iffi banner

کرن سنگھ تیاگی نے 56ویں آئی ایف ایف آئی میں ’کیسری چیپٹر 2‘ کے لیے ہندوستانی فیچر فلم کے بہترین ڈیبیو ڈائریکٹر کا ایوارڈ جیتا


اطلاعات و نشریات اور پارلیمانی امور کے وزیر مملکت ڈاکٹر ایل مروگن نے ایوارڈ دیا

جیوری نے فلم کی سنیمائی قدر اور تاریخی اہمیت کو تسلیم کیا

آئی ایف ایف آئی ووڈ، 28 نومبر، 2025

ابھرتے ہوئے سنیما کے ہنر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے، 56ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا نے آج کرن سنگھ تیاگی کو ان کی نہایت سراہی جانے والی فلم ’کیسری چیپٹر 2‘ کے لیے بہترین ڈیبیو ڈائریکٹر کا ایوارڈ عطا کیا۔ اطلاعات و نشریات اور پارلیمانی امور کے وزیر مملکت ڈاکٹر ایل مروگن نے آج اختتامی تقریب کے دوران کرن سنگھ تیاگی کو یہ ایوارڈ پیش کیا۔ وزارت اطلاعات و نشریات کے سیکریٹری جناب سنجے جاجو بھی اس موقع پر موجود تھے۔

 

 

فلم ساز، مصنف اور پروڈیوسر کرن سنگھ تیاگی نے اپنی کہانی گوئی اور بامعنی بیانیوں کے عزم کے ذریعے بھارتی سنیما میں اپنے لیے ایک منفرد مقام قائم کیا ہے۔ ان کے کام میں پہلے ہی نمایاں تخلیقات جیسے ’بندش بینڈٹس‘ اور ’کال کوٹ‘ شامل ہیں، اور ’کیسری چیپٹر 2‘ کے ذریعے انہوں نے خود کو ایک ایسے ہدایت کار کے طور پر مستحکم کر لیا ہے جس پر سب کی نظر ہے۔

جیوری نے اپنے تبصرے میں کہا کہ فلم میں بھارتی آزادی کی جدوجہد کی سنیمائی اقدار، تاریخی اہمیت اور پر اثر لمحات کو نہایت خوبی سے پیش کیا گیا ہے۔ انڈین پینوراما کے جیوری ممبران اور چیئرپرسن نے یہ بھی کہا کہ وہ ہدایت کار، پروڈیوسر، اداکاروں اور تکنیکی عملے کو مبارک باد پیش کرتے ہیں اور ’کیسری چیپٹر 2‘ کو بصری حسن و کمال کا مظہر قرار دیتے ہیں۔

’کیسری چیپٹر 2‘ سونکرن نائر کی غیر معمولی سچی کہانی بیان کرتی ہے، جو کیرلا کے بے خوف وکیل تھے جنہوں نے جلیانوالہ باغ کے قتل عام کے پیچھے اصل حقیقت سامنے لانے کے لیے برطانوی سلطنت کا سامنا کیا۔ بحیثیت رکن وائسرائے کونسل، نائر نے جنرل ڈایر کی بے گناہ شہریوں پر جان بوجھ کر فائرنگ کے ناقابل تردید شواہد دریافت کیے۔ نوجوان وکیل دلریت گِل کے ساتھ مل کر انہوں نے استعماری نظام کے خلاف ایک جرات مندانہ قانونی جنگ شروع کی، اور سینکڑوں متاثرین کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا۔

 

 

فلم نہ صرف نائر کے لا زوال حوصلے کو قید کرتی ہے بلکہ بھارت کی آزادی کی تحریک میں ان کے اقدامات سے پیدا ہونے والی چنگاری کو بھی اجاگر کرتی ہے۔ ’کیسری چیپٹر 2‘ اپنے دلکش کورٹ روم ڈرامے اور پُراعتماد اداکاریوں کے ذریعے بھارتی تاریخ کے ایک کم معروف باب کو سینمائی شدت اور جذباتی گہرائی کے ساتھ زندہ کرتی ہے۔

بہترین ڈیبیو ڈائریکٹر (بھارتی فیچر فلم) ایوارڈ، آئی ایف ایف آئی کی اس مسلسل کوشش کا حصہ ہے جس کا مقصد ملک کے تخلیقی منظرنامے کو نئی آوازوں سے روشن کرنا ہے۔ اس سال جیوری نے ایسی شاندار پہلی فلموں کا انتخاب کیا جو جدت طراز کہانی گوئی، علاقائی تنوع اور مضبوط سینمائی وژن کو ظاہر کرتی تھیں۔

یہ ایوارڈ پہلی بار بننے والے ہدایتکاروں کی تخلیقی صلاحیت کو تسلیم کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے جو اپنی ابتدا میں نمایاں قابلیت اور فنکارانہ معیار کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ ہر سال، فیسٹیول کے ضوابط کے مطابق، پانچ ڈیبیو فلموں کا انتخاب کیا جاتا ہے اور انہیں پیش کیا جاتا ہے۔ اس ایوارڈ کے ساتھ پانچ لاکھ روپے نقد رقم اور ایک سرٹیفکیٹ دیا جاتا ہے۔

کرن سنگھ تیاگی جیسے ڈیبیو ڈائریکٹروں کا جشن منا کر، آئی ایف ایف آئی اگلی نسل کے کہانی کاروں کی پرورش کے عزم کو دہراتا ہے: وہ آوازیں جو جرات مندانہ خیالات، جدید نقطہ نظر اور تبدیلی لانے والی کہانیوں کے ساتھ بھارتی فلمی دنیا کا مستقبل سنواریں گی۔

 

آئی ایف ایف آئی کا تعارف

سال1952 میں قائم ہونے والا بھارت کا بین الاقوامی فلم فیسٹیول (آئی ایف ایف آئی) جنوبی ایشیا کا قدیم ترین اور سب سے بڑا سنیمائی جشن تصور کیا جاتا ہے۔ یہ فیسٹیول نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایف ڈی سی)، وزارت اطلاعات و نشریات، حکومت ہند، اور انٹرٹینمنٹ سوسائٹی آف گوا (ای ایس جی)، حکومت گوا کے اشتراک سے منعقد ہوتا ہے۔ وقت کے ساتھ یہ فیسٹیول ایک عالمی سنیمائی مرکز کی حیثیت اختیار کرچکا ہے، جہاں بحال شدہ کلاسیکی فلمیں دلیرانہ تجرباتی سنیما سے ملتی ہیں اور لیجنڈری فلم ساز نئے اور بے خوف تخلیق کاروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا ئے ہوئے نظر آتے ہیں۔آئی ایف ایف آئی کی اصل پہچان اس کا متنوع امتزاج ہے۔ بین الاقوامی مقابلے، ثقافتی نمائشیں، ماسٹر کلاسز، خراجِ عقیدت پیش کرنے والے سیشن، اور پرجوش ’’ویوز فلم بازار‘‘، جہاں تخلیقی خیالات، معاہدے اور اشتراکات پروان چڑھتے ہیں۔ گوا کے دلکش ساحلی پس منظر میں 20 سے 28 نومبر تک منعقد ہونے والا 56واں ایڈیشن زبانوں، اصناف، اختراعات اور آوازوں کی ایک چمکتی دمکتی دنیا پیش کرنے کا وعدہ کرتا ہے، ایک ایسا دل موہ لینے والا جشن جو عالمی سطح پر ہندوستانی تخلیقی صلاحیتوں کی شاندار نمائندگی کرتا ہے۔

 

مزید معلومات کے لیے، کلک کریں:

 

آئی ایف ایف آئی ویب سائٹ: https://www.iffigoa.org/

 

پی آئی بی کی آئی ایف ایف آئی مائکرو سائٹ: https://www.pib.gov.in/iffi/56/

 

پی آئی بی آئی ایف ایف آئی ووڈ براڈکاسٹ چینل: https://whatsapp.com/channel/0029VaEiBaML2AU6gnzWOm3F

 

X ہینڈل: @IFFIGoa، @PIB_India، @PIB_Panaji

 

*****

ش ح۔ ف ش ع

U: 2014


Great films resonate through passionate voices. Share your love for cinema with #IFFI2025, #AnythingForFilms and #FilmsKeLiyeKuchBhi. Tag us @pib_goa on Instagram, and we'll help spread your passion! For journalists, bloggers, and vloggers wanting to connect with filmmakers for interviews/interactions, reach out to us at iffi.mediadesk@pib.gov.in with the subject line: Take One with PIB.


रिलीज़ आईडी: 2196214   |   Visitor Counter: 9