سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

چنئی میں برکس سائنس وزارتی اجلاس سے مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ کا افتتاحی خطاب


ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے وزیر اعظم مودی کی قیادت میں سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع کے شعبے میں بھارت کی عالمی رسائی اور روابط کو اجاگر کیا

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے قابل رسائی، کم لاگت، قابل اعتماد اور پائیدار اختراعات کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور دیا

प्रविष्टि तिथि: 21 AUG 2026 2:19PM by PIB Delhi

یہاں برکس سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع سے متعلق 14ویں وزارتی اجلاس کا آغاز مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور ارضیاتی علوم، نیز وزیر مملکت برائے وزیر اعظم کا دفتر، عملہ، عوامی شکایات، پنشن، جوہری توانائی اور خلائی امور، ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے افتتاحی خطاب سے ہوا۔ انہوں نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع کے شعبے میں بھارت کی بڑھتی ہوئی عالمی رسائی اور روابط کو اجاگر کیا۔

برکس کے رکن ممالک سے آئے ہوئے وفود کا خیرمقدم کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ بھارت نے 2026 میں برکس کی صدارت کے لیے ’’لچک، اختراع، تعاون اور پائیداری کے لیے تعمیر‘‘ کو اپنا موضوع منتخب کیا ہے۔ یہ موضوع اس مشترکہ یقین کی عکاسی کرتا ہے کہ سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع کو انسانیت کی خدمت کرنی چاہیے، جس کے لیے لچک کو مضبوط بنانا، جامع ترقی کو فروغ دینا، پائیدار ترقی کو آگے بڑھانا اور ممالک کے درمیان مساوی شراکت داری کو فروغ دینا ضروری ہے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ دنیا تیزی سے تبدیلی کے دور سے گزر رہی ہے، جس کی رفتار مصنوعی ذہانت، کوانٹم ٹیکنالوجیز، جدید مواد، حیاتیاتی ٹیکنالوجی، فوٹونکس، جغرافیائی مقامی ٹیکنالوجیز اور اعلیٰ کارکردگی کی حامل کمپیوٹنگ جیسی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سے مزید تیز ہو رہی ہے۔ اگرچہ یہ ٹیکنالوجیز ترقی کے لیے بے مثال مواقع پیدا کر رہی ہیں، تاہم یہ امر بھی ضروری ہے کہ اختراع سب کے لیے قابلِ رسائی، کم لاگت، قابلِ اعتماد اور پائیدار رہے، جس کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ وسیع آبادی، سائنسی صلاحیتوں اور بڑھتی ہوئی تحقیقی استعداد کے باعث برکس باہمی تعاون پر مبنی، ذمہ دارانہ اور مستقبل پر مرکوز اختراعی نظام کو فروغ دینے کے لیے بہترین حیثیت رکھتا ہے۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع کی رہنمائی کرنے والی کمیٹی، اعلیٰ حکام اور مختلف سائنس، ٹیکنالوجی و اختراع سے متعلق ورکنگ گروپس کے کردار کو بھی سراہا، جنہوں نے مسلسل مکالمے کو برقرار رکھنے اور اسے عملی تعاون اور ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

وزیر موصوف نے کہا کہ برکس میں سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع کے شعبے میں تعاون ایک مضبوط پلیٹ فارم کی شکل اختیار کر چکا ہے، جس میں تحقیقی تعاون، اختراعی شراکت داری، نوجوان سائنس دانوں کے تبادلے، تحقیقی بنیادی ڈھانچے اور موضوعاتی ورکنگ گروپس شامل ہیں۔ بھارت کی صدارت کے دوران برکس سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع کی ترجیحات کا جامع جائزہ لیا جا رہا ہے، تاکہ تعاون کو سائنس و ٹیکنالوجی کے ابھرتے ہوئے نئے محاذوں اور معاشروں کی ترقیاتی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ بھارت سائنس اور اختراع کے لیے ایک کھلے، جامع اور انسانوں پر مرکوز نقطۂ نظر کو آگے بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے بھارت کے قومی کوانٹم مشن، قومی سپر کمپیوٹنگ مشن، بایو ای تھری پالیسی، قومی جغرافیائی مقامی پالیسی اور وسعت پذیر ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے کے نظام سمیت مختلف اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ تمام اقدامات ایسے نقطۂ نظر کی عکاسی کرتے ہیں جس میں اختراع کا حتمی مقصد عوام کی زندگیوں کو بہتر بنانا، معاشرتی لچک کو مضبوط کرنا اور پائیدار معاشی تبدیلی میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

وزیر موصوف نے برکس شراکت دار ممالک کو دعوت دی کہ وہ جدید ترین تحقیقی شعبوں، اختراعی منصوبوں کے لیے مالی اعانت، باصلاحیت افراد کی نقل و حرکت، تحقیقی بنیادی ڈھانچے کے اشتراک، نئی کاروباری شراکت داریوں اور استعدادِ کار میں اضافے کے لیے مزید گہرے تعاون کی خاطر پُرعزم لیکن عملی راستے تلاش کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کا تعاون برکس کے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراع کے ایسے مستقبل کے لیے تیار نظام کی تشکیل میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے جو عالمی چیلنجز کا مؤثر جواب دے اور عالمی جنوب کے ممالک کی امنگوں کی تکمیل میں معاون ہو۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اعتماد کا اظہار کیا کہ چنئی میں ہونے والی بات چیت برکس شراکت داری کے جذبے کو مزید مضبوط کرے گی اور زیادہ اختراعی، مضبوط اور پائیدار دنیا کی تشکیل میں بامعنی کردار ادا کرے گی۔

 

jitendra 1.jpeg

jitendra 2.jpeg

jitendra 3.jpeg

 

***

 

ش ح۔ ش ت۔ م الف

U. No- 2424


(रिलीज़ आईडी: 2301931) आगंतुक पटल : 13
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Marathi , Assamese , Manipuri , Gujarati , Tamil , Telugu , Malayalam