وزارت اطلاعات ونشریات
azadi ka amrit mahotsav

اطلاعات و نشریات کے مرکزی سکریٹری کا آئی آئی سی ٹی کا دورہ، توسیعی منصوبوں اور مواد تخلیق کار لیب کی منصوبہ بندی کا جائزہ


سکریٹری اطلاعات و نشریات نے آئی آئی سی ٹی پر زور دیا کہ وہ بھارت کی تخلیقی صلاحیتوں کے نظام کو فروغ دینے میں قائدانہ کردار ادا کرے

جناب جاجو نے آئی آئی سی ٹی کو میڈیا و تفریح کے شعبے میں اسٹارٹ اپس کی افزائش کے لیے ایک فعال مرکز بنانے کی تلقین کی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 18 MAR 2026 6:13PM by PIB Delhi

ممبئی، 18 مارچ 2026

وزارتِ اطلاعات و نشریات کے سکریٹری، جناب سنجے جاجو نے آج ممبئی میں این ایف ڈی سی کمپلیکس میں واقع انڈین انسٹی ٹیوٹ آف کریئیٹو ٹیکنالوجیز (آئی آئی سی ٹی) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ادارے کی ترقی کی رفتار اور توسیعی منصوبوں کا جائزہ لیا۔

جناب جاجو کی صدارت میں ہوئے جائزہ اجلاس میں تمام بورڈ اراکین اور صنعت کے نمائندوں نے شرکت کی۔ انہوں نے ادارے کی قیادت کے ساتھ اس کے اسٹریٹجک نقش راہ  پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ گفتگو کا مرکز آئی آئی سی ٹی کے تعلیمی پروگراموں اور بنیادی ڈھانچے کو وسعت دینا تھا تاکہ تخلیقی اور ڈیجیٹل معیشت کی بدلتی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ انہوں نے صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے جاری اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب جاجو نے کہا،  ” بنیادی ڈھانچہ تیار ہے اور تقریباً 150 طلبہ پہلے ہی آئی آئی سی ٹی میں اپنی تعلیم کا آغاز کر چکے ہیں۔ ہدف یہ ہے کہ جولائی تک طلبہ کی تعداد 400 تک پہنچ جائے، ساتھ ہی 20 اسٹارٹ اپس فزیکل موڈ میں اور اس سے کہیں زیادہ ورچوئل موڈ میں قائم کیے جائیں۔ ادارہ پروڈکشن اور پوسٹ پروڈکشن کے کام کے لیے اعلیٰ معیار کا بنیادی ڈھانچہ فراہم کرتا ہے “ ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت آئی آئی سی ٹی میں 11 اسٹارٹ اپس کی پرورش کی جا رہی ہے۔ جناب جاجو نے یہ بھی کہا کہ جلد ہی گوریگاؤں کی فلم سٹی میں ایک وسیع کیمپس تیار کیا جائے گا اور وہاں کلاسز 2028 میں شروع ہونے کی توقع ہے۔

اجلاس میں ہونے والی گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے سکریٹری اطلاعات و نشریات نے بتایا کہ صنعت کے ساتھ ویژول گیمنگ، وی ایف ایکس اور مواد تخلیق کی لیبارٹریز کے حوالے سے بھی تبادلۂ خیال کیا گیا، جن کا اعلان مرکزی بجٹ میں کیا گیا تھا۔ جناب جاجو نے کہا کہ توجہ اس بات پر مرکوز رہی کہ تخلیقی معیشت کو مزید کس طرح مضبوط بنایا جائے۔ گزشتہ سال ویوز سمٹ کے دوران “اورنج اکانومی” اقدام کے تحت 20 لاکھ افراد کو مواد تخلیق اور تخلیقی شعبوں سے جوڑنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ آج کی گفتگو میں اس ہدف کے حصول کے لیے درکار اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/Picture70XNA.jpg

دورے کی ایک اہم جھلک اس تجویز پر غور و خوض تھا جس کے تحت ملک بھر کے 15,000 ثانوی اسکولوں اور 500 کالجوں میں مواد تخلیق کار لیبارٹریز قائم کی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد ڈیجیٹل تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا، میڈیا خواندگی کو بہتر بنانا، اور طلبہ کو مواد کی تیاری کی ایسی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے جو کریئیٹر اکانومی میں ابھرتے مواقع سے ہم آہنگ ہوں۔

جناب جاجو نے ادارے کی جدید ترین سہولیات کا دورہ بھی کیا، جن میں تربیتی پروگرامز، پروڈکشن انفراسٹرکچر اور جدت پر مبنی مراکز شامل ہیں۔ انہوں نے بورڈ کے اراکین سے ملاقات کی اور بھارت کے تخلیقی صلاحیتوں کے نظام کو فروغ دینے میں آئی آئی سی ٹی کے کردار پر خیالات کا تبادلہ کیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/Picture834H9.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/Picture9EDPP.jpg

ادارہ اس وقت اینیمیشن، گیمنگ، پوسٹ پروڈکشن اور ایکسٹینڈڈ ریئلٹی کے شعبوں میں 18 خصوصی کورسز پیش کر رہا ہے۔ ان میں گیمنگ کے چھ، پوسٹ پروڈکشن کے چار، اور اینیمیشن، کامکس اور ایکس آر کے آٹھ کورسز شامل ہیں۔ اہم پروگرامز میں 24 ماہ کے انڈرگریجویٹ ڈپلوما شامل ہیں، جیسے اینیمیشن فلم ڈیزائن، انٹرایکٹو ویڈیو گیم ڈیزائن اینڈ ڈیولپمنٹ، اور آرٹ اینڈ سائنس آف پوسٹ پروڈکشن اینڈ ویژول ایفیکٹس۔ اس کے علاوہ، آئی آئی سی ٹی تین سے چھ ماہ کے مختصر مدتی ڈپلوما اور سرٹیفکیٹ کورسز بھی پیش کرتا ہے، جن میں 3ڈی کریکٹر ڈیزائن، ویژول ایفیکٹس، سنیماٹک ورچوئل ریئلٹی فلم میکنگ، ای اسپورٹس مینجمنٹ، اور فلم سازی میں مصنوعی ذہانت جیسے شعبے شامل ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/Picture10O34P.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/Picture11NFWI.jpg

یہ دورہ اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ مرکزی وزارتِ اطلاعات و نشریات ڈیجیٹل تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ اور بھارت کے تیزی سے ترقی کرتے میڈیا اور تفریحی شعبے کی معاونت کے لیے ادارہ جاتی ڈھانچوں کو مضبوط بنانے پر مسلسل زور دے رہی ہے۔

این ایف ڈی سی کمپلیکس میں آئی آئی سی ٹی کے دورے کے موقع پر، مرکزی سکریٹری اطلاعات و نشریات نے نیشنل میوزیم آف انڈین سنیما (این ایم آئی سی) کا بھی دورہ کیا، جہاں جناب جاجو نے اسکول کے طلبہ کے ایک وفد سے ملاقات کی اور ان سے گفتگو کی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/Picture12LZSY.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/Picture13XJTS.jpg

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-4409


(ریلیز آئی ڈی: 2242079) وزیٹر کاؤنٹر : 12