امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت
اہل اداروں کو حکومت سے منظور شدہ ٹیسٹ مراکز (جی اے ٹی سی) کے طور پر منظوری حاصل کرنے کے لیے درخواست دینے کی ترغیب: درخواست دینے کا عمل 31؍اگست 2026 تک جاری
प्रविष्टि तिथि:
20 AUG 2026 12:24PM by PIB Delhi
اب تک51 ٹیسٹ مراکز پہلے ہی حکومت سےمنظورشدہ | تصدیق کا دائرہ 23 زمروں تک بڑھایا گیا
زیادہ تصدیقی صلاحیت • تیز تر خدمات • بہتر صارف تحفظ
صارفین کے امور کے محکمے، وزارت صارفین کے امور، خوراک اور عوامی تقسیم نے قانونی پیمائش (حکومت سے منظور شدہ ٹیسٹ مرکز) ضابطہ، 2013 کے تحت حکومت سے منظور شدہ ٹیسٹ مراکز (جی اے ٹی سیز) کے طور پر منظوری کے لیے اہل صنعتوں، لیبارٹریوں، انجینئرنگ کالجوں، پولی ٹیکنکس، آئی ٹی آئیز اور ٹیسٹنگ سہولیات سے آن لائن درخواستیں طلب کی ہیں۔
درخواستیں جمع کرانے کا عمل فی الحال جاری ہے۔ اہل اداروں کو ترغیب دی جاتی ہے کہ کہ وہ 31 اگست 2026 کو شام 5:00 بجے تک محکمہ کے آن لائن پورٹل ای-ماپ کے ذریعے اپنی درخواستیں جمع کرائیں۔ پورٹل پر درخواست جمع کرانے، فیس کی ادائیگی، درخواست کی حیثیت معلوم کرنے اور درخواست دہندگان سے رابطے کا مکمل ڈیجیٹل نظام موجود ہے، جس سے یہ عمل مزید آسان، شفاف اور کاروبار دوست بن گیا ہے۔
محکمے نے اس سے قبل جی اے ٹی سی نظام، اس کے توسیع شدہ دائرۂ کار اور تصدیقی خدمات تک وسیع تر رسائی کے فوائد کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی ہیں۔
وسیع تر شمولیت کے ذریعے تصدیقی صلاحیت میں اضافہ
جی اے ٹی سی اقدام کا مقصد ہندوستان کے تصدیقی نظام کو وسعت دینا ہے، جس کے تحت تکنیکی طور پر اہل نجی شعبے کے اداروں کو تجارت اور کاروبار میں استعمال ہونے والے مخصوص اوزان و پیمائشوں کی تصدیق اور دوبارہ تصدیق کے عمل میں حصہ لینے کے قابل بنایا جا رہا ہے۔
اب تک 51 جی اے ٹی سی کو منظوری دی جا چکی ہے۔ محکمہ اب اس نیٹ ورک کو مزید وسعت دے رہا ہے تاکہ کاروباری اداروں کو اپنے مقامات کے قریب تصدیقی سہولیات تک زیادہ آسان رسائی حاصل ہو، تصدیق کے عمل میں لگنے والے وقت میں کمی آئے اور قواعد کی تعمیل تیزی سے ممکن ہو سکے۔
یہ اقدام ریاستی قانونی پیمائش کے محکموں کی کوششوں میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ تصدیقی خدمات کے لیے زیادہ تعداد میں منظور شدہ مراکز دستیاب ہونے سے ریاستی قانونی پیمائش افسران مارکیٹ کی نگرانی، قوانین کے نفاذ اور صارفین کی شکایات کے ازالے پر زیادہ توجہ مرکوز کر سکیں گے۔
اوزان اور پیمائش کی 23 اقسام اب دائرۂ کار میں شامل
جی اے ٹی سی ضابطہ میں حالیہ ترامیم کے بعد، تسلیم شدہ جی اے ٹی سی اب اوزان اور پیمائش کی 23 اقسام کی تصدیق اور دوبارہ تصدیق انجام دے سکتے ہیں، جن کا تعلق صحت، توانائی، نقل و حمل، خوردہ فروشی، مینوفیکچرنگ اور بنیادی ڈھانچے جیسے اہم شعبوں سے ہے۔ ان میں شامل ہیں:
(i) پانی کے میٹر
(ii) بلڈ پریشر ناپنے کے آلات
(iii) طبی تھرمامیٹر
(iv) خودکار ریلوے وزن پل
(v) فیتہ پیمانے
(vi) درستگی کی درجہ بندی کلاس III کے غیر خودکار وزن کرنے والے آلات (150 کلوگرام تک)
(vii) درستگی کی درجہ بندی کلاس IIII کے غیر خودکار وزن کرنے والے آلات
(viii) بوجھ ناپنے والے خلیے
(ix) بیم ترازو
(x) کاؤنٹر مشینیں
(xi) تمام اقسام کے باٹ
(xii) گیس میٹر
(xiii) توانائی میٹر
(xiv) نمی ناپنے والے میٹر
(xv) گاڑیوں کی رفتار ناپنے والے میٹر
(xvi) سانس میں الکوحل کی مقدار جانچنے والے آلات
(xvii) کثیر جہتی پیمائشی آلات
(xviii) فلو میٹر
(xix) پٹرول اور ڈیزل ڈسپنسر
(xx) سی این جی ڈسپنسر
(xxi) ایل پی جی ڈسپنسر
(xxii) ایل این جی ڈسپنسر
(xxiii) ہائیڈروجن ڈسپنسر۔
پٹرول، ڈیزل، سی این جی، ایل پی جی، ایل این جی اور ہائیڈروجن ڈسپنسرز کو شامل کرنا جی اے ٹی سی نظام کے حالیہ توسیعی اقدام کا حصہ ہے۔ اس سے ایندھن کی فراہمی کے نظام کی تصدیقی صلاحیت کو مضبوط بنانے اور ایندھن کے لین دین میں درست پیمائش اور شفافیت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
صنعت کے لیے آسان تر طریقۂ کار
جی اے ٹی سی مراکز میں توسیع کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنے والی ایک اہم اصلاحات ہے۔ تصدیق کے لیے صرف محدود محکمانہ سہولیات پر انحصار کرنے کے بجائے، مینوفیکچررز، تاجروں اور صارفین کو بڑھتے ہوئے جی اے ٹی سی نیٹ ورک کے ذریعے منظور شدہ تکنیکی سہولیات تک زیادہ آسان رسائی حاصل ہو سکے گی۔
ڈیجیٹل درخواست کے نظام نے بھی اس عمل کو مزید آسان بنا دیا ہے، کیونکہ درخواست دہندگان آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں، ڈیجیٹل طریقے سے فیس ادا کر سکتے ہیں اور سرکاری دفاتر کے بار بار چکر لگائے بغیر اپنی درخواستوں کی پیش رفت معلوم کر سکتے ہیں۔
اہل اداروں کے لیے ضروری ہے کہ ان کے پاس قومی معیارات سے قابلِ سراغ مقررہ جانچ اور پیمائش کی آلات، اہل تکنیکی عملہ اور جی اے ٹی سی قواعد کے تحت مقرر کردہ بنیادی ڈھانچہ موجود ہو۔
مضبوط قانونی پیمائش خدمات کے لیے شراکت داری
جی اے ٹی سی نظام قانونی پیمائش کے شعبے میں شراکت داری پر مبنی طریقۂ کار کی نمائندگی کرتا ہے۔ تکنیکی طور پر اہل لیبارٹریوں، صنعتوں، تعلیمی اور ٹیسٹنگ اداروں کو تصدیقی نظام میں شامل کرکے حکومت قانونی پیمائش کے مقررہ ضابطہ جاتی نگرانی کے نظام کو برقرار رکھتے ہوئے قابلِ اعتماد تصدیقی خدمات کی دستیابی میں اضافہ کر رہی ہے۔
اس طریقۂ کار سے ایک وسیع تر، زیادہ قابلِ رسائی اور بہتر طور پر جواب دہ تصدیقی نیٹ ورک تشکیل دینے میں مدد ملے گی، جس سے کاروباری اداروں اور صارفین دونوں کو فائدہ پہنچے گا۔
تیز تر تعمیل، قابلِ اعتماد پیمائش اور صارفین کا تحفظ
درست اوزان اور پیمائشیں منصفانہ لین دین اور صارفین کے اعتماد کے لیے ضروری ہیں۔ جی اے ٹی سی مراکز کے وسیع تر نیٹ ورک سے تصدیق اور دوبارہ تصدیق کی خدمات زیادہ آسانی سے اور بروقت دستیاب ہوں گی، جس سے کاروباری اداروں کو اپنے ضابطہ جاتی تقاضے پورے کرنے میں مدد ملے گی اور ساتھ ہی یہ بھی یقینی بنایا جا سکے گا کہ تجارتی لین دین میں استعمال ہونے والی پیمائشیں درست اور قابلِ اعتماد رہیں۔
اس اصلاح کا مقصد کاروبار کرنے میں آسانی اور صارفین کے تحفظ کے درمیان توازن قائم کرنا ہے، تاکہ ایماندار کاروباری اداروں کے لیے قواعد کی تعمیل آسان ہو اور روزمرہ کے لین دین میں استعمال ہونے والی پیمائشوں پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔
محکمے کی جی اے ٹی سی اصلاحات ڈیجیٹل حکمرانی،آتم نربھر بھارت اور ہندوستان کے معیار کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی وسیع تر کوششوں سے بھی ہم آہنگ ہیں، جس میں بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ پیمائشی طریقۂ کار سے ہم آہنگی بھی شامل ہے۔
درخواستیں 31 اگست 2026 تک جمع کرائی جاسکتی ہیں:
حکومت سے منظور شدہ ٹیسٹ مراکز بننے کے خواہش مند اہل ادارے ای-ماپ کے ذریعے آن لائن اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔
درخواست کی مدت:17 ؍اگست 2026 سے 31 اگست 2026 تک
آخری تاریخ/وقت:31 ؍اگست 2026، شام 5:00 بجے تک
اہلیت کی تفصیلی شرائط، مقررہ ضابطہ جاتی تقاضے اور درخواست دینے کا طریقہ کار پورٹل پر دستیاب ہے۔ اہل اداروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ آخری تاریخ سے پہلے درخواست کا عمل مکمل کر لیں۔ 51 جی اے ٹی سی پہلے ہی تسلیم کیے جا چکے ہیں اور تصدیق کا دائرہ 23 زمروں تک بڑھا دیا گیا ہے۔ محکمہ ہندوستان میں پیمائش کی تصدیق کے نیٹ ورک کو مزید وسیع کر رہا ہے تاکہ صنعت کو خدمات تک آسان رسائی اور تیز تر تعمیل حاصل ہو، جبکہ صارفین کو تجارتی پیمائشوں کی درستگی پر مزید اعتماد فراہم کیا جا سکے۔
***
UR-2360
(ش ح۔ م ع ن ۔ م ش)
(रिलीज़ आईडी: 2301483)
आगंतुक पटल : 7