MIFF banner

ایم آئی ایف ایف 2026 میں "بھارتی اور بیبو" کا عالمی پریمیئر، بھارت کی ممتاز خواتین شخصیات کو متحرک خراجِ عقیدت

ممبئی، 21 جون 2026

19ویں ممبئی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (ایم آئی ایف ایف 2026) میں "بھارتی اور بیبو" نامی ہندی اینی میشن سیریز کا عالمی پریمیئر پیش کیا گیا۔ اس سیریز کو این ایف ڈی سی اور پپیٹیکا میڈیا نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے، جبکہ اس کی ہدایت کاری سنیہا روی شنکر نے کی ہے۔

سیریز کا تعارف کراتے ہوئے سنیہا روی شنکر نے اسے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا اور اس منصوبے میں این ایف ڈی سی کے تعاون کو سراہا۔

سیریز کے آغاز میں ایک وضاحتی نوٹ شامل ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی عظیم خواتین شخصیات کی کہانیاں ان کی اصل اور غیر مدون شکل میں پیش کی گئی ہیں، تاکہ ان باوقار خواتین کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے۔

 

نوجوان بھارتی اور اس کی جادوئی ساتھی بیبو کے ذریعے بیان کی گئی اس سیریز میں بیبو کا نام "بھارت" کے مؤنث روپ کی نمائندگی کرتا ہے۔ ہر قسط کا آغاز ایک ایسے نغماتی کورس سے ہوتا ہے جو خواتین کو روزمرہ زندگی کے مختلف کرداروں میں خراجِ تحسین پیش کرتا ہے، جن میں ڈرائیور، نگہداشت کرنے والی، کتھک رقاصہ، کسان، جمناسٹ اور فنکار شامل ہیں۔

اس کا مرکزی پیغام یہ ہے:

"ناری میں دیوی میں، مجھ سے ہے سب کچھ، مجھ میں ہے سب کچھ"۔

خواتین کی متنوع صلاحیتوں اور کرداروں کی یہ پیشکش عظیم خواتین کی شبیہ کو کسی ایک مخصوص تصور یا سانچے میں محدود کرنے سے گریز کرتی ہے۔

یہ سیریز بھارت کی چار حقیقی اور ممتاز خواتین شخصیات کی زندگیوں پر روشنی ڈالتی ہے۔ اہلیابائی ہولکر کی کہانی میں اندور کی مراٹھا ملکہ کے شاہی خاندان سے ایک دانشمند منتظم اور سفارت کار کے طور پر ابھرنے کے سفر کو پیش کیا گیا ہے۔ اس میں خواتین کے پرورش کرنے والے اور رہنمائی فراہم کرنے والے کردار کو ان کی ساس کے ذریعے اجاگر کیا گیا ہے، جنہوں نے انہیں مضبوط قیادت کے اسباق سکھائے تھے۔

 

 

رانی درگاوتی کی کہانی گونڈوانہ کی ملکہ کے دورِ حکومت اور شہنشاہ اکبر کی مغل سلطنت کے خلاف ان کی جرات مندانہ مزاحمت کو بیان کرتی ہے۔ ابتدا میں مغل سپاہیوں نے انہیں یہ کہہ کر کم تر سمجھا کہ "وہ تو محض ایک عورت ہے"، لیکن ان کی استقامت اور بہادری نے بالآخر مخالفین کو ان کی طاقت تسلیم کرنے پر مجبور کر دیا۔ قسط کا اختتام اس منظر پر ہوتا ہے جہاں رانی درگاوتی ہتھیار ڈالنے کے بجائے موت کو ترجیح دیتی ہیں۔ ان کی یادگار کے طور پر جبل پور میں رانی درگاوتی یونیورسٹی قائم ہے۔ اس کہانی میں اینی میشن کے ذریعے گلابی رنگ، جو عموماً نسوانی نزاکت کی علامت سمجھا جاتا ہے، کو جرات، عزم اور بہادری کی علامت کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔

رانی راشمونی کی قسط کولکاتا کی اس سماجی مصلح کی زندگی پر مبنی ہے، جنہوں نے ایسٹ انڈیا کمپنی کی پالیسیوں کو چیلنج کیا، عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبے قائم کیے اور ایشور چندر ودیا ساگر کے ساتھ مل کر سماجی اصلاحات کے لیے جدوجہد کی، جن میں تعددِ ازدواج کے خلاف قانون سازی کی کوششیں بھی شامل تھیں۔ یہ قسط مذہبی نظام میں موجود صنفی تعصب کو بھی اجاگر کرتی ہے، جب بعض پجاریوں نے صرف اس وجہ سے داکشینیشور مندر میں پوجا کرانے سے انکار کر دیا کہ اس کی تعمیر ایک خاتون نے کرائی تھی۔

سالوماراڈا تھمّکا کی کہانی شاہی شخصیات سے مختلف انداز رکھتی ہے۔ اس میں کرناٹک کی معروف ماحولیاتی کارکن کی زندگی دکھائی گئی ہے، جنہیں رسمی تعلیم حاصل کرنے کا موقع نہیں ملا اور کم عمری میں شادی کر دی گئی، لیکن انہوں نے سینکڑوں درخت لگا کر اور ان کی پرورش کرکے انہیں اپنی اولاد کی طرح پروان چڑھایا۔ بعد میں ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں پدم شری اعزاز سے نوازا گیا۔

سیریز کی تمام قسطوں میں بیوگی، شادی اور ان خواتین کی زندگیوں میں درپیش خاموش جذباتی قربانیوں کو دیانت داری کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ اس کی کہانیوں کا ایک اہم پہلو صنفی توازن ہے، جہاں محض نسائی بالادستی کے تصور کے بجائے ایک متوازن اور بامعنی نسوانی نقطۂ نظر اختیار کیا گیا ہے۔

تعلیم اور تفریح کو یکجا کرنے والا یہ اندازِ پیشکش تاریخ کو نوجوان نسل کے لیے نہ صرف قابلِ فہم بلکہ دلچسپ بھی بناتا ہے۔ ایسے وقت میں جب بھارت کی ان عظیم خواتین کی میراث یادداشتوں سے محو ہونے کا خطرہ رکھتی ہے، "بھارتی اور بیبو" بچوں کو ان کی خدمات سے آگاہ کرنے، ان کی قدر کرنے اور ان کے مشن کو آگے بڑھانے کی اہم یاد دہانی بن کر سامنے آتی ہے۔

*****

ش ح ۔   م  د ۔  م  ص

(U :  8985)


Great films resonate through passionate voices. Share your love for cinema with #MIFF2026. Tag us @pibmumbai on X, and we'll help spread your passion! For journalists, bloggers, and vloggers wanting to connect with filmmakers for interviews/interactions, reach out to us at miff.mediadesk@pib.gov.in with the subject line: Take One with PIB.


रिलीज़ आईडी: 2276268   |   Visitor Counter: 10