وزارت اطلاعات ونشریات
azadi ka amrit mahotsav

معروف نغمہ نگار اور ماہرِ ابلاغیات جناب پرسون جوشی پرسار بھارتی کے چیئرمین مقرر


جناب پرسون جوشی کی تقرری سے ادارے کو ’’نئی توانائی اور تخلیقی آواز‘‘ ملےگی: جناب اشونی ویشنو

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 02 MAY 2026 5:12PM by PIB Delhi

وزارتِ اطلاعات و نشریات نے ممتاز نغمہ نگار، ادیب اور ماہرِ ابلاغیات جناب پرسون جوشی کو ہندوستان کے عوامی نشریاتی ادارے پرسار بھارتی کا چیئرمین مقرر کیا ہے۔

جناب پرسون جوشی ایک ممتاز تخلیقی شخصیت ہیں جنہوں نے ادب، اشتہارات، سنیما اور ابلاغ  عامہ کے میدانوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ اپنی مؤثر تحریر اور گہری تہذیبی بصیرت کے باعث وہ خاص شناخت رکھتے ہیں۔ معاصر  ہندوستانی میڈیا بیانیے کی تشکیل میں بھی ان کا اہم کردار رہا ہے۔ ان کے کام میں مقبول فلمی نغمات، کامیاب اشتہاری مہمات اور سماجی شعور سے بھرپور ایسی کہانیاں شامل ہیں جو ملک بھر کے مختلف طبقات سے گہرا ربط  رکھتی ہیں۔

ان کی  تقرری پر مرکزی وزیرِ اطلاعات و نشریات جناب اشونی ویشنو نے کہا:“میں جناب پرسون جوشی جی کو پرسار بھارتی بورڈ کے چیئرمین مقرر ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پرسون  جوشی جی ایک نادر تخلیقی شخصیت ہیں جنہیں اشتہارات، ادب، فنون اور سنیما کی دنیا میں عالمی سطح پر قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، مگر ان کا دل خالصتاً ہندوستان کے لیے دھڑکتا ہے۔ ان کے الفاظ میں ہماری مٹی کی خوشبو بسی ہوئی ہے اور ان کی بصیرت ہماری تہذیب کے لازوال جوہر کی عکاسی ہے۔ ان کی قیادت میں پرسار بھارتی کو  نئی توانائی، حقیقی مقصد اور تازہ تخلیقی آواز حاصل ہوگی۔ میں ان کے لیے کامیاب، یادگار اور بامعنی دورِ قیادت کی نیک تمنائیں پیش کرتا ہوں۔

اس تقرری سے قبل جناب پرسون جوشی اگست 2017 سے ممبئی میں سینٹرل بورڈ  فار فلم سرٹیفکیشن (سی بی ایف سی) کے چیئرمین کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے، جہاں انہوں نے فلمی تصدیقی عمل کو مضبوط بنانے اور فلمی صنعت کے مختلف فریقوں سے مؤثر رابطہ قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ سی بی ایف سی میں ان کی مدتِ کار تخلیقی آزادی اور ضابطہ جاتی ذمہ داری کے درمیان متوازن طرزِ عمل کا آئینہ دار رہی ہے۔اس سے پہلے وہ میک کین ورلڈ گروپ انڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور میک کین ورلڈ گروپ ایشیا پیسیفک کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔ وہ 2016 سے اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار آرٹس کے ٹرسٹیوں میں بھی شامل ہیں۔

تخلیقی صنعتوں اور عوامی ابلاغ میں اپنے وسیع تجربے کے باعث توقع کی جا رہی ہے کہ جناب پرسون جوشی ایسے وقت میں پرسار بھارتی کی قیادت کو منفرد وژن فراہم کریں گے جب عوامی نشریات کا شعبہ تیز رفتار تکنیکی تبدیلیوں اور ناظرین کی بدلتی توقعات سے گزر رہا ہے۔

پرسار بھارتی کے بارے میں

پرسار بھارتی کا قیام پرسار بھارتی (براڈکاسٹنگ کارپوریشن آف انڈیا) ایکٹ 1990 کے تحت عمل میں آیا۔ یہ ادارہ 1997 سے باقاعدہ طور پر سرگرمِ عمل ہے۔ یہ ہندوستان  کا ایک قانونی، خود مختار اور عوامی خدمت پر مبنی نشریاتی ادارہ ہے۔ اس کے تحت دو بڑے شعبے کام کرتے ہیں:

  • آل انڈیا ریڈیو(اے آئی آر)یہ دنیا کے سب سے بڑے ریڈیو نیٹ ورکس میں شمار ہوتا ہے، جو شہری اور دیہی ہندوستان  میں لاکھوں سامعین تک مختلف زبانوں اور بولیوں میں اپنی نشریات پہنچاتا ہے۔
  • دوردرشن (ڈی ڈی)یہ ہندوستان  کا قومی ٹیلی نشریاتی ادارہ ہے، جو خبروں، تعلیم، تفریح اور ثقافتی پروگراموں سمیت متنوع نوعیت کا مواد نشر کرتا ہے۔

پرسار بھارتی نے عوامی نشریات کے جذبے کے تحت مفت او ٹی ٹی خدمات کو مضبوط بنانے کے لیے ویوز او ٹی ٹی پلیٹ فارم بھی شروع کیا ہے۔

پرسار بھارتی ملک بھر میں اطلاعات کی ترسیل، قومی یکجہتی کے فروغ، ثقافتی وراثت کے تحفظ اور معتبر عوامی نشریاتی خدمات کی فراہمی میں نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اپنے وسیع زمینی اور ڈیجیٹل نیٹ ورک کے ساتھ یہ ادارہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم، ڈی ٹی ایچ خدمات اور ارکائیو کی پہل کے ذریعے مسلسل اپنی رسائی میں اضافہ کر رہا ہے۔

******

(ش ح۔ م ش ع ۔ م ا)

U.no-6573


(ریلیز آئی ڈی: 2257556) وزیٹر کاؤنٹر : 16