وزارتِ تعلیم
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستان میں اختراعات کا بڑھتا ہوا رجحان وکست بھارت کے وژن کو آگے بڑھائے گا: جناب پرہلاد جوشی


جب اختراع کا آغاز حقیقی انسانی ضرورت سے ہوتا ہے اور وہ ایک عملی حل تک پہنچتی ہے تو یہ ’سیوا‘ کا ایک عمل بن جاتی ہے: جناب پرہلاد جوشی

مرکزی وزیر تعلیم نے بنگلورو میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس میں ’سیوا فرسٹ انوویشن چیلنج‘ کا افتتاح کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 25 SEP 2026 4:01PM by PIB Delhi

مرکزی وزیر تعلیم جناب پرہلاد جوشی نے آج نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ’سیوا‘ کے جذبے کو اختراع کے ساتھ جوڑ کر حقیقی زندگی کے چیلنجوں کی نشاندہی کریں اور ان کے عملی اور قابل توسیع حل تیار کریں۔ اس سے انہیں 2047 تک وکست بھارت کے وژن کو پورا کرنے میں اپنی شرکت اور شراکت داری کا موقع ملے گا۔ وزیر موصوف نے یہ بات بنگلورو میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس (آئی آئی ایس) میں جنوبی زون کے لیے ’سیوا فرسٹ انوویشن چیلنج(ایس ایف آئی سی) کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ وزیر موصوف نے ایس ایف آئی سی کی ویب سائٹ اور رجسٹریشن پورٹل بھی لانچ کیا۔

 

وزیر موصوف نے کہا، ’’سیوا کا اظہار عمل کے ذریعے ہونا چاہیے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ کسی مسئلے کو سمجھنا اور بڑے پیمانے پر اس سے نمٹنے کے لیے اختراعی حل تلاش کرنا خدمت کے جذبے کا ایک اہم اظہار ہے۔ ہندوستان کے آبادیاتی ثمرات کو اجاگر کرتے ہوئے جناب جوشی نے کہا کہ ہندوستان کی تقریباً 65 فیصد آبادی 35 سال سے کم عمر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے پاس ایسی نسل موجود ہے جو جستجو کرنے والی، پراعتماد اور ٹیکنالوجی کے استعمال میں مانوس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو اس جستجو کو مفید عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) 2020 کے کردار اور اہمیت کا حوالہ دیتے ہوئے جناب پرہلاد جوشی نے کہا کہ این ای پی نے تنقیدی سوچ، تخلیقی صلاحیت، تجرباتی تعلیم اور مسائل کے حل کو تعلیم کے مرکز میں رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وژن کو کم عمری سے ہی طلبہ کو تجربہ کرنے، کچھ تخلیق کرنے اور اختراع کرنے کے مواقع فراہم کرنے کی صورت میں عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے 10,000 سے زائد اٹل ٹنکرنگ لیبز، تقریباً 17,300 انسٹی ٹیوشنز انوویشن کونسلز اور اسمارٹ انڈیا ہیکاتھون جیسے اقدامات کے ذریعے ایک مضبوط اختراعی نظام تشکیل دینے کے لیے حکومت کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔

وزیر موصوف نے اس بات پر زور دیا کہ سیوا کے جذبے سے رہنمائی حاصل کرنے والی اختراع وکست بھارت @2047 کے وژن میں بامعنی کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے اسٹارٹ اپس اور صنعتی شراکت داروں سے بھی اپیل کی کہ وہ چیلنج کے ذریعے سامنے آنے والے نوجوان اختراع کاروں کے ساتھ وابستہ ہوں اور ایس ایف آئی سی کی ویب سائٹ کے ذریعے ایک قومی ذخیرہ قائم کرنے کی حوصلہ افزائی کی، تاکہ مستقبل میں امید افزا حلوں کی رہنمائی، اختیار اور بڑے پیمانے پر نفاذ میں مدد مل سکے۔ انہوں نے بنگلورو کے آئی آئی ایس سی، حصہ لینے والے اداروں، اساتذہ، اسٹارٹ اپس اور اس اقدام سے وابستہ تمام متعلقہ فریقوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ انہیں توقع ہے کہ دسمبر 2026 میں نئی دہلی میں ہونے والے قومی فائنل میں پورے ہندوستان سے بہترین حل سامنے آئیں گے۔

بنگلورو کا آئی آئی ایس سی جنوبی زون کے نوڈل ادارے کے طور پر کام کرے گا اور کرناٹک، تمل ناڈو، کیرالہ، آندھرا پردیش، تلنگانہ، پڈوچیری، انڈمان و نکوبار جزائر اور لکشدیپ میں تکنیکی جائزے اور رہنمائی میں معاونت فراہم کرے گا۔

ایس ایف آئی سی پانچ قومی موضوعات (1. صاف ستھرا اور پائیدار بھارت، 2. خوشحال کسان، خوشحال بھارت، 3. صحت مند اور  شمولیت پر مشتمل بھارت، 4. تعلیم یافتہ اور ہنرمند بھارت اور 5. محفوظ بھارت) اور حل کے دو شعبوں   (ٹریک اے  مصنوعات یا ٹیکنالوجی پر مبنی حل اور ٹریک بی کاروباری ماڈل یا طرز حکمرانی پر مبنی حل) کے تحت اسکولوں، آئی ٹی آئیز، پولی ٹیکنکس، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ اور نوجوان اختراع کاروں کو ایک پلیٹ فارم پر لائے گا۔ اس چیلنج کا مقصد رہنمائی، انکیوبیشن اور حقیقی زندگی میں اختیار کیے جانے والے راستوں کے ذریعے امید افزا خیالات کو محض پیش کیے جانے سے آگے لے جانا ہے۔ چیلنج کے لیے رجسٹریشن 25 ستمبر سے 24 اکتوبر 2026 تک جاری رہے گی، جبکہ قومی فائنل دسمبر 2026 میں نئی دہلی میں ہوگا۔

بنگلورو کے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس (آئی آئی ایس سی )کے ڈائریکٹر پروفیسر گووندن رنگاراجن، محکمہ اعلیٰ تعلیم کے ایڈیشنل سکریٹری جناب آنند راؤ وی پاٹل اور یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی سکریٹری پروفیسر شیاما رتھ کے علاوہ این آئی ٹیز اور دیگر اداروں کے ڈائریکٹرز اور نمائندگان، اساتذہ، صنعت اور اسٹارٹ اپ شعبے کے نمائندگان، طلبہ اور نوجوان اختراع کاروں نے تقریب میں شرکت کی۔

مزید تفصیلات کے لیے سرکاری ویب سائٹ ملاحظہ کریں: https://sevafirst.mic.gov.in/

براہ راست نشریات: بنگلورو کے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس (آئی آئی ایس سی ) میں سیوا فرسٹ انوویشن چیلنج سے خطاب کرتے ہوئے https://t.co/oiYwSn2Prq

— پرہلاد جوشی (@JoshiPralhad)، 25 ستمبر 2026

****

) ش ح ۔م م۔م ذ)

U.No. 4092


(ریلیز آئی ڈی: 2314903) وزیٹر کاؤنٹر : 14