وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم کا 8 ؍ستمبر کو گجرات اور مہاراشٹر کا دورہ


وزیر اعظم وڈودرا میں 35,000 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے، افتتاح کریں گے اور انہیں قوم کے نام وقف کریں گے

وزیر اعظم مغربی مخصوص مال بردار راہداری کے تین اہم حصے قوم کے نام وقف کریں گے، جس کے ساتھ اس منصوبے کی تکمیل بھی عمل میں آئے گی

وزیر اعظم تین ریلوے منصوبوں اور تین شاہراہ منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے

وزیر اعظم ممبئی میں گلوبل فن ٹیک فیسٹ 2026 کا افتتاح کریں گے

گلوبل فن ٹیک فیسٹ 2026 کا موضوع:

”امکانات سے نتائج: ایجنٹک اے آئی، ٹوکنائزیشن، کوانٹم — جامع مالیاتی نظام کے لیے قابلِ اعتماد، باہم مربوط اور عالمی نظام“

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 07 SEP 2026 11:51AM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی 8 ؍ستمبر 2026 کو گجرات اور مہاراشٹر کا دورہ کریں گے۔ دوپہرتقریباً 12 بجے وزیر اعظم وڈودرا میں 35,000 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے، افتتاح کریں گے اور انہیں قوم کے نام وقف کریں گے۔ اس موقع پر وہ اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔

شام تقریباً 5 بج کر 45 منٹ پر وزیر اعظم ممبئی میں گلوبل فن ٹیک فیسٹ 2026 کا افتتاح کریں گے اور اس موقع پر اجتماع سے خطاب بھی کریں گے۔

وزیر اعظم کا وڈودرا کا دورہ

وزیر اعظم مخصوص  مغربی مال بردار راہداری (ڈبلیو ڈی ایف سی) کے تین اہم حصے قوم کے نام وقف کریں گے۔ یہ حصے مجموعی طور پر 326 روٹ کلومیٹر پر محیط ہیں اور ان کی تعمیر پر 20,700 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئی ہے۔ ان میں سانند (شمالی)-مکرپورہ، نیو امبرگاؤں-نیو سفالے اور نیو سفالے-جے این پی ٹی حصے شامل ہیں۔

جواہر لال نہرو پورٹ اتھارٹی (جے این پی اے) سے براہ راست رابطے کے ذریعے درآمد و برآمدات کے سامان کی تیز تر نقل و حرکت ممکن ہوگی، صنعتی مراکز اور بندرگاہوں کے درمیان رابطہ مزید مضبوط ہوگا، لاجسٹکس کے اخراجات میں کمی آئے گی اور ممبئی کے ریلوے نیٹ ورک پر بھیڑ کم کرنے میں مدد ملے گی۔

ان حصوں کے فعال ہونے کے ساتھ ہی وقف شدہ مال بردار راہداری (ڈی ایف سی) کا پورا نیٹ ورک اپنی مکمل طوالت میں مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔ یہ خصوصی مال برداری کا بنیادی ڈھانچہ کثیرالموڈل رابطے کو بہتر بنا کر، نقل و حمل کے وقت میں کمی لاتے ہوئے اور مختلف علاقوں کے درمیان سامان کی بلارکاوٹ نقل و حرکت کو آسان بنا کر ملک کے لاجسٹکس نظام کو مزید مستحکم کرے گا۔

وزیر اعظم نیو سانند (شمالی)، نیومکرپورہ، نیو امبرگاؤں اور نیو جے این پی ٹی، ممبئی سے مال بردار ٹرین خدمات کو بھی ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ وڈودرا اور ٹانڈا روڈ کے درمیان نئی ٹرین سروس کو بھی ہری جھنڈی دکھائیں گے، جس سے وڈودرا، چھوٹا ادے پور اور علی راج پور اضلاع کے عوام کو فائدہ پہنچے گا۔

وزیر اعظم چھوٹا ادے پور-دھار منصوبے کے تحت تعمیر کی گئی جوبٹ-ٹانڈا روڈ نئی ریلوے لائن قوم کے نام وقف کریں گے۔ یہ نئی ریلوے لائن علی راج پور کے دور دراز اور قبائلی علاقوں کو قومی ریلوے نیٹ ورک سے جوڑے گی۔

وزیر اعظم 329 کلومیٹر طویل اور 9,700 کروڑ روپے سے زائد لاگت والے تین ریلوے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ان میں وڈودرا-رتلام تیسری اور چوتھی ریلوے لائن، میاگام کرجن-چورندا-مالسر گیج کی تبدیلی کا منصوبہ اور وشوامتری-ڈابھوی ڈبلنگ منصوبہ شامل ہیں۔ ان منصوبوں سے مسافر اور مال برداری کی گنجائش میں اضافہ ہوگا، بھیڑ کم کرنے میں مدد ملے گی اور گجرات و مدھیہ پردیش کے درمیان رابطہ مزید مضبوط ہوگا۔

وزیر اعظم تقریباً 1,780 کروڑ روپے کی لاگت والے تین قومی شاہراہ منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ان میں قومی شاہراہ-48 کے کامریج-چلتھن حصے کو چھ لین میں تبدیل کرنا، وڈودرا-سورت حصے پر تاپی اور نرمدا دریاؤں پر بڑے پلوں سمیت اضافی ڈھانچوں کی تعمیر اور قومی شاہراہ-53 پر ابھاوا، منڈھولا اور کھاجود جنکشنوں پر گریڈ سے علیحدہ ڈھانچوں کی تعمیر شامل ہے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم قومی شاہراہ-48 کے وڈودرا-سورت حصے پر سڑک کی حفاظت بہتر بنانے اور حادثات کے لحاظ سے حساس مقامات کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے کنداری چوقدی اور لوارا پاٹیا میں چھ لین والے فلائی اوورز کا افتتاح بھی کریں گے۔

وزیر اعظم گجرات  حکومت کے تقریباً 2,600 کروڑ روپے کی لاگت والے مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے اور ان کا افتتاح بھی کریں گے۔ جن اہم منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا، ان میں وڈودرا شہری ترقیاتی اتھارٹی رنگ روڈ مرحلہ دوم، کڈانا ڈیم پر 110 میگاواٹ کا تیرتا ہوا شمسی توانائی منصوبہ اور وڈودرا میونسپل کارپوریشن کے نئے دفتر کی تعمیر سمیت دیگر منصوبے شامل ہیں۔ افتتاح کیے جانے والے منصوبوں میں پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت رہائشی منصوبے اور مشرقی وڈودرا کے 11 گاؤں کے لیے پانی کی فراہمی کا منصوبہ سمیت دیگر منصوبے شامل ہیں۔

وزیر اعظم کا ممبئی کا دورہ

وزیر اعظم گلوبل فن ٹیک فیسٹ 2026 کا افتتاح کریں گے، جو دنیا کی سب سے بڑی اور بااثر سالانہ فن ٹیک کانفرنسوں میں سے ایک ہے۔گلوبل فن ٹیک فیسٹ کا ساتواں ایڈیشن 8 سے 11 ستمبر 2026 تک ممبئی میں منعقد کیا جا رہا ہے۔ 2020 سے گلوبل فن ٹیک فیسٹ ایک بین الاقوامی فکری و پالیسی پلیٹ فارم کے طور پر ابھرا ہے، جہاں پالیسی ساز، ضابطہ کار ادارے، سنٹرل بینک، مالیاتی ادارے، فن ٹیک کمپنیاں، ٹیکنالوجی کمپنیاں، سرمایہ کار، تعلیمی شعبے سے وابستہ ماہرین اور دنیا بھر کے دیگر متعلقہ فریق مالیاتی نظام کے مستقبل کی تشکیل سے متعلق امور پر غور و خوض کے لیے ایک جگہ جمع ہوتے ہیں۔

گلوبل فن ٹیک فیسٹ 2026 کا موضوع ہے:‘امکانات سے نتائج: ایجنٹک مصنوعی ذہانت، ٹوکنائزیشن، کوانٹم — جامع مالیاتی نظام کے لیے قابلِ اعتماد، باہم مربوط اور عالمی نظام۔‘‘

جی ایف ایف 2026 کو پالیسی، ضابطہ کاری، ٹیکنالوجی، سرمایہ اور صنعت کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر یکجا کرنے کے لیے ایک مرکزی پلیٹ فارم کے طور پر تشکیل دیا گیا ہے۔ اس کا مقصد ڈیجیٹل ادائیگیوں اور مالی شمولیت کے شعبے میں ہندوستان کی قیادت کو مزید مستحکم کرتے ہوئے امکانات کو عملی اثرات میں تبدیل کرنا ہے۔ مباحثوں میں اس امر پر توجہ مرکوز کی جائے گی کہ ایجنٹک مصنوعی ذہانت، قابلِ پروگرام مالیاتی نظام، کوانٹم ٹیکنالوجیز اور دیگر اہم و ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز دنیا بھر کے شہریوں، کاروباری اداروں اور معیشتوں کے لیے قابلِ اعتماد، جامع اور قابلِ پیمائش نتائج کیسے پیدا کر سکتی ہیں۔

********

ش ح۔   م ع ن۔ ش ب ن

U-NO-3101


(ریلیز آئی ڈی: 2307351) وزیٹر کاؤنٹر : 11