مواصلات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

سنچار ساتھی پورٹل پر 30 کروڑ سے زائد مرتبہ رسائی، شہری ٹیلی مواصلاتی دھوکہ دہی  کے خلاف سائبر محافظ بن رہے ہیں


 اس طرح14 لاکھ سے زائد گمشدہ اور چوری کے گئے موبائل فون برآمد

اپنے نام پر جاری موبائل کنکشن کے بارے میں معلومات حاصل کرنے سے متعلق شہریوں کی4 کروڑ سے زائد درخواستوں کا ازالہ

سنچار ساتھی پورٹل پر شہریوں کی جانب سے درج کرائی گئی اطلاعات مالی دھوکہ دہی کے خطرے کے اشاریے میں بھی شامل کی جاتی ہیں، جس سے 5,000 کروڑ روپے سے زائد کے ممکنہ سائبر دھوکہ دہی سے ہونے والے نقصان کو روکنے میں مدد ملی ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 05 OCT 2026 2:27PM by PIB Delhi

ملک بھر کے شہری مئی2023 میں آغاز کے بعد سے سنچار ساتھی پورٹل (www.sancharsaathi.gov.in)  پر 30 کروڑ سے زائد مرتبہ جا چکے ہیں، جو ٹیلی مواصلات سے متعلق دھوکہ دہی سے خود کو محفوظ رکھنے کے لیے اس پر ان کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ محکمہ ٹیلی مواصلات (ڈی او ٹی) کی جانب سے تیار کیا گیا یہ پورٹل ہر موبائل صارف کو ایسے سادہ اور آسان استعمال والے ذرائع فراہم کرتا ہے، جن کی مدد سے وہ کسی مشتبہ کال یا پیغام کی اطلاع دے سکتا ہے، اپنے نام پر جاری موبائل کنکشن کی تعداد معلوم کر سکتا ہے، گم یا چوری کے گئےموبائل فون کو بند کر سکتا ہے اور خریداری سے پہلے یہ جانچ کرسکتا ہے کہ موبائل فون اصلی ہے یا نہیں۔

پورٹل پر شہریوں کی ہر بار آمد انہیں تحفظ فراہم کرتی ہے اور ان کی جانب سے مشتبہ رابطے کی ہر اطلاع کئی دوسرے لوگوں کو بھی محفوظ رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ سنچار ساتھی پر شہریوں کی جانب سے فراہم کی گئیں معلومات کو قابلِ عمل خفیہ معلومات میں تبدیل کیا جاتا ہے، جس سے محکمہ ٹیلی مواصلات، بینکوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دھوکہ دہی کرنے والوں کو ان کے اگلے ہدف تک پہنچنے سے پہلے روکنے میں مدد ملتی ہے۔ اس طرح سنچار ساتھی کا استعمال کرنے والا ہر شہری سائبر محافظ اور سائبر دھوکہ دہی کے خلاف ایک مضبوط ڈھال کا رول ادا کرتا ہے۔

ہر شہری کی دسترس میں خدمات

سنچار ساتھی ایک ہی پلیٹ فارم پر شہریوں کے لیے درج ذیل خدمات فراہم کرتا ہے:

  • چکشو – مشتبہ دھوکہ دہی پر مبنی رابطوں اور  اسپیم  پیغامات کی رپورٹ: مشتبہ کال، ایس ایم ایس یا وہاٹس ایپ پیغامات، جیسے فرضی کے وائی سی یا بل ادائیگی کی اطلاع، سرکاری افسران، پولیس یا بینک اہلکاروں کی نقالی، اور جعلی سرمایہ کاری، ملازمت یا قرض کی پیشکشوں کو چند آسان مراحل میں رپورٹ کریں۔
  • اپنے نام پر جاری موبائل کنکشن کی معلومات حاصل کریں: اپنی شناخت پر جاری تمام موبائل کنکشن دیکھیں اور ایسے کنکشن کی اطلاع دیں جو آپ نے حاصل نہیں کیےیا جن کی اب ضرورت نہیں ہے، تاکہ ان کا غلط استعمال نہ ہو سکے۔
  • گم شدہ یا چوری  کیے گئے موبائل فون کو بند کریں: تمام ٹیلی مواصلاتی کمپنیوں کے نیٹ ورک پر موبائل فون کو بند کریں تاکہ اسے بھارت میں کہیں بھی استعمال نہ کیا جا سکے، اس کی تلاش کو ممکن بنائیں اور فون مل جانے کے بعد اسے دوبارہ فعال کریں۔
  • اپنے موبائل فون کی اصلیت جانیں: نیا یا استعمال شدہ موبائل فون خریدنے سے پہلے اس کے آئی ایم ای آئی نمبر کے ذریعے اس کی اصلیت کی تصدیق کریں۔
  • بھارتی نمبروں سے آنے والی بین الاقوامی کالز کی اطلاع دیں: بیرونِ ملک سے آنے والی ایسی کالز کی اطلاع دیں جو بھارتی (91+) نمبروں کے روپ میں ظاہر ہوتی ہیں، جس سے حکومت کو غیر قانونی ٹیلی مواصلاتی نظام کے خلاف کارروائی میں مدد ملتی ہے۔
  • قابلِ اعتماد  کانٹیکٹ کی تفصیلات: کوئی بھی معلومات فراہم کرنے سے پہلے بینکوں اور مالیاتی اداروں کے اصل صارف خدماتی نمبروں، ای میل پتوں اور ویب سائٹ کے روابط کی تصدیق کریں۔
  • خود کو باخبر رکھیں: رائج دھوکہ دہی کے طریقوں، جیسے جعلی قرض ایپس، سرمایہ کاری کے فراڈ، جعلی ملازمت کی کالز اور جعلی ٹریفک چالان کے بارے میں آگاہی مواد حاصل کریں۔

سنچار ساتھی کے ذریعے شہریوں کی حاصل کردہ کامیابیاں

سنچار ساتھی کا ڈیش بورڈ شہریوں اور محکمہ ٹیلی مواصلات کی مشترکہ کوششوں سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کا پیمانہ پیش کرتا ہے:

  • سنچار ساتھی پورٹل پر 30 کروڑ سے زائد مرتبہ وزٹ؛
  • اس طرح 60.96 لاکھ  گم شدہ یا چوری کیے گئےبائل فون بند کیے گئے، 37.85 لاکھ کا سراغ لگایا گیا اور 14 لاکھ سے زائد موبائل فون برآمد کیے گئے؛
  • شہریوں کی جانب سے اپنے نام پر جاری موبائل کنکشن کی جانچ اور اطلاع دینے کے لیے موصول ہونے والی 4 کروڑ سے زائد درخواستوں کا ازالہ کیا گیا؛
  • چکشو کے ذریعے مشتبہ دھوکہ دہی پر مبنی رابطوں سے متعلق 12.80 لاکھ ان پٹ موصول ہوئے، جن کی بنیاد پر 59.82 لاکھ معاملات میں کارروائی کی گئی، جس میں 50 لاکھ سے زائد موبائل کنکشن بند کرنا بھی شامل ہے؛
  • مالی دھوکہ دہی کے خطرے کے اشاریے (ایف آر آئی) کے ذریعے5,000 کروڑ روپے سے زائد کے ممکنہ سائبر دھوکہ دہی سے ہونے والے نقصان کو روکا گیا؛

جن بھاگیداری: ہر شہری سائبر محافظ

جب کوئی شہری چکشو پر کسی مشتبہ کال یا پیغام کی اطلاع دیتا ہے، یا ایسے موبائل کنکشن کی نشاندہی کرتا ہے جو اس نے اپنے نام پر کبھی حاصل ہی نہیں کیا، تو اس کا فائدہ صرف اس ایک فرد تک محدود نہیں رہتا۔ ایسی ہر اطلاع محکمہ ٹیلی مواصلات کو کسی ایسے موبائل نمبر، آلے یا طریقۂ کار سے آگاہ کرتی ہے جس کا لوگوں کو دھوکہ دینے کے لیے غلط استعمال کیا جا رہا ہو اور مزید شہریوں کو نشانہ بنائے جانے سے پہلے بروقت کارروائی، بشمول دوبارہ تصدیق اور کنکشن منقطع کرنے، کو ممکن بناتی ہے۔ شہریوں کی ایسی اطلاعات کی بنیاد پر 50 لاکھ سے زائد موبائل کنکشن منقطع کیے جا چکے ہیں۔ اس لیے سنچار ساتھی استعمال کرنے والے شہری محض اس پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھانے والے نہیں، بلکہ سائبر محافظ ہیں، جو اپنے خاندان، اپنی برادری اور ملک کی حفاظت کرتے ہیں۔

شہریوں کی اطلاعات مالی دھوکہ دہی کے خطرے کے اشاریے اور ڈیجیٹل انٹیلی جنس پلیٹ فارم کو تقویت دیتی ہیں

شہریوں کی جانب سے فراہم کی جانے والی معلومات محکمہ ٹیلی مواصلات کے وسیع تر دھوکہ دہی سے بچاؤ کے نظام کے لیے اہم معلومات میں شامل ہیں۔ یہ مالی دھوکہ دہی کے خطرے کے اشاریے (ایف آر آئی) کے لیے ایک اہم ذریعہ ہیں، جو ایسے موبائل نمبروں کے بارے میں خطرے کی بنیاد پر معلومات فراہم کرتا ہے جن کا مالی دھوکہ دہی سے ممکنہ تعلق ہو سکتا ہے۔ یہ معلومات ڈیجیٹل انٹیلی جنس پلیٹ فارم ( ڈی آئی پی)  کے ذریعے محفوظ طریقے سے بینکوں، ادائیگی خدمات فراہم کرنے والے اداروں، ٹیلی مواصلاتی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شیئر کی جاتی ہیں۔ اس سے ان اداروں کو اپنے دھوکہ دہی کی نشاندہی اور لین دین کی نگرانی کے نظام میں ٹیلی مواصلات سے متعلق خطرے کے اشاروں کو شامل کرنے اور کسی مشتبہ لین دین کے بارے میں شہری کے کھاتے سے رقم نکلنے سے پہلے ہی خبردار کرنے یا اسے روکنے میں مدد ملتی ہے۔ ایف آر آئی نے 5,000 کروڑ روپے سے زائد کے ممکنہ سائبر فراڈ سے ہونے والے نقصان کو روکنے میں مدد کی ہے۔ سنچار ساتھی کا نظام ڈیجیٹل انٹیلی جنس پلیٹ فارم سے منسلک 1,600 سے زائد متعلقہ اداروں تک معلومات پہنچاتا ہے، جس سے مربوط کارروائی کے لیے ’پورے حکومتی نظام‘ کا طریقۂ کار اختیار کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس طرح ایک چوکس شہری کی جانب سے درج کرائی گئی ایک اطلاع ٹیلی مواصلات، مالیاتی اور قانون نافذ کرنے والے نظاموں تک پہنچ کر بہت سے دوسرے لوگوں کے تحفظ میں مدد دیتی ہے۔

14 لاکھ سے زائد گم  شدہ اور چوری کیے گئے  موبائل فون برآمد

جس شہری کا موبائل فون گم ہو جائے، وہ سنچار ساتھی پر اس کی اطلاع دے کر اسے ملک بھر کے تمام ٹیلی مواصلاتی نیٹ ورکس پر بند کرا سکتا ہے۔ اگر کوئی شخص اس بند کیے گئے موبائل فون کو استعمال کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اس کی سراغ رسانی سے متعلق معلومات تیار ہو جاتی ہیں اور پولیس کے ساتھ شیئر کی جاتی ہیں۔ مسلسل تکنیکی بہتری، خودکار طریقۂ کار اور محکمہ ٹیلی مواصلات، ٹیلی مواصلاتی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں اور ریاستی و مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی پولیس کے درمیان قریبی تال میل کے ذریعے اب تک 60.96 لاکھ موبائل فون بند کیے جا چکے ہیں، 37.85 لاکھ کا سراغ لگایا جا چکا ہے اور 14 لاکھ سے زائد موبائل فون برآمد کیے جا چکے ہیں۔

سادہ، کثیر لسانی اور آسان رسائی

سنچار ساتھی پورٹل کو سادہ اور صارف دوست طریقۂ کار کے ساتھ تیار کیا گیا ہے، جس میں عوامی ڈیش بورڈ اور ٹیلی مواصلاتی تحفظ، دھوکہ دہی سے بچاؤ اور ذمہ دارانہ ڈیجیٹل طرزِ عمل سے متعلق وسیع آگاہی مواد بھی فراہم کیا گیا ہے۔ سنچار ساتھی موبائل ایپ انگریزی، ہندی اور21 علاقائی زبانوں میں دستیاب ہے اور شہریوں کو اپنی زبان میں یہی خدمات فراہم کرتی ہے، جس سے وہ اپنے موبائل فون کے ذریعے آسانی سے ان خدمات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

شہریوں سے محکمہ ٹیلی مواصلات کی اپیل

محکمہ ٹیلی مواصلات ہر موبائل صارف سے اپیل کرتا ہے کہ وہ سنچار ساتھی (www.sancharsaathi.gov.in) پر جائیں یا سنچار ساتھی ایپ استعمال کریں، اپنے نام پر جاری موبائل کنکشن کی جانچ کریں اور ہر مشتبہ کال، ایس ایم ایس یا واٹس ایپ پیغام کی اطلاع دیں۔ پورٹل پر یا سنچار ساتھی ایپ استعمال کرنے میں صرف چند لمحے صرف کرکے ایک شہری خود کو اور بہت سے دوسرے لوگوں کو دھوکہ دہی سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔ جو شہری پہلے ہی رقم گنوا چکے ہیں یا سائبر جرم کا شکار ہو چکے ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ فوری طور پر سائبر کرائم ہیلپ لائن 1930 پر یا https://www.cybercrime.gov.in پر اس معاملے کی اطلاع دیں۔

محکمہ ٹیلی مواصلات سائبر جرائم اور مالی دھوکہ دہی کے لیے ٹیلی مواصلاتی وسائل کے غلط استعمال پر قابو پانے کے لیے اپنی فعال کارروائیوں کے ذریعے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ سنچار ساتھی موبائل ایپ کو ڈاؤن لوڈ کیے جانے کی مجموعی تعداد بھی 2.8 کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔ سنچار ساتھی موبائل ایپ یہاں سے ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے:

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/oct/image001_20261005142900_bf31b8.gif

مزید معلومات کے لیے محکمہ ٹیلی مواصلات کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو فالو کریں:

ایکس: https://x.com/DoT_India

انسٹاگرام: https://www.instagram.com/department_of_telecom

فیس بک: https://www.facebook.com/DoTIndia

یوٹیوب: https://youtube.com/@departmentoftelecom

***

) ش ح ۔ ض ر۔ش ت)

U.No. 4641


(ریلیز آئی ڈی: 2319290) وزیٹر کاؤنٹر : 8