔ اس ویژن کو آگے بڑھاتے ہوئے، وزارت داخلہ کے تحت ڈائریکٹوریٹ جنرل آف فائر سروسز، سول ڈیفنس اینڈ ہوم گارڈز،  بھارتی فوج کے اشتراک سے اپنی نوعیت کی پہلی آزمائشی پہل شروع کر رہا ہے۔ اس کا مقصد   ، بھارتی فوج کے ذریعے شہری دفاع کے ماسٹر ٹرینرز کو خصوصی تربیت فراہم کرکے شہری دفاع سے متعلق تیاریوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

پہلے مرحلے میں نومبر  ، 2026 ء  کے دوسرے ہفتے تک مجموعی طور پر  600  شہری دفاعی ماسٹر ٹرینرز کو تین روزہ خصوصی تربیتی پروگرام کے تحت تربیت دینے کی تجویز ہے۔ اس پروگرام کا انعقاد  بھارتی فوج کے مقررہ تربیتی مراکز میں کیا جائے گا۔ اس میں حصہ لینے والی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں جموں و کشمیر، پنجاب، راجستھان، گجرات، دلّی، میگھالیہ، سکم، آسام، اتر پردیش، کیرالہ، کرناٹک اور تمل ناڈو شامل ہیں۔

اس پہل کا مقصد  ، موجودہ دور کے  سکیورٹی سے متعلق خطرات، مخالفانہ حالات اور ہنگامی صورتِ حال سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے شہری دفاع کے اہلکاروں کی تیاری اور صلاحیت کو بہتر بنانا ہے۔ اس تربیت میں تین اہم شعبوں کا احاطہ کیا جائے گا۔

  • خطرات سے آگاہی: جدید اور مخلوط جنگی طریقوں، ڈرون سے متعلق معلومات اور فضائی حملوں کے خطرات سے آگاہی۔
  • تحفظ اور ہنگامی حالات میں کارروائی:   ا ہم بنیادی ڈھانچے کا تحفظ، آتش زدگی سے بچاؤ، کیمیائی، حیاتیاتی، شعاعی  ( ریڈیو لوجیکل ) اور  جوہری خطرات سے آگاہی، زخمیوں کی دیکھ بھال اور تلاش و بچاؤ کی کارروائیاں۔
  • مواصلات اور تال میل: ہنگامی حالات میں رابطے کے ذرائع، سائبر تحفظ کے بنیادی اصول، ڈیجیٹل نظام کی مضبوطی، شہری اور فوجی اداروں کے درمیان تال میل اور ہنگامی واقعات سے نمٹنے کے لیے کمان کا نظام۔

اس پہل کی ایک اہم خصوصیت ماسٹر ٹرینرز کے منظم نظام کے ذریعے تربیت کو بڑے پیمانے پر پھیلانا ہے۔ خصوصی تربیت حاصل کرنے کے بعد ہر ماسٹر ٹرینر اپنی متعلقہ ریاست یا مرکز کے زیر انتظام علاقے میں شہری دفاع کے 100  رضا کاروں کو مزید تربیت دے گا۔ اس طرح مرحلہ وار تربیت کے اس طریقۂ کار کے ذریعے 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں شہری دفاع کے 60,000  رضا کاروں تک خصوصی تربیت اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت  پیدا کی جا  سکتی ہے۔ اس سے اس پہل کے دائرۂ کار اور اثرات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

یہ پہل  بھارتی فوج کی عملی مہارت اور شہری دفاع کے رضا کاروں کے نیٹ ورک کو یکجا کرکے شہری اور فوجی اداروں کے درمیان تال میل اور ادارہ جاتی تیاری کو مضبوط بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ اس سے ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے، ہنگامی حالات میں مربوط کارروائی کرنے اور اہم بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ آزمائشی مرحلے کے نتائج کی بنیاد پر  ، اس پہل کو مرحلہ وار  طور پر باقی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں تک وسعت دینے کا منصوبہ ہے۔ اس طرح وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ایک مضبوط، فعال، فوری ردعمل دینے کی صلاحیت رکھنے والے اور مستقبل کے چیلنجوں کے لیے تیار شہری دفاعی نیٹ ورک کے ویژن کو آگے بڑھایا جائے گا۔

 

..................................................... ...................................................

) ش ح –م م -  ع ا )

U.No. 6571


(ریلیز آئی ڈی: 2327371) وزیٹر کاؤنٹر : 8