وزارت خزانہ
مرکزی وزیرخزانہ محترمہ نرملا سیتارمن سنگاپور کی قیادت اور وہاں کی کاروباری کمپنیوں کے سربراہان سے اعلیٰ سطحی ملاقات کے لیے سنگاپور کے دورے پر
مرکزی وزیر خزانہ محترمہ سیتارمن ہیج فنڈ اورپورٹ فولیو فنڈز کے منتظمین کے ساتھ کاروباری گول میز اجلاس میں شرکت کریں گی
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
09 OCT 2026 7:46AM by PIB Delhi
مرکزی وزیر خزانہ و کارپوریٹ امور محترمہ نرملا سیتارمن 9 سے 11 اکتوبر 2026 تک سنگاپور کے سرکاری دورے پر ہیں۔ اس دورے کے دوران محترمہ سیتارمن سنگاپور کی قیادت، کاروباری اور سرمایہ کاری برادری کے سینئر ارکان اور عالمی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقات اور تبادلۂ خیال کریں گی۔
دورے کے دوران محترمہ سیتارمن سنگاپور کے صدر عزت مآب جناب تھرمن شانموگرتنم، وزیر اعظم عزت مآب جناب لارنس ونگ، نائب وزیر اعظم جناب گن کم یونگ اور وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن سے ملاقات کریں گی۔
بات چیت میں ہندوستان اور سنگاپور کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کے اہم شعبوں کا احاطہ کیا جائے گا اور ہندوستان-سنگاپور وزارتی گول میز اجلاس (آئی ایس ایم آر) کے نتائج کو آگے بڑھایا جائے گا۔ اس میں تجارت اور سرمایہ کاری، ڈیجیٹل مالیاتی رابطہ، سرمایہ جاتی منڈیاں، ٹیکس، سیمی کنڈکٹر، جدید مینوفیکچرنگ، ہنرمندی کی ترقی اور ہوابازی کے شعبوں میں تعاون شامل ہیں۔
سنگاپور ہندوستان میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ اپریل 2000 سے مارچ 2026 کے دوران ہندوستان میں سنگاپور سے مجموعی طور پر تقریباً 194.68 ارب امریکی ڈالر کی براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی۔ سنگاپور کے ادارہ جاتی سرمایہ کاروں، بشمول جی آئی سی اور ٹیماسیک، نے ہندوستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں نمایاں سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔
سنگاپور کی سرمایہ کاری برادری کے ساتھ اپنی ملاقات کے ایک حصے کے طور پر، مرکزی وزیر خزانہ ہیج فنڈ اور پورٹ فولیو فنڈز کے منتظمین کے ساتھ ایک گول میز اجلاس اور حکومت و کاروبار کے درمیان ملاقاتکے سلسلے کے ذریعے سنگاپور اور دیگر ممالک کے سرکردہ سرمایہ کاروں، مالیاتی اداروں اور کاروباری رہنماؤں سے تبادلۂ خیال کریں گی۔ اس بات چیت سے سرکردہ عالمی سرمایہ کاروں کے ساتھ ہندوستان کی ترقی کی رفتار، سرمایہ کاری کے مواقع اور بدلتے ہوئے عالمی معاشی و مالیاتی منظرنامے پر خیالات کے تبادلے کا موقع ملے گا۔
مرکزی وزیر خزانہ محترمہ سیتارمن سرکردہ کاروباری رہنماؤں اور عالمی مالیاتی اداروں، سرمایہ کاری کمپنیوں اور صحت کی دیکھ بھال سے وابستہ اداروں کے سربراہان کے ساتھ یکے بعد دیگرے انفرادی ملاقاتیں بھی کریں گی۔ ان میں گورنمنٹ آف سنگاپور انویسٹمنٹ کارپوریشن (جی آئی سی)، ٹیماسیک ہولڈنگز (پی) لمیٹڈ (ٹیماسیک)، ڈی بی ایس بینک لمیٹڈ (ڈی بی ایس)، اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک، برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ (بی آئی آئی)، آئی ایچ ایچ ہیلتھ کیئر برحد (آئی ایچ ایچ)، ایشیا پیسیفک، مٹسوبشی یو ایف جے فنانشل گروپ انکارپوریٹڈ (ایم یو ایف جی)، بی کیپٹل، ایچ پی ایس انویسٹمنٹ پارٹنرز (ایچ پی ایس)، اسکینڈینیوسکا اینسکیلڈا بینکن اے بی (ایس ای بی) کی چیئرپرسن، متسوئی اینڈ کمپنی لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ایک ڈائریکٹر، اور ٹی پی جی کے ایگزیکٹو چیئرمین اور بانی شراکت دار کے ساتھ ملاقاتیں شامل ہیں۔
نیشنل انویسٹمنٹ اینڈ انفراسٹرکچر فنڈ (این آئی آئی ایف) اور گفٹ سٹی جیسے پلیٹ فارم سرمایہ کاری کے ذرائع اور فنڈز سمیت سنگاپور کے سرمایہ کاروں کے لیے ہندوستان میں سرمایہ کاری میں زیادہ سے زیادہ شرکت کے مواقع فراہم کر سکتے ہیں۔
وزارتِ خزانہ، متعلقہ وزارتوں اور صنعتی اداروں کے اشتراک سے، سنگاپور کے ان سرمایہ کاروں کے روابط قائم کرنے میں سہولت فراہم کرے گی جو ہندوستانی کمپنیوں، مالیاتی اداروں اور ریاستی حکومتوں کے ساتھ سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ، شناخت شدہ سرمایہ کاری کے مواقع کو عملی شکل دینے کے لیے ضروری رہنمائی اور معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔
یہ دورہ سنگاپور کے ساتھ اپنی جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے ہندوستان کے عزم کا اظہار کرتا ہے۔ اس میں بالخصوص مضبوط سیاسی تعلقات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے زیادہ سرمایہ کاری، کاروباری شراکت داری اور ٹھوس معاشی نتائج کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
*******
) ش ح – رک )
U.NO- 4882
(ریلیز آئی ڈی: 2321170)
وزیٹر کاؤنٹر : 7