دیہی ترقیات کی وزارت
ہنر سے قومی اعزاز تک: دین دیال اپادھیائے گرامین کوشل یوجنا (ڈی ڈی یو-جی کے وائی) کے چھ نوجوان ہندوستان کے 80ویں یومِ آزادی کی تقریبات میں خصوصی مہمان کے طور پر مدعو
प्रविष्टि तिथि:
03 AUG 2026 11:32AM by PIB Delhi
دیہی ہنرمندی کی ترقی کے انقلابی اثرات کونمایاں کرنے والے دین دیال اپادھیائے گرامین کوشل یوجنا (ڈی ڈی یو-جی کے وائی) سے مستفید ہونے والے چھ نوجوانوں، جو مغربی بنگال، چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش، اڈیشہ، میزورم اور ناگالینڈ کی نمائندگی کرتے ہیں، کو 15 اگست 2026 کو نئی دہلی میں منعقد ہونے والی ہندوستان کے 80ویں یومِ آزادی کی تقریبات میں خصوصی مہمان کے طور پر مدعو کیا گیا ہے۔
منتخب مستفیدین کو انڈیا پوسٹ کے ذریعے سرکاری دعوت نامے ارسال کیے گئے ہیں، جن کے تحت وہ لال قلعہ میں یومِ آزادی کی مرکزی تقریب میں شرکت کریں گے اور بعدمیں صدرِ جمہوریہ ہند کی جانب سے راشٹرپتی بھون میں منعقد ہونے والی باوقار "ایٹ ہوم" عشائیہ تقریب میں بھی شریک ہوں گے۔ یہ اعزاز نہ صرف ان کی انفرادی کامیابیوں کا اعتراف ہے بلکہ ڈی ڈی یو-جی کے وائی کے ذریعے ہنرمندی، پائیدار روزگار اور باوقار ملازمت کے ذریعے آنے والی مثبت تبدیلی کا قومی سطح پر اعتراف بھی ہے۔
یہ نوجوان لال قلعہ میں منعقد ہونے والی قومی یومِ آزادی کی تقریب میں شرکت کریں گے اور راشٹرپتی بھون میں ہونے والی استقبالیہ تقریب کا بھی حصہ بنیں گے۔ ان باوقار قومی تقریبات میں ان کی شرکت دیہی ہنرمندی کے نظام کے لیے باعثِ فخر ہے اور دین دیال اپادھیائے گرامین کوشل یوجنا (ڈی ڈی یو-جی کے وائی) کے ذریعے کامیابی حاصل کرنے والے ان نوجوانوں کی نمایاں کامیابی کا مظہر بھی ہے۔
دین دیال اپادھیائے گرامین کوشل یوجنا (ڈی ڈی یو-جی کے وائی)، وزارتِ دیہی ترقی، حکومتِ ہند کی دین دیال انتیودیہ یوجنا–قومی دیہی روزگار مشن (ڈی اے وائی-این آر ایل ایم) کے تحت روزگار سے منسلک ہنرمندی کی ترقی کا ایک اہم پروگرام ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے دیہی غریب نوجوانوں کو صنعت کی ضروریات کے مطابق مہارتیں، قومی سطح پر تسلیم شدہ اسناد اور پائیدار و باوقار روزگار کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔
دین دیال اپادھیائے گرامین کوشل یوجنا (ڈی ڈی یو-جی کے وائی) کے ذریعے ملک بھر کے لاکھوں دیہی نوجوانوں کو طویل مدتی روزگار اور باعزت ذریعۂ معاش کے مواقع سے جوڑا گیا ہے۔ اس پروگرام نے انہیں معاشی طور پر بااختیار، خود کفیل اورہندوستان کی ترقی کے سفر میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل بنایا ہے۔
ان چھ مستفیدین کو دیا گیا یہ دعوت نامہ ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور پائیدار ذریعۂ معاش کو فروغ دینے میں اس اسکیم کی کامیابی کا قومی اعتراف ہے۔ یہ اس بات کا مظہر ہے کہ ہنرمندی کی ترقی صرف روزگار تک محدود نہیں بلکہ یہ باوقار پیشہ ورانہ زندگی، معاشی خودمختاری اور دیہی نوجوانوں کے لیے زیادہ محفوظ مستقبل کی راہ ہموار کرتی ہے۔
یہ کامیابی منتخب مستفیدین کے عزم اور سخت محنت کے ساتھ ساتھ متعلقہ ریاستی دیہی روزگار مشنز (ایس آر ایل ایمز)، پروجیکٹ عمل درآمد ایجنسیوں (پی آئی ای) اور وزارتِ دیہی ترقی کی مشترکہ کاوشوں کی بھی عکاس ہے۔
یہ اعزاز ملک بھر کے لاکھوں دیہی نوجوانوں کے لیے باعثِ تحریک ثابت ہوگا اور اس وژن کو مزید تقویت دے گا کہ ہنر مواقع پیدا کرتا ہے، پائیدار ذریعۂ معاش خود انحصاری کو فروغ دیتا ہے، اور بااختیار نوجوان وکست بھارت کے سفر کو تیز تر بناتے ہیں۔
********
ش ح۔ ع و۔ش ب ن
U-NO-1180
(रिलीज़ आईडी: 2293621)
आगंतुक पटल : 7