کامرس اور صنعت کی وزارتہ
مرکزی وزیرِ تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل کا اہم دورۂ کینیڈا اختتام پذیر
دورے کے دوران ہند۔کینیڈا برادری کے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور سی ای پی اے مذاکرات کو آگے بڑھانے میں کردار کو اجاگر کیا گیا
جناب گوئل نے یونیورسٹی آف ٹورنٹو کے منک اسکول سے خطاب کرتے ہوئے ہندوستان کی اقتصادی تبدیلی اور ہند۔کینیڈا شراکت داری کے فروغ پر روشنی ڈالی
جناب گوئل نے اونٹاریو سینٹر آف انوویشن اور کینیڈا۔انڈیا ٹیک کنیکٹ کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا اور مصنوعی ذہانت، کوانٹم کمپیوٹنگ اور ڈیپ ٹیک تعاون کے مواقع کو اجاگر کیا
جناب گوئل نے ہند۔کینیڈا تجارتی تعاون اور سرمایہ کاری شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے علاقائی چیمبرز کے نمائندوں سے ملاقات کی
جناب پیوش گوئل نے سرمایہ کاری شراکت داری کو وسعت دینے اور عالمی معیشت میں ہندوستان کی مضبوط موجودگی کو فروغ دینے کے لیے عالمی سرمایہ کاروں اور ہندوستانی صنعت کے سرکردہ رہنماؤں سے تبادلۂ خیال کیا
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
28 MAY 2026 9:56AM by PIB Delhi
مرکزی وزیرِ تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل نے 28 مئی 2026 کو کینیڈا کا نہایت اہم اور نتیجہ خیز تین روزہ دورہ مکمل کیا۔ ٹورنٹو میں اس دورے کے دوران اُن کی مصروفیات میں تعلیمی اداروں، اختراعات، حکومتی نمائندوں، تجارتی کونسلوں، ادارہ جاتی سرمایہ کاروں اور ہندوستانی برادری کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں شامل رہیں۔ ان سرگرمیوں نے ہند۔کینیڈا اقتصادی شراکت داری میں جاری پیش رفت کو مزید تقویت دی اور سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی تعاون اور طویل مدتی شراکت داری کے لیے ہندوستان کے ایک ممتاز عالمی مرکز کے طور پر ابھرتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا۔
دن کا آغاز مرکزی وزیرِ تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل کے یونیورسٹی آف ٹورنٹو کے معروف منک اسکول آف گلوبل افیئرز اینڈ پبلک پالیسی میں اساتذہ، محققین اور طلبہ سے خطاب سے ہوا۔ یہ ادارہ بین الاقوامی تعلقات اور عوامی پالیسی کے مطالعے کے حوالے سے دنیا کے ممتاز اداروں میں شمار ہوتا ہے۔ جناب گوئل نے وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان کی تیز رفتار اقتصادی ترقی، انقلابی اصلاحات اور عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ تعلیمی حلقوں، صنعت اور پالیسی سازوں کے درمیان مزید قریبی تعاون کے ذریعے ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔
بعد ازاں جناب پیوش گوئل نے اونٹاریو سینٹر آف انوویشن (او سی آئی) کا دورہ کیا، جہاں انہیں اختراعات کے فروغ، اسٹارٹ اپس کی معاونت اور صنعت، تعلیمی اداروں اور حکومت کے درمیان اشتراک کو مضبوط بنانے سے متعلق مختلف اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کینیڈا۔انڈیا ٹیک کنیکٹ کے ساتھ بھی مصنوعی ذہانت اور کوانٹم کمپیوٹنگ سمیت جدید ٹیکنالوجی کے ابھرتے ہوئے شعبوں پر نتیجہ خیز تبادلۂ خیال کیا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جناب گوئل نے ہندوستان کے فروغ پذیر اسٹارٹ اپ اور اختراعی نظام کا ذکر کیا اور بتایا کہ کینیڈا ان تیزی سے ترقی کرتے شعبوں میں بامعنی شراکت داری قائم کر سکتا ہے۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت، کلین ٹیک، زرعی ٹیکنالوجی اور ڈیپ ٹیک جیسے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے وسیع امکانات کو بھی اجاگر کیا، جہاں دونوں ممالک کی صلاحیتیں ایک دوسرے کی تکمیل کرتی ہیں۔
جناب پیوش گوئل نے ہند۔کینیڈا تجارتی راہداری میں سرگرم علاقائی چیمبرز کے نمائندوں کے ساتھ تفصیلی تبادلۂ خیال کیا اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری کے بہاؤ میں اضافے کے امکانات سے متعلق تعمیری تجاویز حاصل کیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کو مضبوط بنانے میں ان اداروں کے کلیدی کردار کو سراہا اور دوطرفہ تعلقات میں نئی پیش رفت اور جاری سی ای پی اے مذاکرات سے پیدا ہونے والے اہم مواقع پر روشنی ڈالی۔
ایک اہم اعلیٰ سطحی ملاقات میں جناب پیوش گوئل نے اونٹاریو کے وزیرِ اعلیٰ عزت مآب ڈگ فورڈ سے ملاقات کی اور ہندوستان۔اونٹاریو تعاون کو مزید گہرا کرنے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مال سازی، ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے، صاف توانائی، غذائی پروسیسنگ اور اہم معدنیات جیسے شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا، جو دونوں فریقوں کے لیے تزویراتی اہمیت رکھتے ہیں، اور دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
جناب پیوش گوئل نے بزنس کونسل آف کینیڈا کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب گولڈی حیدر کے ساتھ نتیجہ خیز ملاقات کی۔ مذاکرات میں ہند۔کینیڈا تجارتی روابط کو مستحکم بنانے اور ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے، صاف توانائی، اہم معدنیات اور جدید مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں صنعت کی قیادت میں شراکت داری کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز رہی۔ دونوں فریقوں نے ہند۔کینیڈا سی ای او فورم کے اس اہم کردار پر بھی تبادلۂ خیال کیا، جو دونوں ممالک کے درمیان کاروباری روابط کو گہرا بنانے میں معاون ہے۔
جناب پیوش گوئل نے اونٹاریو ٹیچرز پینشن پلان کی صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر محترمہ جوٹیلر سے ملاقات کی اور ہندوستان میں بنیادی ڈھانچے، قابلِ تجدید توانائی، مالی خدمات، صحت، ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر گفتگو کی۔ وزیر موصوف نے ہندوستان کی مضبوط اقتصادی ترقی کی صلاحیت اور مینوفیکچرنگ سمیت مختلف شعبوں میں ہندوستانی اداروں کے ساتھ شراکت داری کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا، جو پائیدار اور ہمہ گیر ترقی کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
جناب پیوش گوئل نے سی پی پی انویسٹمنٹس کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب جان گراہم سے بھی ملاقات کی اور ہندوستان میں بنیادی ڈھانچے، لاجسٹکس، قابلِ تجدید توانائی، نقل و حمل، مالی خدمات اور ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں طویل مدتی ادارہ جاتی سرمایہ کاری کو وسعت دینے پر تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے سی پی پی انویسٹمنٹس کی جانب سے ہندوستان کی ترقی کی داستان پر مسلسل اعتماد کا خیرمقدم کیا، جو بنیادی ڈھانچے، رئیل اسٹیٹ اور مالی خدمات میں اس کی نمایاں سرمایہ کاری سے ظاہر ہوتا ہے اور جو ہندوستان کی اقتصادی بنیادوں اور مستقبل کی صلاحیت پر عالمی اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
جناب پیوش گوئل نے اپنے ہمراہ دورۂ کینیڈا پر موجود ہندوستانی تجارتی وفد کے ساتھ نتیجہ خیز تبادلۂ خیال کیا، تاکہ عالمی معیشت میں ہندوستان کی موجودگی کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔ انہوں نے صنعتوں کو صاف توانائی، فضائی صنعت، غذائی پروسیسنگ، اہم معدنیات، بنیادی ڈھانچے اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں شراکت داری اور سرمایہ کاری کے مواقع فعال طور پر تلاش کرنے کی ترغیب دی، جو پائیدار ترقی اور اختراع کے لیے بے پناہ امکانات رکھتے ہیں۔ جناب گوئل نے زور دیا کہ عالمی سطح پر ہندوستان کی بڑھتی ہوئی اقتصادی حیثیت، ہندوستانی صنعت کے لیے دنیا بھر میں نئے مواقع پیدا کر رہی ہے، اور اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومتِ ہند، ہندوستان کی ترقی کی داستان کو عالمی سطح تک پہنچانے کے لیے صنعتوں کی مکمل معاونت کے لیے پُرعزم ہے۔
جناب پیوش گوئل نے اپنے تین روزہ دورۂ کینیڈا کا اختتام کینیڈا۔انڈیا فاؤنڈیشن کے اراکین کے ساتھ ایک بامعنی ملاقات کے ذریعے کیا۔ انہوں نے ہند۔کینیڈا برادری کی اس گراں قدر خدمات کو سراہا، جن کے ذریعے مضبوط تجارتی روابط اور عوامی سطح کے تعلقات کے فروغ سے دونوں ممالک ایک دوسرے کے قریب آئے ہیں۔
جناب پیوش گوئل نے کینیڈا کے دورے کے دوران اب تک کے سب سے بڑے ہندوستانی تجارتی وفد کی قیادت کی، جس میں 100 سے زائد ہندوستانی کمپنیوں کے صنعت کار رہنما شامل تھے۔ یہ اقدام ہند۔کینیڈا اقتصادی تعلقات کی مکمل بحالی کی جانب ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ سہ روزہ دورہ — جس میں 25 مئی کو اوٹاوا اور 26 تا 28 مئی ٹورنٹو کا احاطہ کیا گیا — کا مقصد ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا تھا، بالخصوص ہند۔کینیڈا جامع اقتصادی شراکت داری معاہدہ (سی ای پی اے) سے متعلق جاری مذاکرات میں تیزی لانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
اس وقت دوطرفہ تجارت کا حجم تقریباً 8.5 ارب امریکی ڈالر ہے اور دونوں حکومتیں اسے 2030 تک بڑھا کر 50 ارب امریکی ڈالر تک پہنچانے کے مشترکہ اور پُرعزم ہدف پر کاربند ہیں۔
***
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-7647
(ریلیز آئی ڈی: 2266287)
وزیٹر کاؤنٹر : 9