نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

نائب صدر جناب سی۔ پی۔ رادھاکرشنن نے مہاتما گاندھی جی، جناب لال بہادر شاستری جی اور تھِرو کے۔ کامراج جی کو خراجِ عقیدت پیش کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 02 OCT 2026 12:24PM by PIB Delhi

نائب صدرِ جمہوریہ جناب سی۔ پی۔ رادھاکرشنن نے آج مہاتما گاندھی جی، سابق وزیرِ اعظم جناب لال بہادر شاستری جی اور تمل ناڈو کے سابق وزیرِ اعلیٰ تھِرو کے۔ کامراج جی کو پھول چڑھاکر خراجِ عقیدت پیش کیا۔

راج گھاٹ پر نائب صدرِ جمہوریہ نے مہاتما گاندھی جی کی یومِ پیدائش کے موقع پر ان کی یادگار پر پھول چڑھائے اور خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ان کی لازوال میراث کو یاد کرتے ہوئے جناب سی۔ پی۔ رادھاکرشنن نے کہا کہ سچائی اور عدمِ تشدد پر مہاتما گاندھی جی کا غیر متزلزل یقین، انصاف کے لیے ان کی پختہ وابستگی اور ہر فرد کے وقار پر ان کا گہرا اعتماد آج بھی انسانیت کے لیے باعثِ تحریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی جی کی زندگی اور ان کا پیغام امن، ہمدردی، بے غرضی اور خدمت کی دائمی مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے سب سے اپیل کی کہ وہ مہاتما گاندھی جی کے عزیز رکھے ہوئے اقدار کے تئیں اپنے عزم کی تجدید کریں اور ایک منصفانہ، ہم آہنگ اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والے معاشرے کی تعمیر کے لیے خود کو وقف کریں۔

وجے گھاٹ پر نائب صدرِ جمہوریہ نے سابق وزیرِ اعظم جناب لال بہادر شاستری جی کے یومِ پیدائش کے موقع پر ان کی یادگار پر پھول چڑھائے اور خراجِ عقیدت پیش کیا۔

جناب سی۔ پی۔ رادھاکرشنن نے شاستری جی کو خاموش قوت اور غیر معمولی عزم کے حامل رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انکساری، دیانت داری اور ملک کے تئیں غیر متزلزل وابستگی کی مثال قائم کی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ہندوستان کے سفر کے ایک فیصلہ کن مرحلے میں شاستری جی کی قیادت نے عوام میں اعتماد اور اتحاد پیدا کیا، جبکہ ان کے نعرے ”جے جوان، جے کسان“ نے ملک کے سپاہیوں کی قربانیوں اور کسانوں کی اہم خدمات کو ہمیشہ کے لیے نمایاں مقام عطا کیا۔

نائب صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ جناب لال بہادر شاستری جی کی زندگی آج بھی اس بات کی مؤثر یاد دہانی ہے کہ حقیقی قیادت سادگی، حوصلے اور ملک کی خدمت کے جذبے پر مبنی ہوتی ہے۔

نائب صدرِ جمہوریہ بھون میں نائب صدرِ جمہوریہ نے تھِرو کے۔ کامراج جی کی برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا اور عوامی زندگی اور ملک کی تعمیر میں ان کی نمایاں خدمات کو یاد کیا۔

جناب سی۔ پی۔ رادھاکرشنن نے کامراج جی کو ایک عظیم مدبّرِ ریاست اور حقیقی عوامی رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی ملک کی خدمت اور عام لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے وقف کر دی۔

انہوں نے کہا کہ کامراج جی نے اپنی پوری زندگی گاندھیائی فکر کی رہنمائی میں گزاری اور تمل ناڈو کی ترقی میں دیرپا خدمات انجام دیں۔ انہوں نے سڑکوں اور تعلیمی اداروں کے دائرے کو وسعت دی، دوپہر کے کھانے کا پروگرام شروع کیا اور غریبوں کی زندگیوں میں نئی امید پیدا کی۔

نائب صدرِ جمہوریہ نے آب پاشی اور صنعتی ترقی کے شعبوں میں بھی کامراج جی کی خدمات کو یاد کیا۔ انہوں نے ڈیم تعمیر کروائے اور صنعتی شعبوں کا قیام عمل میں لایا، جس سے تمل ناڈو میں زراعت اور صنعت کی ترقی کی بنیاد مضبوط ہوئی۔

***

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-4511


(ریلیز آئی ڈی: 2318111) وزیٹر کاؤنٹر : 8