صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
صدر جمہوریہ ہند نے 16ویں قومی یومِ رائے دہندگان کی تقریبات کی رونق بڑھائی
ووٹ دینا محض ایک سیاسی اظہار نہیں بلکہ انتخابی جمہوری عمل پر شہریوں کے اعتماد کی عکاسی ہے: صدر دروپدی مرمو
प्रविष्टि तिथि:
25 JAN 2026 2:32PM by PIB Delhi
صدرِ جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (25 جنوری 2026) نئی دہلی میں 16ویں قومی یومِ رائے دہندگان کی تقریبات میں شرکت کی اور اجتماع سے خطاب کیا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ ہماری جمہوریت کی طاقت صرف ووٹروں کی بڑی تعداد میں نہیں بلکہ جمہوری جذبے کی گہرائی میں بھی مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے معمر ووٹرز، دیویانگ (خصوصی صلاحیتوں کے حامل) ووٹرز اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے افراد بھی اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کرتے ہیں۔ صدرِ جمہوریہ نے باشعور ووٹرز اور الیکشن کمیشن کی قیادت میں انتخابی عمل سے وابستہ تمام افراد کی ستائش کی، جنہوں نے اس حقِ رائے دہی کے استعمال کی متعدد متاثر کن مثالیں قائم کیں۔
صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ عوامی شمولیت، نچلی سطح پر جمہوریت کے جذبے کو عملی شکل دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اس مقصد کے تحت متعدد اقدامات کیے ہیں کہ ’’کوئی بھی ووٹر پیچھے نہ رہ جائے‘‘۔ ووٹر بیداری میں اضافے کے لیے کئی پروگرام منعقد کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے منتخب کردہ اس سال کا موضوع “میرا بھارت، میرا ووٹ: بھارتی جمہوریت کے مرکز میں بھارتی شہری” ہماری جمہوریت کی روح کی عکاسی کرتا ہے اور ہمارے جمہوری نظام میں حقِ رائے دہی کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ ووٹ دینا محض ایک سیاسی اظہار نہیں ہے بلکہ یہ انتخابات کے جمہوری عمل پر شہریوں کے اعتماد کی عکاسی ہے۔ یہ شہریوں کے لیے اپنی امنگوں اور خواہشات کے اظہار کا بھی ایک ذریعہ ہے۔ تمام بالغ شہریوں کو بلا امتیاز حاصل حقِ رائے دہی ہمارے آئینی اصولوں، یعنی سیاسی و سماجی انصاف اور مساوات، کو عملی شکل دیتا ہے۔ آئین میں درج ’’ایک شخص، ایک ووٹ‘‘ کا نظام ہمارے آئین سازوں کے عوام کی دانائی پر پختہ یقین کا نتیجہ ہے۔ ملک کے ووٹرز نے اس یقین کو درست ثابت کیا ہے اور بھارتی جمہوریت نے دنیا بھر میں ایک غیر معمولی مثال کے طور پر احترام حاصل کیا ہے۔ صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ گرچہ حقِ رائے دہی اہم ہے، لیکن یہ بھی اتنا ہی ضروری ہے کہ تمام بالغ شہری اپنی آئینی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ تمام ووٹرز لالچ، لاعلمی، غلط معلومات، پروپیگنڈا اور تعصب سے بالاتر ہو کر اپنے ضمیر کی طاقت کے ذریعے ہمارے انتخابی نظام کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
صدرِ جمہوریہ نے ملک بھر کے تمام نوجوان ووٹرز کو مبارکباد دی جنہیں ان کے ووٹر شناختی کارڈ جاری کیے گئے ہیں اور کہا کہ یہ کارڈ انہیں دنیا کی سب سے بڑی اور سب سے متحرک جمہوریت میں فعال طور پر حصہ لینے کا انمول حق عطا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے ووٹرز بھارت کے مستقبل کے معمار ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ملک کے تمام نوجوان ووٹرز ذمہ داری کے ساتھ اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے اور قوم کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
سنہ 2011 سے قومی یومِ رائے دہندگان ہر سال 25 جنوری کو باقاعدگی سے منایا جاتا ہے تاکہ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے یومِ تاسیس کی یاد منائی جا سکے۔ اس تقریب کا مقصد ووٹر کی مرکزی حیثیت کو اجاگر کرنا، شہریوں میں انتخابی بیداری پیدا کرنا اور جمہوری عمل میں ان کی فعال شرکت کی ترغیب دینا ہے۔
صدرِ جمہوریہ کی تقریر دیکھنے کے لیے براہِ کرم یہاں کلک کریں-
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno- 1060
(रिलीज़ आईडी: 2218491)
आगंतुक पटल : 24