وزیراعظم کا دفتر
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے وارانسی سے چار نئی وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو روانہ کیا
وزیر اعظم نے کہا کہ وندے بھارت، نمو بھارت اور امرت بھارت جیسی ٹرینیں بھارتی ریلویز کی اگلی نسل کی بنیاد رکھ رہی ہیں
انہوں نے کہا کہ بھارت نے ایک ترقی یافتہ ملک بننے کے عزم کے ساتھ اپنے وسائل کو مضبوط بنانے کا مشن شروع کیا ہے اور یہ ٹرینیں اس سفر میں اہم سنگ میل ثابت ہوں گی
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ اب مقدس زیارت گاہوں کو وندے بھارت نیٹ ورک کے ذریعے جوڑا جا رہا ہے جو بھارت کی ثقافت، عقیدت اور ترقی کے سفر کے امتزاج کی علامت ہے۔ یہ قدم وراثتی شہروں کو قومی ترقی کی علامتوں میں تبدیل کرنے کی سمت میں ایک اہم پیش رفت ہے
Posted On:
08 NOV 2025 10:15AM by PIB Delhi
بھارت کے جدید ریلوے بنیادی ڈھانچے کو وسعت دینے کی سمت ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج اترپردیش کے وارانسی سے چار نئی وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو روانہ کیا۔ اس موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے تمام معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور بابا وشوناتھ کی مقدس نگری وارانسی کے تمام خاندانوں کو اپنی جانب سے احتراماً مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ دیو دیپاولی کے موقع پر جو غیر معمولی جشن دیکھنے کو ملا، وہ وارانسی کی روحانیت اور توانائی کا مظہر ہے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ آج کا دن بھی ایک مقدس اور مبارک موقع ہے اور اس ترقی کے تہوار کے لیے سبھی کو اپنی نیک خواہشات پیش کیں۔
وزیر اعظم نے نشاندہی کی کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں معاشی ترقی کی ایک بڑی قوت مضبوط بنیادی ڈھانچہ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن ممالک نے نمایاں ترقی حاصل کی، وہاں انفراسٹرکچر کی ترقی نے کلیدی کردار ادا کیا۔ جناب مودی نے کہا کہ بھارت بھی تیزی سے اسی راہ پر گامزن ہے۔ اسی تناظر میں وزیر اعظم نے ملک کے مختلف علاقوں میں نئی وندے بھارت ٹرینوں کے آغاز کا اعلان کیا۔ بنارس–کھجوراہو وندے بھارت کے علاوہ انہوں نے فیروزپور–دہلی وندے بھارت، لکھنؤ–سہارنپور وندے بھارت اور ایرناکولم–بینگلورو وندے بھارت ٹرینوں کو بھی روانہ کیا۔ ان چار نئی ٹرینوں کے ساتھ ملک میں چلنے والی وندے بھارت ٹرینوں کی کل تعداد 160 سے تجاوز کر گئی ہے۔ وزیر اعظم نے ان ٹرینوں کے آغاز پر وارانسی کے عوام اور پورے ملک کے شہریوں کو مبارکباد دی۔
وزیر اعظم نے کہا: ’’وندے بھارت، نمو بھارت اور امرت بھارت جیسی ٹرینیں بھارتی ریلویز کی اگلی نسل کی بنیاد رکھ رہی ہیں‘‘ اور اس بات پر زور دیا کہ یہ بھارتی ریلویز میں ہمہ گیر تبدیلی کا ایک جامع مشن ہے۔ انہوں نے وندے بھارت کو بھارت میں بنی، بھارت کے لیے بنی اور بھارت کی شناخت والی ٹرین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہر بھارتی کے دل میں فخر کا احساس پیدا کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ غیر ملکی مسافر بھی وندے بھارت دیکھ کر حیران رہ جاتے ہیں۔ جناب مودی نے کہا کہ بھارت نے ایک ترقی یافتہ ملک بننے کے عزم کے ساتھ اپنے وسائل کو مستحکم کرنے کا مشن شروع کیا ہے اور یہ ٹرینیں اس سفر میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔
وزیر اعظم نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ بھارت میں صدیوں سے یاترا یا زیارت کو قومی شعور کا ایک وسیلہ سمجھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سفر صرف درشن یا روحانی تجربے کے راستے نہیں بلکہ وہ مقدس روایتیں ہیں جو بھارت کی روح سے جڑتی ہیں۔ انہوں نے پریاگ راج، ایودھیا، ہری دوار، چترکوٹ اور کروکشیتر جیسے مقامات کو ملک کی روحانی وراثت کے مراکز کے طور پر ذکر کیا۔ وزیر اعظم نے کہا: ’’یہ مقدس مقامات اب وندے بھارت نیٹ ورک کے ذریعے آپس میں جڑ رہے ہیں، جو بھارت کی ثقافت، عقیدت اور ترقی کے سفر کے امتزاج کی علامت ہے۔ یہ قدم وراثتی شہروں کو قومی ترقی کی علامتوں میں بدلنے کی سمت میں ایک اہم پیش رفت ہے۔‘‘
وزیر اعظم نے بھارت میں زیارت کے اکثر نظر انداز کیے جانے والے معاشی پہلو کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 11 برسوں میں اترپردیش میں ترقیاتی اقدامات نے زیارت کے تصور کو ایک نئی بلندی تک پہنچا دیا ہے۔ صرف گزشتہ سال ہی 11 کروڑ عقیدت مند بابا وشوناتھ کے درشن کے لیے وارانسی آئے۔ انہوں نے بتایا کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے بعد اب تک 6 کروڑ سے زائد افراد نے رام للا کے مندر میں حاضری دی ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ ان زائرین نے اتر پردیش کی معیشت میں ہزاروں کروڑ روپے کا اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس بڑھتی ہوئی آمد سے ریاست بھر میں ہوٹلوں، تاجروں، ٹرانسپورٹ کمپنیوں، مقامی فنکاروں اور کشتی چلانے والوں کو مسلسل روزگار کے مواقع حاصل ہوئے ہیں۔ نتیجتاً وارانسی کے سیکڑوں نوجوان اب ٹرانسپورٹ سروسز سے لے کر بنارسی ساڑی کے کاروبار تک نئے منصوبے شروع کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ترقی اتر پردیش اور وارانسی میں خوشحالی کے دروازے کھول رہی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ’’ایک ترقی یافتہ وارانسی کے ذریعے ترقی یافتہ بھارت‘‘ کے منتر کو حاصل کرنے کے لیے شہر میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر و توسیع مسلسل جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وارانسی میں معیاری اسپتالوں کے قیام اور توسیع کے ساتھ ساتھ سڑکوں کی بہتری، گیس پائپ لائن نیٹ ورک اور انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی میں نمایاں پیش رفت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رسیل وے (روپ وے) منصوبے پر تیزی سے کام ہو رہا ہے، جبکہ گنجاری اور سگرا جیسے اسٹیڈیم جدید کھیلوں کے ڈھانچے کی مثال ہیں۔ وزیر اعظم نے زور دیا کہ مقصد یہ ہے کہ وارانسی میں آنا، یہاں رہنا اور اس شہر کا تجربہ ہر شخص کے لیے ایک منفرد اور یادگار تجربہ بنے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت وارانسی میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے لگاتار کام کر رہی ہے۔ انہوں نے 10 سے 11 سال پہلے کی حالت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت سنگین بیماریوں کے علاج کے لیے صرف بنارس ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو) ہی واحد سہارا تھی اور مریضوں کی بھیڑ کی وجہ سے کئی افراد پوری رات انتظار کے باوجود علاج حاصل نہیں کر پاتے تھے۔ کینسر جیسی بیماریوں کے علاج کے لیے لوگوں کو اپنی زمین اور کھیت فروخت کر کے ممبئی جانا پڑتا تھا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان حالات کو بدلنے کے لیے ان کی حکومت نے مسلسل کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آج مہامنا کینسر اسپتال، آنکھوں کے علاج کے لیے شنکر نیترالیہ، بی ایچ یو کا جدید ٹراما سینٹر اور سینٹنری اسپتال اور پانڈے پور کا ڈویژنل اسپتال، یہ تمام ادارے وارانسی، پوروانچل اور آس پاس کی ریاستوں کے لیے نعمت بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آیوشمان بھارت اسکیم اور ان اسپتالوں میں قائم جن اوشدھی کیندروں کی بدولت لاکھوں غریب مریض کروڑوں روپے کی بچت کر رہے ہیں۔ اس سے عوامی پریشانیوں میں کمی آئی ہے اور وارانسی اب پورے خطے کی ’’ہیلتھ کیپیٹل‘‘ کے طور پر ابھر رہی ہے۔
وزیر اعظم نے زور دیا کہ وارانسی کی ترقی کی رفتار اور توانائی کو برقرار رکھنا ضروری ہے تاکہ اس شہر کی شان و شوکت اور خوشحالی تیزی سے بڑھتی رہے۔ اختتام میں جناب مودی نے اپنے ویژن کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر سے آنے والا ہر شخص بابا وشوناتھ کی اس مقدس نگری میں ایک خاص توانائی، جوش اور مسرت کا تجربہ کرے۔
جناب مودی نے اس موقع پر موجود طلبہ سے ملاقات کا ذکر بھی کیا۔ انہوں نے وزیر ریل جناب اشونی ویشنو کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وندے بھارت ٹرینوں کے آغاز کے موقع پر طلبہ کے درمیان مقابلے منعقد کرنے کی ایک اچھی روایت قائم کی ہے۔ وزیر اعظم نے ان بچوں کی تعریف کی جنہوں نے وِکست بھارت، وِکست کاشی اور سرکشت بھارت جیسے موضوعات پر خوبصورت تصویریں اور نظمیں پیش کیں۔ انہوں نے بچوں کے والدین اور اساتذہ کو بھی سراہا جنہوں نے ان کی رہنمائی، حوصلہ افزائی اور مدد فراہم کی۔
وزیر اعظم نے مزید یہ تجویز پیش کی کہ بچوں کے لیے ایک ادبی اجلاس کا اہتمام کیا جا سکتا ہے، جس میں 8 سے 10 فاتح بچوں کو بھارت کے مختلف حصوں میں دیگر مقابلوں کے لیے لے جایا جائے۔ جناب مودی نے وارانسی سے پارلیمانی نمائندہ ہونے پر فخر کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے ہونہار بچوں کے شہر کی نمائندگی کرنا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے تمام بچوں کو دل سے مبارکباد دی۔
اس موقع پر اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب یوگی آدتیہ ناتھ، مرکزی وزیر جناب اشونی ویشنو اور دیگر معزز مہمان موجود تھے۔ کیرالہ کے گورنر جناب راجندر ارلیکر، مرکزی وزراء جناب سوریش گوپی، جناب جارج کوریئن اور جناب رویند سنگھ بٹو نے دیگر معزز شخصیات کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اس تقریب میں شرکت کی۔
پس منظر
چار نئی وندے بھارت ٹرینوں کا افتتاح وزیر اعظم کے اس ویژن میں ایک اور سنگ میل ہے، جس کا مقصد شہریوں کو عالمی معیار کی ریلوے خدمات کے ذریعے زیادہ آسان، تیز اور آرام دہ سفر فراہم کرنا ہے۔ نئی وندے بھارت ایکسپریس ٹرینیں بنارس–کھجوراہو، لکھنؤ–سہارنپور، فیروزپور–دہلی، اور ایرناکولم–بینگلورو روٹس پر چلیں گی۔ یہ ٹرینیں اہم شہروں کے درمیان سفر کے وقت میں نمایاں کمی لا کر علاقائی نقل و حمل کو بہتر بنائیں گی، سیاحت کو فروغ دیں گی اور ملک بھر میں معاشی سرگرمیوں کو تقویت دیں گی۔
بنارس–کھجوراہو وندے بھارت ٹرین اس راستے پر براہِ راست رابطہ قائم کرے گی اور موجودہ خصوصی ٹرینوں کے مقابلے میں تقریباً 2 گھنٹے 40 منٹ کا وقت بچائے گی۔ یہ ٹرین بھارت کے چند سب سے مقدس اور ثقافتی مقامات — وارانسی، پریاگ راج، چترکوٹ اور کھجوراہو کو آپس میں جوڑے گی۔ یہ ربط نہ صرف مذہبی اور ثقافتی سیاحت کو مضبوط کرے گا بلکہ زائرین اور مسافروں کو یونیسکو کے عالمی ورثہ مقام کھجوراہو تک تیز، جدید اور آرام دہ سفر فراہم کرے گا۔
لکھنؤ–سہارنپور وندے بھارت ایکسپریس تقریباً 7 گھنٹے 45 منٹ میں اپنا سفر مکمل کرے گی، جس سے سفر کے وقت میں تقریباً 1 گھنٹے کی بچت ہوگی۔ یہ ٹرین لکھنؤ، سیتاپور، شاہجہاں پور، بریلی، مرادآباد، بجنور اور سہارنپور کے مسافروں کے لیے نہایت فائدہ مند ثابت ہوگی، جبکہ روڑکی کے راستے ہری دوار کے مقدس شہر تک پہنچنا بھی زیادہ آسان اور تیز تر ہو جائے گا۔ مرکزی اور مغربی اتر پردیش میں بین ضلعی سفر کو ہموار اور تیز بنا کر، یہ ٹرین علاقائی ربط و ترقی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
فیروزپور–دہلی وندے بھارت ایکسپریس اس روٹ پر سب سے تیز رفتار ٹرین ہوگی، جو صرف 6 گھنٹے 40 منٹ میں سفر مکمل کرے گی۔ یہ ٹرین قومی دارالحکومت دہلی اور پنجاب کے اہم شہروں فیروزپور، بٹھنڈہ اور پٹیالہ کے درمیان ربط کو مضبوط بنائے گی۔ اس ٹرین سے تجارت، سیاحت اور روزگار کے مواقع میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جو سرحدی علاقوں کی سماجی و اقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہوگا اور قومی منڈیوں کے ساتھ بہتر انضمام کو فروغ دے گا۔
جنوبی بھارت میں ایرناکولم–بینگلورو وندے بھارت ایکسپریس سفر کے وقت میں 2 گھنٹے سے زیادہ کی کمی لائے گی اور صرف 8 گھنٹے 40 منٹ میں اپنا سفر مکمل کرے گی۔ یہ ٹرین جنوبی بھارت کے بڑے آئی ٹی اور تجارتی مراکز کو آپس میں جوڑے گی، جس سے پیشہ ور افراد، طلبہ اور سیاحوں کو تیز، آرام دہ اور جدید سفر کی سہولت میسر آئے گی۔ یہ روٹ کیرالہ، تمل ناڈو اور کرناٹک کے درمیان اقتصادی سرگرمیوں اور سیاحت کو فروغ دے گا اور علاقائی ترقی و اشتراک کو مضبوط بنائے گا۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-960
(Release ID: 2187772)
Visitor Counter : 16