وزیراعظم کا دفتر
وزیراعظم نے جی 20 سربراہ اجلاس 2025 کے موقع پر اٹلی کے وزیراعظم سے ملاقات کی
Posted On:
23 NOV 2025 9:44PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں جی 20 سربراہ اجلاس کے موقع پر اطالوی جمہوریہ کی وزیر اعظم محترمہ جورجیا میلونی سے ملاقات کی ۔ دونوں لیڈروں نے اس سے قبل اس سال جون میں کینیڈا کے كاناناسكيس میں جی 7سربراہ اجلاس کے موقع پر مختصر بات چیت کی تھی ۔
وزیر اعظم میلونی نے دہلی میں دہشت گردی کے واقعے پر ہندوستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور دہشت گردی کی لعنت سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کے واسطے اٹلی کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا ۔ اس تناظر میں ، دونوں رہنماؤں نے ’دہشت گردی کی مالی اعانت کا مقابلہ کرنے کے لیے بھارت-اٹلی مشترکہ پہل‘ کو اپنایا ۔ اس پہل کا مقصد دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے دو طرفہ تعاون کو مضبوط کرنا اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) اور گلوبل کاؤنٹر ٹیرازم فورم (جی سی ٹی ایف) سمیت عالمی اور کثیرجہتی پلیٹ فارم میں تعاون کرنا ہے ۔
دونوں رہنماؤں نے تجارت اور سرمایہ کاری ، دفاع ، سلامتی ، خلا ، سائنس اور ٹیکنالوجی ، تعلیم اور عوام سے عوام کے تعلقات جیسے شعبوں میں دو طرفہ اسٹریٹجک شراکت داری میں پیش رفت کا جائزہ لیا اور اسے مثبت قراردیا ۔ دونوں رہنماؤں نے جوائنٹ اسٹریٹجک ایکشن پلان 29-2025 کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ۔
دونوں رہنماؤں نے متعلقہ صنعتوں کی مضبوط شرکت کے ساتھ اس سال نئی دہلی اور بریشا میں منعقدہ دو کاروباری فورموں کا خیرمقدم کیا ۔ دونوں رہنماؤں نے کاروبار ، ٹیکنالوجی ، اختراع اور سرمایہ کاری کی شراکت داری کو بڑھانے کے لیے جاری کوششوں کا ذکر کیا جس کا مقصد دونوں معیشتوں کی مسابقت کو بڑھانا اور مستحکم سپلائی چین بنانا ہے ۔
دونوں رہماؤں نے اطالوی خلائی وفد کے ہندوستان کے حالیہ دورے کو سراہا جو اس شعبے میں سرکاری اور نجی دونوں سطحوں پر تعاون کو فروغ دے گا ۔
وزیر اعظم میلونی نے باہمی طور پر فائدہ مند ہندوستان-یورپی یونین آزادانہ تجارتی معاہدے کے اختتام اور 2026 میں ہندوستان کی میزبانی میں ہونے والی اے آئی امپیکٹ سمٹ کی کامیابی کے لیے اٹلی کی مضبوط حمایت کا اعادہ کیا ۔
اس دورے نے دونوں ممالک کے درمیان باقاعدگی سے اعلی سطحی تبادلوں کی روایت کی تصدیق کی ۔ دونوں رہنما جمہوریت ، قانون کی حکمرانی اور پائیدار ترقی کی مشترکہ اقدار کو برقرار رکھنے کے لیے کثیرجہتی اور عالمی پلیٹ فارم پر اپنی بات چیت جاری رکھنے اور مل کر کام کرنے کے لیے پرامید ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
(ش ح ۔ م ش ۔ع ن)
U. No. 1690
(Release ID: 2193374)
Visitor Counter : 6