وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے بہار کی مکھیہ منتری مہیلا روزگار یوجنا کے مستفیدین کے ساتھ بات چیت کی


وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی تمام ترقیاتی اسکیمیں خواتین کی فلاح و بہبود اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے ہیں

وزیر اعظم نے خواتین پر زور دیا کہ وہ معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے حکومت کی پالیسیوں اور پروگراموں کے بارے میں اپنے متاثر کن مزید تجربات کے بارے  میں بتائیں

Posted On: 26 SEP 2025 2:49PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بہار کی ’’ مکھیہ منتری مہیلا روزگار یوجنا ‘‘ کے مستفیدین سے بات چیت کی۔

بہار کے مغربی چمپارن ضلع کی قبائلی خاتون رنجیتا  کازی نے  ، وزیر اعظم جناب نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار کے ذریعے علاقے میں  کی گئی انقلابی تبدیلیوں پر دلی شکریہ ادا کیا۔ اپنی مدد آپ گروپ  ’جیویکا   ‘سے وابستہ رنجیتا نے بتایا کہ ان کا جنگلاتی علاقہ، جو پہلے بنیادی سہولیات سے محروم تھا، اب سڑک، بجلی، پانی، صفائی ستھرائی اور تعلیم جیسی سہولیات سے آراستہ ہے۔ انہوں نے خواتین کے لیے وزیر اعلیٰ کی پہل  ، خاص طور پر ریزرویشن کی پالیسیوں کی ستائش کی ، جن سے سرکاری ملازمتوں اور پنچایتی راج اداروں میں خواتین کی نمائندگی میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے سائیکل اور یونیفارم اسکیموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جب بچیاں یونیفارم پہن کر سائیکل پر اسکول جاتی ہیں تو انہیں بے حد فخر محسوس ہوتا ہے۔

رنجیتا نے ،وزیر اعظم کی اجوولا یوجنا کی بھی تعریف کی، جس کے ذریعے خواتین کو کم قیمت پر گیس سلنڈر فراہم ہوئے  ہیں، جس سے انہیں دھوئیں بھرے باورچی خانوں سے نجات ملی اور ان کی صحت میں بہتری آئی ۔ انہوں نے مکانات کی اسکیم کے فوائد کا بھی ذکر کیا  ، جس کے تحت وہ اب ایک پکے مکان میں رہتی ہیں۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ کے حالیہ فیصلے کو بھی سراہا، جس میں 125 یونٹ بجلی مفت فراہم کرنے اور پنشن کو 400 روپے سے بڑھا کر 1100 روپے کرنے کا اعلان کیا گیا، جس سے خواتین کے حوصلے میں اضافہ ہوا ہے۔ ’’ مکھیہ منتری مہیلا روزگار یوجنا ‘‘ کے تحت رنجیتا نے بتایا کہ وہ ابتدائی 10000 روپے سے جوار اور باجرا کی کھیتی کے لیے پمپ سیٹ خریدنے کا ارادہ رکھتی ہیں اور بعد میں 2 لاکھ روپے لگا کر دیسی اناج کو فروغ دینے کے لیے آٹے کا کاروبار شروع کریں گی۔

رنجیتا نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی مدد سے روزگار  کو تقویت فراہم ہوتی  ہے اور خواتین کے ’’ لکھ پتی دیدی ‘‘  بننے کا راستہ ہموار ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے علاقے کی خواتین ’’ مکھیہ منتری مہیلا روزگار یوجنا ‘‘  کو نو راتری کے ساتھ ایک تہوار کے طور پر منا رہی ہیں۔  مغربی  چمپارن کی تمام دیدیوں کی جانب سے  ، انہوں نے دونوں رہنماؤں کا ان کی مسلسل  تعاون پر دلی شکریہ اور گہری قدردانی  کا اظہار کیا ۔

محترمہ ریتا دیوی، جو بھوجپور ضلع کی ایک اور مستفید ہیں،  انہوں نے آراہ کی تمام خواتین کی جانب سے  ، وزیر اعظم جناب نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار کو دلی سلام پیش کیا۔ انہوں نے اپنے بااختیار بننے  کے سفر کو بیان کیا  ، جو   2015 ء میں شروع ہوا، جب وہ  اپنی مدد آپ  گروپ سے وابستہ ہوئیں اور ’’ بھیا پہل ‘‘   اسکیم کے تحت 5000 روپے حاصل کیے۔ اس رقم سے انہوں نے چار بکریاں خریدیں اور روزگار کا آغاز کیا۔ بکری پالنے کی آمدنی سے انہوں نے 50 مرغیاں خریدیں اور انڈے بیچنے کا کام شروع کیا، ہر انڈے کی قیمت 15 روپے رکھی۔ انہوں نے جدت اختیار کرتے ہوئے مچھلی رکھنے کے کنٹینر اور روشنی کا استعمال کر کے چوزے نکالنے کا انتظام کیا، جس سے ان کے گھر کی مالی حالت میں نمایاں بہتری آئی۔

ریتا دیوی نے فخر سے کہا کہ وہ اب ’’ لکھ پتی دیدی ‘‘اور ’’ ڈرون دیدی ‘‘  دونوں بن چکی ہیں، جس سے  ان کی ترقی اور کامیابی کی عکاسی  ہوتی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کا ’’ مکھیہ منتری مہیلا روزگار یوجنا ‘‘  کے آغاز پر شکریہ ادا کیا، جس نے گاؤوں اور محلوں میں خوشی اور سرگرمی کی لہر پیدا کی ہے۔ ضلع بھر کی خواتین نے مختلف کاروبار شروع کیے ہیں—کچھ نے مویشی اور بکری پالنا شروع کیا، تو کچھ نے چوڑیوں کی دکانیں کھولی ہیں۔ ریتا نے بتایا کہ پہلی قسط کے 10000 روپے ملنے پر  ، انہوں نے 100 مرغیاں خریدیں تاکہ سردیوں میں انڈوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کیا جا سکے۔ بعد میں 2 لاکھ روپے کی مدد سے  ، انہوں نے اپنا پولٹری فارم قائم کیا اور کاروبار کو وسعت دینے کے لیے مشینری بھی لگائی۔

انہوں نے دیگر سرکاری اسکیموں کے اثرات کو بھی اجاگر کیا، جن میں پردھان منتری آواس یوجنا شامل ہے  ، جس کے تحت ان کا کچا مکان—جو بارش کے دنوں میں ٹپکتا تھا—اب ایک پکا گھر بن چکا ہے۔ انہوں نے سووچھ بھارت مشن کے تحت بیت الخلا کی تعمیر  کے سبب رونما  ہونے والی تبدیلیوں  کو نمایاں کیا، جس نے خواتین کو کھیتوں میں جانے کی مجبوری سے نجات دلائی۔ انہوں نے کہا کہ اب ہر گھر میں بیت الخلا موجود ہے۔ نل -جل اسکیم کے آنے سے گاؤوں  کے لوگوں کو پینے کا  صاف پانی دستیاب ہوا ہے، جس سے صحت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

ریتا دیوی نے بتایا کہ اجوولا یوجنا کے تحت گیس کنکشن ملنے کے بعد  ، وہ اب روایتی چولہوں پر کھانا نہیں پکاتیں، جو نقصان دہ دھواں پیدا کرتے تھے۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ اب وہ محفوظ طریقے سے گیس پر کھانا پکا سکتی ہیں۔ انہوں نے آیوشمان بھارت ہیلتھ کارڈ کی بھی تعریف کی، جو بغیر کسی خرچ کے 5 لاکھ روپے تک کا مفت علاج فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 125 یونٹ مفت بجلی کی فراہمی نے  ، ان گھروں کو روشن کر دیا ہے  ، جو کبھی اندھیرے میں ڈوبے رہتے تھے اور اب بچے بلا کسی پریشانی کے پڑھائی کر سکتے ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ جب خواتین کو سرکاری اسکیموں کا فائدہ ہوتا ہے تو ان کے بچوں کو بھی اس کا براہ راست فائدہ ملتا ہے۔ پہلے خواتین کو تعلیم کے لیے دور جانا پڑتا تھا، لیکن اب ان کے بچوں کو اسکول جانے کے لیے سائیکل اور یونیفارم دیے جاتے ہیں۔ ریتا نے یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بھی سائیکل اور یونیفارم ملا تھا، جس کی بدولت وہ فخر کے ساتھ اسکول جا پاتی تھیں۔ انہوں نے سرکاری اسکیموں کے تمام فوائد پر دونوں رہنماؤں کا دلی شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے خوش دلی سے جواب دیتے ہوئے ریتا دیوی کی تعریف کی کہ انہوں نے کس طرح وضاحت اور روانی سے تمام اسکیموں کا ذکر کیا اور ان کے اثرات بیان کیے۔ انہوں نے ان سے تعلیمی پس منظر کے بارے میں پوچھا، جس پر ریتا نے جواب دیا کہ انہوں نے پڑھائی جیویکا گروپ سے جڑنے کے بعد ہی شروع کی تھی۔ انہوں نے پہلے میٹرک، انٹرمیڈیٹ یا گریجویشن مکمل نہیں کیا تھا، لیکن اب وہ دیہی ترقی میں ایم اے میں داخلہ لے چکی ہیں۔ آخر میں انہوں نے ضلع کی تمام دیدیوں کی جانب سے مسلسل شکریہ اور دعاؤں کا اظہار کیا۔

گیا ضلعے میں بودھ گیا بلاک کے جھکاتیا گاؤں  کی رہائشی اور ’’ گلاب جی وکاس  اپنی مدد آپ گروپ ‘‘  کی صدر نور  جہاں خاتون نے ضلع کی تمام خواتین کی جانب سے  ، وزیر اعظم جناب نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار کو دلی سلام پیش کیا۔ انہوں نے خواتین کو ’’ مکھیہ منتری مہیلا روزگار یوجنا ‘‘  کے تحت 10000 روپے کی پہلی قسط فراہم کیے جانے پر بے حد مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ اس اعلان نے گھروں اور گاؤوں  میں جوش و خروش اور بات چیت کا ماحول پیدا کر دیا ہے، جہاں خواتین اپنے پسندیدہ روزگار کے منصوبے بنا رہی ہیں۔

نور  جہاں نے بتایا کہ وہ 10000 روپے کی رقم کو اپنی موجودہ درزی کی دکان کو بڑھانے کے لیے استعمال کریں گی تاکہ ایک بڑا کاؤنٹر بنا کر سامان کی بہتر طریقے سے نمائش اور  اسے فروخت کر سکیں۔ وہ اور ان کے شوہر، جو ایک ماہر درزی ہیں اور پہلے گاؤں سے باہر کام کرتے تھے، اب مل کر یہ دکان چلا رہے ہیں اور پہلے ہی دس افراد کو روزگار فراہم کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں 2 لاکھ روپے کی  مالی مدد  ملتی ہے تو وہ اپنے کاروبار کو مزید وسعت دینے، اضافی مشینیں خریدنے اور مزید دس افراد کو ملازمت دینے کا  ارادہ رکھتی ہیں۔

انہوں نے خواتین کی ترقی کے لیے  ، وزیر اعلیٰ کی مستقل کوششوں کی تعریف کی اور 125 یونٹ تک مفت بجلی کے اثرات کو اجاگر کیا، جس نے ان کا گھریلو بل مکمل طور پر ختم کر دیا ہے۔ اب یہ بچت ان کے بچوں کی ٹیوشن فیس میں استعمال ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں تک کہ سب سے غریب خواتین، جو پہلے اخراجات کے ڈر سے بجلی کا کنکشن نہیں لیتی تھیں، اب مکمل روشن گھروں میں رہتی ہیں  ، جہاں بچے بلب کی روشنی میں پڑھتے ہیں۔

ماضی کی مشکلات کو یاد کرتے ہوئے، نور جہاں نے بتایا کہ  اپنی مدد آپ گروپ سے جڑنے سے پہلے خواتین شاذ و نادر ہی گھروں سے باہر نکلتی تھیں اور اکثر گھر والوں کی مزاحمت کا سامنا کرتی تھیں۔ کچھ خواتین گھریلو تشدد کا بھی شکار تھیں۔ آج، انہوں نے کہا کہ  گھر کے افراد خود خواتین کو باہر جا کر کام کرنے اور  نتیجہ خیز سرگرمیوں میں شامل ہونے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ انہوں نے اس فخر کا ذکر کیا  ، جو ان کے گھر والے محسوس کرتے ہیں  ، جب وہ روزگار یا تربیتی سرگرمیوں کے لیے باہر جاتی ہیں اور اپنی خواہش کا اظہار کیا کہ  وہ اپنے شوہر، جو ایک ماہر درزی ہیں،  ان کی مدد سے  خود دوسروں کو بھی تربیت دیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے وہ اپنے شوہر کو ہی اپنی واحد طاقت سمجھتی تھیں، لیکن اب ان کے شوہر فخر سے انہیں گھر کی ’’ لکھ پتی  ‘‘ کہتے ہیں۔ غربت اور جھونپڑی سے نکل کر وہ آج ایک پکے گھر میں رہ رہی ہیں اور گیا ضلع کی تمام خواتین کی جانب سے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کا  تہہ دِل سے شکریہ ادا کیا۔

ان کی بات پر ردعمل  ظاہر کرتے ہوئے، وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے  ، نور  جہاں خاتون کی وضاحت اور دل سے کیے گئے بیان کی تعریف کی۔ یہ وزیرِ اعظم نے یہ کہتے ہوئے کہ ان کی کہانی دوسروں کے لیے زبردست ترغیب  کا باعث  ہوگی  ، انہوں نے ان سے درخواست کی کہ وہ ہفتے میں ایک دن مختلف گاؤوں  کا دورہ کریں اور 50 سے 100 خواتین کو جمع کر کے اپنا تجربے سے انہیں واقف کرائیں  ۔ انہوں نے انہیں دلی مبارکباد  پیش کی اور ان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

بھوانی  پور کی رہائشی اور  ’’ مُسکان  اپنی مدد آپ گروپ ‘‘  کی سیکریٹری محترمہ  پُتُل دیوی  نے پورنیہ ضلع کے عوام کی جانب سے  ، وزیر اعظم جناب نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار کا دلی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ’’ مکھیہ منتری مہیلا روزگار یوجنا ‘‘  کے تحت 10000 روپے ملنے پر اپنی خوشی کا اظہار کیا اور بتایا کہ وہ اس وقت ایک مٹھائی کی دکان چلا رہی ہیں  ، جہاں لڈو فروخت کرتی ہیں اور اب   وہ اس  میں میں  ٹِکری، بالوشاہی، جلیبی اور برفی بھی شامل کرنے کا  ارادہ  رکھتی ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ محنت کر کے 2 لاکھ روپے کی  مالی مدد کے لیے اہل ثابت ہوں گی، جس سے ان کا کاروبار مزید  آگے بڑھے  گا اور وہ مزید عملہ رکھ سکیں گی۔

پُتُل دیوی نے نو قائم شدہ ’’جیویکا بینک ‘‘  کے فوائد کو بھی اجاگر کیا، جس کے ذریعے وہ کم سود والے قرض لے کر اپنی مالی حالت کو مزید مستحکم کرنے کا ارادرہ  رکھتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ وہ وزیر اعظم کی  اندرونِ ملک  کے کاروبار کو فروغ دینے کی اپیل کے تحت ملک کی طاقت میں اپنا  تعاون دے  رہی ہیں۔ انہوں نے اپنی خوشی بانٹتے ہوئے بتایا کہ ان کی ساس کی پنشن 400 روپے سے بڑھا کر 1100 روپے کر دی گئی ہے اور 125 یونٹ مفت بجلی کی سہولت نے انہیں پیسے بچانے اور اپنے بچے کی تعلیم میں سرمایہ کاری کرنے کا موقع دیا ہے۔ انہوں نے دونوں رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ایسی اسکیمیں شروع کیں  ، جس سے  پورنیہ کے گھروں میں خوشی اور خوشحالی آئی ہے۔

ان کے بیان پر ردعمل  ظاہر کرتے ہوئے  ، وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے پوچھا کہ کیا انہیں اپنا کاروبار شروع کرتے وقت خاندان یا برادری کی طرف سے کسی قسم کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا؟ پُتُل دیوی نے جواب دیا کہ شروع میں بہت سے لوگ  ، ان کی کوششوں کا مذاق اڑاتے تھے لیکن وہ پُرعزم رہیں اور لڈو اور بتاشے سے ایک چھوٹے کاروبار کا آغاز کیا۔ جیویکا سے جڑنے کے بعد انہوں نے قرض لے کر اپنا گھر بنایا اور اپنے بچے کی تعلیم کو آگے بڑھایا، جو اب کٹیہار میں حکومت کی کفالت سے بی ٹیک کی پڑھائی  کر رہا ہے۔

وزیر اعظم نے ان کے جلیبی کے ذکر کو خوش دلی سے سراہا اور مزاحیہ انداز میں کہا کہ کبھی یہ مٹھائی ملک میں سیاسی بحث کا موضوع بھی رہ چکی ہے۔ انہوں نے پُتُل دیوی کو دلی مبارکباد دی اور ان کی متاثر کن کہانی پر شکریہ ادا کیا۔

 

 

........................

) ش ح –    ظ ا            -  ع ا )

U.No. 6656

 


(Release ID: 2171737) Visitor Counter : 19