صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

قبائلی امور کی وزارت کی اہم اسکالرشپ اسکیموں کے مستفیدین کے ایک گروپ نے صدرجمہوریہ سے ملاقات کی


صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے قبائلی نوجوانوں سے کہا کہ تعلیم اور ٹیکنالوجی کی طاقت کے ذریعے آگے بڑھیں، اپنی وراثت پر فخر کریں اور ایک مضبوط، خوشحال اور خود کفیل بھارت کی تعمیر کریں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 02 JUN 2026 1:51PM by PIB Delhi

قبائلی امور کی وزارت کی اہم اسکالرشپ اسکیموں کے مستفیدین کے ایک گروپ نے آج، 2 جون 2026 کو راشٹرپتی بھون میں بھارت کی صدرجمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔

1.jpg

مستفید ین سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ ہمارے ملک میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ صرف ضرورت اس بات کی ہے کہ درست رہنمائی، تعاون اور ایک مناسب پلیٹ فارم فراہم کیا جائے۔ مستفیدین کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر مواقع فراہم کئے جائیں تو ہمارے دیہات، دور دراز علاقوں اور قبائلی خطوں سے ایسے نوجوان سامنے آئیں گے جو بھارت کا نام روشن کریں گے۔

2.jpg

صدرجمہوریہ نے کہا کہ حکومت مختلف اسکیموں کے ذریعے قبائلی برادریوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کی ترقی کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ اسکالرشپ اسکیمیں صرف مالی امداد کا ذریعہ نہیں ہیں ،بلکہ یہ نوجوانوں کے خوابوں کو پرواز دینے کا کام کرتی ہیں۔ یہ اسکالرشپس ان نوجوانوں کی زندگی میں نئے امکانات کے دروازے کھولتی ہیں جن کے پاس بے پناہ صلاحیت تو ہوتی ہے لیکن وسائل کی کمی انہیں آگے بڑھنے سے روک دیتی ہے۔

3.jpg

صدر جمہوریہ نے کہا کہ تعلیم بااختیار بنانے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ تعلیم ہی وہ طاقت ہے جو کسی فرد کو خود کفیل، باخبر اور قابل بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی اپنی زندگی کے سفر میں بھی تعلیم نے ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم اور تجربہ ان بچوں کے لیے تحریک کا ذریعہ بننا چاہیے جو محدود وسائل کے باوجود بڑے خواب دیکھنے کی ہمت رکھتے ہیں۔ جب وہ دوسروں کو ساتھ لے کر آگے بڑھیں گے، تب ہی قومی شمولیتی ترقی ایک حقیقت بن سکے گی۔

4.jpg

صدرجمہوریہ نے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کی طاقت، امید اور روشن مستقبل کی علامت ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں، خصوصاً قبائلی برادریوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں سے درخواست کی کہ وہ اپنی جڑوں اور اپنے لوگوں کو نہ بھولیں۔ انہوں نے کہا کہ جب نوجوان اپنی وراثت پر فخر کرتے ہوئے، تعلیم اور ٹیکنالوجی کی طاقت کے ذریعے آگے بڑھیں گے تو وہ ایک مضبوط، خوشحال اور خود کفیل بھارت کی تعمیر کریں گے۔

ہم 2047 تک بھارت کو “ترقی یافتہ بھارت” میں تبدیل کرنے کی سمت آگے بڑھ رہے ہیں۔ اس ہدف کے حصول میں نوجوان اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ جس بھی شعبے کا انتخاب کریں، اس میں وہ سماج اور قوم کی ترقی کے لئے فعال کردار ادا کر سکتے ہیں۔

صدرجمہوریہ کی تقریر دیکھنےکیلئے براہِ کرم یہاں کلک کریں۔

***

ش ح۔ ک ا۔  خ م

U.NO.7858


(ریلیز آئی ڈی: 2267927) وزیٹر کاؤنٹر : 15