کامرس اور صنعت کی وزارتہ
azadi ka amrit mahotsav

صنعت و تجارت  کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل اور کناڈا کے وزیر تجارت جناب منیندر سدھو نے 50 بلین امریکی ڈالر کے دوطرفہ تجارتی ہدف اور ہندوستان- کناڈا سی ای پی اے مذاکرات کے جلد نتیجے تک پہنچنے کے عزم کا اعادہ کیا

جناب پیوش گوئل نے سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی شراکت داری کو فروغ دینے اور ہندوستان- کناڈا سی ای پی اے مذاکرات کے لیے ٹورنٹو میں کناڈا کے کاروباری رہنماؤں کے ساتھ اعلیٰ سطحی میٹنگیں کیں

جناب پیوش گوئل نے ٹورنٹو میں کناڈا -انڈیا بلڈنگ برجز تقریب میں کلیدی خطاب کیا اور اسٹریٹجک شعبوں میں مواقع پر روشنی ڈالی

جناب پیوش گوئل نے کناڈا -انڈیا انویسٹمنٹ راؤنڈ ٹیبل کی مشترکہ صدارت کی اور کناڈا کے سرمایہ کاروں کو اسٹریٹجک شعبوں میں ہندوستان کی ترقی کے سفر میں شراکت دار بننے کی دعوت دی

جناب پیوش گوئل نے کناڈا کی معروف کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ  فرداً فرداًمیٹنگیں کیں تاکہ ہندوستان میں سرمایہ کاری اور ترقی کے مواقع کو  بروئے کار لایا  جا سکے

جناب پیوش گوئل نے بریمپٹن میں ہندوستانی تارکین وطن سے خطاب کیا اور  ہندوستان- کناڈا کے تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط بنانے میں کمیونٹی کے رول پر روشنی ڈالی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 27 MAY 2026 10:42AM by PIB Delhi

صنعت و تجارت  کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل نے اپنے دورے کے دوسرے دن کناڈا کے شہر ٹورنٹو میں کناڈا کے سینئر کاروباری رہنماؤں اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی میٹنگوں کا ایک سلسلہ منعقد کیا، جس کا مقصد دوطرفہ تعاون کو گہرا کرنا اور اسٹریٹجک شعبوں میں سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کی شراکت داری کو فروغ دینا تھا۔

دن کا آغاز جناب پیوش گوئل کے کلیدی خطاب سے ہوا جو انہوں نے کناڈا -انڈیا بلڈنگ برجز تقریب میں دیا، جس کی میزبانی گلوبل افیئرز کناڈا ، سی آئی آئی اور ایسوچیم  نے ورلڈ ٹریڈ سینٹر ٹورنٹو میں کی تھی۔ اس تقریب میں ایڈوانسڈ مینوفیکچرنگ، فارماسیوٹیکل اور بائیوٹیکنالوجی، کلین ٹیکنالوجی، توانائی اور آئل اینڈ گیس سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے کاروباروں، سرمایہ کار گروپوں اور صنعتی انجمنوں کے 150 سے زیادہ نمائندوں نے شرکت کی۔

اس کے بعد  صنعت و تجارت  کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل اور کناڈا کے بین الاقوامی تجارت کے وزیر جناب منیندر سدھو کے درمیان ایک غیر رسمی گفتگو ہوئی، جس کے دوران جناب گوئل نے ہندوستان اور کناڈا کے درمیان بڑھتی ہوئی ہم آہنگی پر روشنی ڈالی اور حکومت اور صنعت کے درمیان مضبوط تعاون کے ذریعے چلنے والے ایک زیادہ مستحکم اور قابل پیش گوئی کاروباری ایکو سسٹم کی ضرورت پر زور دیا۔ کناڈا کے وزیر سدھو نے قریبی دوطرفہ تعلقات استوار کرنے کے اپنے عزم کا اظہار کیا، کناڈا میں اب تک کے سب سے بڑے ہندوستانی کاروباری وفد کی موجودگی کو سراہا اور اس سال نومبر میں ہندوستان کے لیے ایک 'ٹیم کناڈا ٹریڈ مشن' کا اعلان کیا۔ اس مجوزہ مشن کا مقصد کناڈا کی کمپنیوں کو ہندوستان لانا ہے تاکہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس، اہم معدنیات، نیوکلیئر انرجی، قابل تجدید توانائی، سیمی کنڈکٹرز، کلین ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور ایڈوانسڈ مینوفیکچرنگ جیسے شعبوں میں تعاون کے مواقع تلاش کیے جا سکیں۔ دونوں فریقین نے 2030 تک دوطرفہ تجارت کو 50 بلین امریکی ڈالر تک بڑھانے اور سال کے آخر تک سی ای پی اے مذاکرات کو حتمی شکل دینے کے اپنے مشترکہ مقصد کا اعادہ کیا۔

اس کے بعد کناڈا -انڈیا انویسٹمنٹ راؤنڈ ٹیبل یعنی ہندوستان- کناڈا  سرمایہ کاری گول میز  کانفرنس منعقد ہوئی، جس کی مشترکہ صدارت دونوں وزراء نے کی۔ راؤنڈ ٹیبل میں کناڈا کے معروف مالیاتی سرمایہ کاروں بشمول پنشن فنڈز اور بینکوں کے ساتھ ساتھ ہندوستان اور کناڈا دونوں کے سینئر سرکاری نمائندوں نے شرکت کی۔ بات چیت میں حکومت ہند کی طرف سے انفراسٹرکچر کی ترقی، مالیاتی شعبے کی اصلاحات اور کاروبار کرنے میں آسانی پر مسلسل زور دینے پر توجہ مرکوز کی گئی، جو عالمی سرمایہ کاروں کے لیے اہم مواقع پیدا کر رہے ہیں۔ جناب گوئل نے   متعلقہ فریقین کو صاف ستھری توانائی، ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، مینوفیکچرنگ اور سپلائی چین کی تنوع جیسے شعبوں میں ہندوستان کے ساتھ شراکت داری کرنے کی دعوت دی، جبکہ دونوں ممالک کے لیے پائیدار ترقی اور مشترکہ خوشحالی کی حمایت کے لیے مالیاتی منڈیوں میں تعاون کو  مزیدگہرا کرنے کے راستے تلاش کرنے پر بھی زور دیا۔

جناب پیوش گوئل نے انشورنس، فوڈ پروسیسنگ، بینکنگ، اور اہم معدنیات کی پروسیسنگ سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی کناڈا کی معروف کمپنیوں کے ساتھ ساتھ اہم مالیاتی سرمایہ کاروں کے ساتھ انفرادی میٹنگیں بھی کیں۔ بات چیت میں ہندوستان میں ان کی بڑھتی ہوئی دلچسپی پر توجہ مرکوز کی گئی اور اس میں ہندوستان کا میکرو اکنامک آؤٹ لک، گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران تجارتی معاہدوں پر حکومت کی نئی توجہ، اعلیٰ ترقی والے شعبوں میں مواقع، اسٹیم  ٹیلنٹ کی دستیابی اور اس کے نتیجے میں گلوبل کیپبلٹی سینٹرز (جی سی سی) کا  فروغ، اسٹریٹجک سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنے والی پروڈکشن لنکڈ انسیٹیو (پی ایل آئی) اسکیمیں اور ہندوستان کے مسلسل بہتر ہوتے ہوئے ریگولیٹری ماحول جیسے موضوعات شامل تھے۔

جناب پیوش گوئل نے ہمبر بے پارک میں واقع کنشک میموریل کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے گلہائے عقیدت نذر کئے، متاثرین کے اہل خانہ سے بات چیت کی اور ایئر انڈیا اے آئی 182 دہشت گردانہ حملے میں اپنی جانیں گنوانے والوں کو دلی خراج عقیدت پیش کیا۔

دن کا اختتام قونصلیٹ جنرل آف انڈیا، ٹورنٹو کی جانب سے بریمپٹن کے پیئرسن کنونشن سینٹر میں دیے گئے ایک استقبالیہ کے ساتھ ہوا۔ وہاں موجود ہندوستانی برادری  سے خطاب کرتے ہوئے، جناب پیوش گوئل نے کناڈا  میں ہندوستانی برادری کی طاقت اور ہندوستان- کناڈا کے کاروباری راہداری کو گہرا کرنے میں اس کے اہم رول کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہندوستانی تارکین وطن کو نہ صرف ہندوستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے روابط بڑھانے میں بلکہ مضبوط ثقافتی تبادلوں، کمیونٹی کی شمولیت اور پورے کناڈا میں ہندوستانی کاروباروں کی ترقی کو فروغ دینے میں بھی اہم رول ادا کرنا ہے۔

جناب گوئل کناڈا میں اب تک کے سب سے بڑے ہندوستانی کاروباری وفد کی قیادت کر رہے ہیں، جس میں 100 سے زائد ہندوستانی کمپنیوں کے صنعتی رہنما شامل ہیں، جو ہندوستان- کناڈا کے اقتصادی تعلقات کی مکمل بحالی کی طرف ایک تاریخی قدم ہے۔ یہ تین روزہ دورہ، جس کا آغاز 25 مئی کو اوٹاوا میں اہم مصروفیات کے ساتھ ہوا تھا، اس کا مقصد ہندوستان اور کناڈا کے درمیان دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعلقات کو  مزیدآگے بڑھانا ہے، جس میں خاص طور پر ہندوستان- کناڈا جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے (سی ای پی اے) کے لیے جاری مذاکرات کو تیز کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

******

 

ش ح۔م م ع۔ن م۔

U- 7604

                          


(ریلیز آئی ڈی: 2265726) وزیٹر کاؤنٹر : 20