وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

صدرِ ازبکستان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران وزیرِ اعظم کا خطاب

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 30 AUG 2026 4:41PM by PIB Delhi

عالی مرتبت جناب صدرِ مملکت، میرے دوست،

دونوں ممالک کے معزز وفود کے اراکین،

میڈیا سے وابستہ دوستو،

نمَسکار!

میں صدرِ مملکت اور ازبکستان کے عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے تاشقند میں میرا اور میرے وفد کا جس گرمجوشی اور محبت سے استقبال کیا۔

یہ ازبکستان کا میرا چوتھا دورہ ہے۔ یہ ہمارے باہمی تعلقات کی قربت، ہماری قریبی باہمی ہم آہنگی اور ہماری گہری دوستی کی عکاسی کرتا ہے۔

تقریباً ایک دہائی سے مجھے صدرِ مملکت کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل رہا ہے۔ اس عرصے کے دوران مجھے ان سے دس سے زیادہ مرتبہ ملاقات کا موقع ملا۔

ان کا مثبت اور مستقبل پر نگاہ رکھنے والا انداز اور مسلسل سیکھنے کا جذبہ، واقعی قابلِ تحسین اور متاثر کن ہے۔ میں بھارت کے ساتھ ان کی گہری دوستی اور ہمارے باہمی تعلقات کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کو دل کی گہرائیوں سے سراہتا ہوں۔

دوستو،

ازبکستان وسطی ایشیا کے قلب میں واقع ہے اور خطے کے ساتھ بھارت کے روابط کے بھی مرکز میں ہے۔ بھارت اور ازبکستان کے درمیان نقطۂ نظر اور امنگوں میں گہری ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ "یَنگی ازبکستان" اور "وکِست بھارت 2047" دونوں کے مرکز میں ہماری نوجوان نسل، جدت طرازی، جامع ترقی اور جدید ٹیکنالوجی موجود ہیں۔ اسی مشترکہ وژن کی رہنمائی میں ہم دونوں ممالک کے عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے کام کر رہے ہیں۔

اس سال ہماری اسٹریٹجک شراکت داری کی 15ویں سالگرہ ہے۔ اس خصوصی موقع پر ہم نے اپنے تعلقات کو جامع اسٹریٹجک شراکت داریکی سطح تک لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

آج ہم نے اس نئے فریم ورک کے تحت اپنی شراکت داری کو مزید تیزی اور ٹھوس نتائج کے ساتھ آگے بڑھانے کے لیے ایک پُرعزم ایجنڈا ترتیب دیا ہے۔

ہماری دوطرفہ تجارت ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔ اب ہم نے 2030 تک دوطرفہ تجارت کو پانچ ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس مقصد کے حصول کے لیے ہم مارکیٹ تک رسائی، رابطہ کاری، بینکاری اور ادائیگی کے نظام سے متعلق مسائل کو منظم انداز میں حل کریں گے۔

ہم بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے شعبے میں باہمی طور پر مفید تعاون کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کریں گے۔ ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر، مصنوعی ذہانت، اہم معدنیات، صاف توانائی، خلائی ٹیکنالوجی اور جوہری توانائی کے شعبوں میں تعاون ہمارے تعلقات کو مستقبل کے تقاضوں کے لیے تیار کر رہا ہے۔

دوستو،

زراعت اور صحت کے شعبوں میں ہماری صلاحیتیں ایک دوسرے کے لیے تکمیلی حیثیت رکھتی ہیں۔ ازبکستان کی باغبانی کے شعبے میں مہارت کو بھارت کے جدید زرعی طریقوں کے ساتھ یکجا کرکے، ہم دونوں ممالک کی غذائی سلامتی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

ازبکستان کی طبی جڑی بوٹیاں اور بھارت کی آیوروید کے شعبے میں مہارت بھی ایک قدرتی امتزاج ہیں۔ آج روایتی طب کے شعبے میں طے پانے والا معاہدہ اس میدان میں ہماری مشترکہ کوششوں کو مزید تقویت فراہم کرے گا۔

ہماری کوشش ہے کہ ہماری شراکت داری صرف ہمارے دونوں دارالحکومتوں تک محدود نہ رہے۔ اسی لیے ہم اپنے شہروں اور ریاستوں کے درمیان شراکت داریاں قائم کرنے کی سمت میں کام کر رہے ہیں۔ یہ شراکت داریاں شہری نظم و نسق، صنعت، تعلیم، سیاحت اور ثقافت جیسے شعبوں میں پائیدار براہِ راست روابط کو فروغ دینے میں مدد دیں گی۔

ہمارے دونوں ممالک کے درمیان قریبی دفاعی اور سلامتی تعاون اس گہرے باہمی اعتماد کا مظہر ہے جو ہمارے دوطرفہ تعلقات کی مضبوط بنیاد ہے۔ مستقبل میں ہم دونوں ممالک کی دفاعی صنعتوں کے مابین براہِ راست روابط، مشترکہ پیداوار اور مشترکہ ترقی کو مزید فروغ دیں گے۔

ہم سمجھتے ہیں کہ دہشت گردی، انتہا پسندی اور علیحدگی پسندی پورے خطے کے لیے سنگین چیلنجز ہیں۔

ان کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنانے کا ہمارا مشترکہ عزم ماضی میں بھی غیر متزلزل رہا ہے اور آئندہ بھی اسی طرح قائم رہے گا۔

دوستو،

ہمارے تعلقات کی سب سے گہری بنیاد ہماری مشترکہ تہذیبی وراثت میں پیوست ہے۔ آج ہم نے ان روابط کو مزید مضبوط بنانے پر خصوصی زور دیا۔

ہم ازبکستان کے بدھ مت سے متعلق تاریخی و ثقافتی ورثے کے مقامات کے تحفظ کے لیے مل کر کام کریں گے۔ ہمارے دونوں ممالک کے نوجوانوں، بالخصوص طلبہ اور پیشہ ور افراد کے درمیان تبادلوں کا فروغ ہماری اعلیٰ ترجیحات میں شامل ہے۔ آج ہم نے دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کے فروغ کے لیے تعاون کے ایک پروگرام پر بھی اتفاق کیا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ آج ہم ازبکستان میں ہندی زبان کے فروغ کے لیے وظائف کا اعلان کرنے جا رہے ہیں۔

کھیل بھی ہمارے باہمی تعاون کے ایک اہم شعبے کے طور پر ابھر رہےہیں۔ گزشتہ سال 20 سالہ ازبیک گرینڈ ماسٹر سندروف نے گوا میں ایف آئی ڈی ای (فیڈے) ورلڈ کپ جیتا تھا۔ اب نومبر میں ان کا مقابلہ بھارت کے 20 سالہ شطرنج کے چیمپئن گوکیش سے ہونے جا رہا ہے۔ جب شطرنج کی بساط پر یہ دونوں نوجوان ستارے آمنے سامنے ہوں گے تو پوری دنیا اس دلچسپ مقابلے کو دیکھ رہی ہوگی۔ میں اگلے ماہ سمرقند میں منعقد ہونے والے شطرنج اولمپیاڈ کے لیے بھی اپنی نیک ترین خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ آنے والے وقت میں کُراش اور کبڈی جیسے روایتی کھیل بھی ہماری کھیلوں کی شراکت داری میں نئی توانائی پیدا کریں گے۔

آج کی بات چیت نے ہمارے تعلقات کے مستقبل کے لیے ایک واضح سمت متعین کر دی ہے۔ بھارت اور ازبکستان کے درمیان مزید مضبوط شراکت داری وسطی ایشیا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک مؤثر قوت ثابت ہوگی۔

عالی جناب،

ایک بار پھر، میں آپ کی دوستی اور آج ہونے والی ثمرآور بات چیت کے لیے تہہ دل سے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

دو روز بعد ازبکستان اپنی آزادی کی 35ویں سالگرہ منائے گا۔ بھارت کے 1.4 ارب عوام کی جانب سے، میں اس موقع پر آپ کو اور ازبکستان کے تمام شہریوں کو دلی مبارک باد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔

بہت بہت شکریہ۔

 

********

 (ش ح ۔ش ت  ۔ت ا )

U. No. 2787

 


(ریلیز آئی ڈی: 2304829) وزیٹر کاؤنٹر : 11