ریلوے کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر اشونی ویشنو 9 جنوری کو 70ویں اَتی وشِشٹ ریل سیوا پرسکار 2025 کے تحت 100 ریلوے افسران کو اعزازات اور بہترین کارکردگی دکھانے والے ریلوے زونز کو 26 شیلڈز عطا کریں گے

प्रविष्टि तिथि: 08 JAN 2026 6:28PM by PIB Delhi

انڈین ریلوے نے ادارے کے لیے مثالی خدمات اور نمایاں کارناموں کے اعتراف میں 100 مخلص ملازمین اور افسران کو باوقار 70واں اَتی وِشِشٹ ریل سیوا پرسکار 2025 دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایوارڈ کی تقریب 9 جنوری 2026 کو انڈیا انٹرنیشنل کنونشن اینڈ ایکسپو سینٹر (یشوبھومی)، دوارکا، نئی دہلی میں منعقد ہوگی۔

ریلوے، اطلاعات و نشریات، اور الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر، جناب اشونی ویشنو منتخب ریلوے اہلکاروں کو 70واں اَتی وِشِشٹ ریل سیوا پرسکار عطا کریں گے۔ اس موقع پر ریلوے اور جل شکتی کے وزیرِ مملکت جناب وی سومنا، ریلوے اور فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریز کے وزیرِ مملکت جناب رویت سنگھ، ریلوے بورڈ کے چیئرمین و سی ای او جناب ستیش کمار، ریلوے بورڈ کے اراکین، اور مختلف ریلوے زونز و پروڈکشن یونٹس کے جنرل منیجرز بھی موجود ہوں گے۔

اَتی وِشِشٹ ریل سیوا پرسکار–2025 کے لیے مجموعی طور پر 100 انعام یافتگان کا انتخاب کیا گیا ہے، جن میں جدت، عملیاتی کارکردگی، حفاظت و سلامتی، آمدنی میں اضافہ، منصوبوں کی بروقت تکمیل، کھیلوں میں امتیازی کارکردگی اور دیگر نمایاں شعبہ جات شامل ہیں۔

جدت اور کارکردگی کی حوصلہ افزائی

17 افسران اور ملازمین کو نئی اختراعات، طریقۂ کار اور عمل متعارف کرانے پر اعزاز دیا جائے گا، جن کے نتیجے میں پیداوار میں اضافہ، اخراجات میں کفایت، درآمدی متبادل اور وسائل کے مؤثر استعمال کو فروغ ملا، جس سے انڈین ریلوے کی مجموعی کارکردگی مضبوط ہوئی۔

بہادری اور بے لوث خدمت کا اعتراف

22 ریلوے ملازمین اور افسران کو ذاتی سلامتی کی پروا کیے بغیر انجام دی گئی شجاعانہ خدمات پر سراہا جائے گا، جن کے باعث انسانی جانوں اور ریلوے املاک کا تحفظ ممکن ہوا اور عوامی خدمت کے لیے غیر معمولی جرات، عزم اور لگن کا مظاہرہ سامنے آیا۔

آمدنی میں اضافہ اور چوکسی

14 افسران اور عملے کے اراکین کو ریلوے کی آمدنی بڑھانے، بغیر ٹکٹ سفر، چوری اور دیگر بدعنوان طریقوں کی مؤثر روک تھام پر ایوارڈ دیا جائے گا، جس سے مالی نظم و ضبط مضبوط اور آمدنی محفوظ ہوئی۔

عملیاتی برتری اور اثاثہ جات کا تحفظ

19 ملازمین اور افسران کو آپریشنز میں بہتری، حفاظت و سلامتی کے فروغ، بہتر دیکھ بھال کے طریقوں اور ریلوے اثاثہ جات کے بہترین استعمال و تحفظ میں مثالی کارکردگی پر اعزاز سے نوازا جائے گا۔

اہم منصوبوں کی بروقت تکمیل

16 افسران اور ملازمین کو ریکارڈ مدت میں اہم ریلوے منصوبے مکمل کرنے پر سراہا جائے گا، جس سے بنیادی ڈھانچے میں توسیع، گنجائش میں اضافہ اور عملیاتی کارکردگی بہتر ہوئی۔

دیگر شعبہ جات میں شاندار کارکردگی

10 افسران اور ملازمین کو متعین زمروں سے ہٹ کر مختلف شعبہ جات میں غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیت، لگن اور مؤثر خدمات کے اعتراف میں اعزاز دیا جائے گا۔

کھیلوں میں امتیازی کامیابیاں

کھیلوں میں قومی و بین الاقوامی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے 2 کھلاڑیوں کو بھی اَتی وِشِشٹ ریل سیوا پرسکار–2025 دیا جائے گا، جنہوں نے انڈین ریلوے کا نام روشن کیا۔

انفرادی اعزاز سے آگے

انفرادی اعزازات کے علاوہ، مختلف زمروں میں بہترین کارکردگی دکھانے والے ریلوے زونز کو مجموعی طور پر 26 شیلڈز دی جائیں گی، جو ان کی شاندار کامیابیوں اور مجموعی برتری کا اعتراف ہیں۔

انعام یافتگان میں وہ اہلکار بھی شامل ہیں جنہوں نے مہاکمبھ جیسے بڑے اجتماعات کے دوران محفوظ اور بلا رکاوٹ ریلوے آپریشنز کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اسی طرح آپریشن سندور کے دوران سخت حالات میں ریلوے سروسز کے تسلسل اور عوامی امداد کو یقینی بنانے والے افسران، نیز مشکل حصوں میں جدید بالسٹ کلیننگ مشینیں متعارف کرانے والے اہلکار بھی شامل ہیں، جس سے ٹریک سیفٹی، سواری کے معیار اور طویل المدتی دیکھ بھال کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی۔

یہ ایوارڈ تقریب انڈین ریلوے کے اس عزم کی عکاس ہے کہ وہ لگن، پیشہ ورانہ مہارت اور مثالی خدمات کو سراہتے ہوئے اپنی افرادی قوت کی اجتماعی کوششوں کا جشن منائے—تاکہ ایک زیادہ محفوظ، مؤثر اور مسافر دوست ریل نظام کی تعمیر جاری رہے۔

*****

ش ح ۔ م د ۔ م ص

(U :308 )


(रिलीज़ आईडी: 2212606) आगंतुक पटल : 12
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: Tamil , Malayalam , Assamese , English , हिन्दी , Gujarati , Odia , Telugu , Kannada