وزارت آیوش
azadi ka amrit mahotsav

بھارت اور دنیا بھر میں  آیوروید  کا11واں دن منایا گیا، ناگپور میں قومی سطح کی عظیم تقریب کا انعقاد


آیوروید دن کی تقریبات میں شواہد پر مبنی تحقیق، اختراع اور صحت مند طرز زندگی کو اجاگر کیا گیا

وزیر اعظم جناب نریندر مودی: روایت سے شواہد اور شواہد سے اختراع تک آیوروید کا سفر آنے والی نسلوں کی صحت کو یقینی بنائے گا

مرکزی وزیر جناب پرتاپ راؤ جادھو نے صحت مند طرز زندگی اور صحت کی احتیاطی دیکھ بھال  کو عوامی تحریک بنانے پر زور دیا

آیوش کے سکریٹری ویدیا راجیش کوٹیچا: علم، شواہد اور اختراع آیوروید کے مستقبل کی تشکیل کریں گے

11ویں آیوروید دن کے موقع پر حفاظتی دستاویزات، معیاری علاج رہنما خطوط، آیوش خدمات کے شعبے سے متعلق رپورٹ، آیوش وژن 2030 اور سی سی آر اے ایس–اگنی پورٹل کا آغاز

سائنسی اجلاسوں میں مستقبل کی صحت نگہداشت، عوامی صحت اور غیر متعدی بیماریوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ سے نمٹنے میں آیوروید کے کردار کو اجاگر کیا گیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 23 SEP 2026 3:48PM by PIB Delhi

آیوروید  کا11واں دن بھارت اور دنیا بھر میں جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر مہاراشٹر کے ناگپور میں قومی سطح کی عظیم تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس سال کا موضوع تھا ’’صحت مند کل کے لیے آیوروید‘‘۔ تقریب میں اہم رپورٹس اور دستاویزات پیش کی گئیں، جن میں آیوش خدمات کے شعبے سے متعلق رپورٹ اور ’’آیوش وژن 2030‘‘ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سی سی آر اے ایس–اگنی ویب پورٹل کا بھی آغاز کیا گیا۔ تقریب میں صحت  کی دیکھ بھال  اور عوامی صحت میں آیوروید کے کردار کے ساتھ ساتھ 2047 تک کے روڈ میپ پر سائنسی اجلاس بھی منعقد ہوئے۔

تقریب کے دوران  عزت مآب  وزیر اعظم کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ اپنے پیغام میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے کہا کہ روایت سے علم، شواہد اور اختراع تک آیوروید کا سفر آنے والی نسلوں کی صحت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے میں معاون ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آیوروید کی شناخت بھارت کی سرحدوں سے آگے بھی وسعت پا رہی ہے اور آیوش ویزا کی سہولت غیر ملکی شہریوں کو بھارت میں آیوش طریقہ  علاج کے تحت علاج کرانے کا موقع فراہم کر رہی ہے۔ ’شکتی کی سادھنا‘ کے عزم کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت مسلسل وکست بھارت کی جانب آگے بڑھ رہا ہے اور انہیں یقین ہے کہ آیوروید سے وابستہ ادارے، ماہرین اور نوجوان اس عظیم روایت کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے اور ایک صحت مند، باصلاحیت اور مضبوط ملک کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

تقریب کا باقاعدہ افتتاح آیوش کی وزارت کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور صحت و خاندانی بہبود کی وزارت کے وزیر مملکت جناب پرتاپ راؤ جادھو نے ورچوئل طور پر کیا۔ اس موقع پر آیوش کی وزارت کے سکریٹری ویدیا راجیش کوٹیچا، سینٹرل کونسل فار ریسرچ ان آیورویدک سائنسز (سی سی آر اے ایس) کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر (ویدیا) رابینارائن آچاریہ اور دیگر معززین موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر جناب پرتاپ راؤ جادھو نے آیوروید کو بھارت کے صحت سے متعلق وژن کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے کہا، ’’صحت کا پہلا مرکز اسپتال نہیں، ہمارا گھر ہے۔ صحت کی پہلی بنیاد دوا نہیں، ہمارا طرز زندگی ہے۔‘‘ ’’سواستھیہ سیہ سواستھیا رکشنم، آتورسیا ویکار پرشمنم‘‘ کے اصول کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آیوروید علاج کے ساتھ ساتھ صحت کو برقرار رکھنے کو بھی ترجیح دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طرز زندگی سے متعلق صحت کے بڑھتے ہوئے مسائل کے پیش نظر یہ نقطہ نظر آج پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔

جناب پرتاپ راؤ جادھو نے جام نگر میں عالمی ادارہ صحت کے عالمی مرکز برائے روایتی طب، آئی ٹی آر اے جام نگر کو قومی اہمیت کے ادارے کا درجہ دیے جانے اور عالمی ادارہ صحت کی آئی سی ڈی-11 درجہ بندی میں آیوروید، سدھا اور یونانی طریقہ  علاج کو شامل کیے جانے کو روایتی طب کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی سمت اہم اقدامات قرار دیا۔ انہوں نے روایت کو علم، شواہد اور اختراع سے جوڑنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آیوروید دن کو صرف سالانہ تقریب تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ صحت مند طرز زندگی کے بارے میں عوامی شمولیت کو وسیع کرنے کا ذریعہ بننا چاہیے۔آیوش کی وزارت کے سکریٹری ویدیا راجیش کوٹیچا نے کہا کہ آیوروید کا مستقبل اس کے علمی ورثے کو سائنسی شواہد، اختراع اور عوامی صحت کے نتائج سے جوڑنے میں مضمر ہے۔ انہوں نے تحقیق، معیار، تحفظ اور معیاری کاری کو مضبوط بنانے کے ساتھ آیوروید اور صحت کی دیکھ بھال  کے دیگر نظاموں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے جام نگر میں عالمی ادارہ صحت کے عالمی مرکز برائے روایتی طب، آیوش ریسرچ پورٹل پر 43,000 سے زائد تحقیقی اشاعتوں، 200 سے زیادہ بی آئی ایس معیارات اور آیوش کوالٹی مارک سمیت اہم پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کوششوں کا مقصد آیوش نظام کو مزید سائنسی، شواہد پر مبنی اور عالمی سطح پر متعلقہ بنانا ہے۔

تقریب میں گوکشر(تربولس تریسٹریس)اور چندرشور (لیپیڈیم ستیویم)سے متعلق حفاظتی دستاویزات، جلدی امراض سے متعلق معیاری علاج رہنما خطوط اور پہلی مرتبہ ’’آیوش خدمات کے شعبے‘‘ سے متعلق رپورٹ جاری کی گئی۔ یہ رپورٹ ریسرچ اینڈ انفارمیشن سسٹم فار ڈیولپنگ کنٹریز (آر آئی ایس) نے تیار کی ہے، جس میں آیوش خدمات کے شعبے کا جائزہ پیش کیا گیا ہے۔

تقریب میں ’’روایتی دانش سے عالمی قیادت تک: آیوش وژن 2030‘‘، بھارت میں آیوش سے متعلق اختراعات کی صورتحال پر رپورٹ اور سی سی آر اے ایس–اگنی اسیسمنٹ اسکیل ویب پورٹل کا بھی آغاز کیا گیا۔ ان اقدامات کا مقصد تحقیق، دستاویز بندی، اختراع، طبی رہنمائی اور آیوروید کے علم کو منظم انداز میں عملی شکل دینے کے عمل کو مضبوط بنانا ہے۔

تقریب کے دوران آیوش کی وزارت کے سکریٹری نے چار اہل صنعتوں کو آیوش کوالٹی مارک سرٹیفیکیشن بھی پیش کیا، جو آیوش شعبے میں معیار اور معیاری کاری پر دی جانے والی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔

تقریبات میں صحت کی دیکھ بھال  اور عوامی صحت میں آیوروید کے بدلتے ہوئے کردار پر دو سائنسی اجلاس بھی منعقد ہوئے۔ پہلے اجلاس ’’شاشوتَم سے وشواس تک – صحت مند کل کے لیے آیوروید اور 2047 کی جانب سفر‘‘ میں جام نگر میں عالمی ادارہ صحت کے عالمی مرکز برائے روایتی طب کے یونٹ سربراہ ڈاکٹر جی. گیتا کرشنن پلئی نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں آیوروید کے مستقبل کے سفر، شواہد پیدا کرنے اور 2047 تک صحت کے وسیع تر وژن میں اس کے کردار پر توجہ مرکوز کی گئی۔ دوسرے اجلاس ’’2027 تک غیر متعدی بیماریوں کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے علاج کے طریقوں کا انضمام ضروری‘‘ میں نئی دلی کے انسٹی ٹیوٹ آف لیور اینڈ بلیئری سائنسز (آئی ایل بی ایس) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شیو کمار سرین نے شرکت کی۔ اجلاس میں غیر متعدی بیماریوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ سے نمٹنے میں مربوط علاج کے طریقوں کے امکانات پر غور کیا گیا۔

سائنسی مباحثے کے بعد نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید، جے پور کے وائس چانسلر پروفیسر سنجیو شرما نے مباحثے کا خلاصہ پیش کیا۔ پیٹنٹس، ڈیزائنز اینڈ ٹریڈ مارکس کے کنٹرولر جنرل پروفیسر (ڈاکٹر) انّت پی. پنڈت نے بھارت میں آیوش سے متعلق اختراعات کی رپورٹ پر اظہار خیال کیا، جبکہ آیوش کی وزارت کے مشیر (آیوروید) ڈاکٹر اے. رگھو نے جلدی امراض سے متعلق معیاری علاج رہنما خطوط پر گفتگو کی۔

اس موقع پر آیوش کی وزارت کے سینئر شماریاتی مشیر جناب ستیہ جیت پال اور ریسرچ اینڈ انفارمیشن سسٹم فار ڈیولپنگ کنٹریز (آر آئی ایس) کے ڈائریکٹر جنرل پروفیسر سچن کمار شرما کے علاوہ آیوش کی وزارت کے سینئر افسران، آیوش کونسلوں اور اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

تقریب کے مقام پر قومی دواؤں کے پودوں کی نمائش بھی لگائی گئی، جس میں آیوش کی وزارت کے تحت قومی اداروں نے اسٹال قائم کیے۔ نمائش نے زائرین اور شرکا کی خاصی توجہ حاصل کی۔ناگپور میں منعقدہ قومی تقریب میں ملک بھر سے آیوروید کے معالجین، محققین، سائنس دانوں، ماہرین تعلیم، اداروں اور دیگر متعلقہ فریقوں نے شرکت کی۔ تقریب میں آیوروید کو آگے بڑھانے کے لیے شواہد، تحقیق، اختراع، معیار اور جامع صحت کی دیکھ بھال  پر بڑھتی ہوئی توجہ کو اجاگر کیا گیا۔

   ***

ش ح۔ا ع خ۔ م ذ

U N-3970


(ریلیز آئی ڈی: 2313941) وزیٹر کاؤنٹر : 11