وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم نے چین کے تیانجن میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے 25ویں سربراہ اجلاس  میں شرکت کی

Posted On: 01 SEP 2025 11:53AM by PIB Delhi

وزیر اعظم  جناب  نریندر مودی نے 31 اگست سے یکم ستمبر 2025 کے دوران چین کے تیانجن میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے سربراہان کی کونسل کے 25ویں اجلاس میں شرکت کی۔ اس سربراہ اجلاس میں ایس سی او کی ترقیاتی حکمت عملی، عالمی حکمرانی میں اصلاحات، دہشت گردی کے خلاف جدوجہد، امن و سلامتی، اقتصادی و مالی تعاون اور پائیدار ترقی پرثمرآور گفتگو ہوئی۔

سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ایس سی او کے ڈھانچے کے اندر تعاون کو مضبوط بنانے کے بھارت کے وژن پر روشنی ڈالی۔ اس سلسلے میں انہوں نے کہا کہ بھارت تین ستونوں – سیکورٹی، کنیکٹیویٹی اور مواقع – کے تحت جامع کارروائی چاہتا ہے۔ امن، سلامتی اور استحکام کو ترقی و خوشحالی کی کنجی قرار دیتے ہوئے انہوں نے رکن ممالک سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردی کی تمام شکلوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مضبوط اور فیصلہ کن اقدامات کریں۔ وزیر اعظم نے دہشت گردوں کی مالی معاونت اور انتہاپسندی کے خلاف مربوط اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے بعد رکن ممالک کی مضبوط یکجہتی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں کوئی دوہرا معیار نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گروپ کو ان ممالک کو جوابدہ ٹھہرانا چاہیے جو سرحد پار دہشت گردی کو فروغ اور حمایت فراہم کرتے ہیں۔

ترقی کو فروغ دینے اور اعتماد سازی میں کنیکٹیویٹی کے کردار پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت چابہار بندرگاہ اور بین الاقوامی شمال-جنوب ٹرانسپورٹ کاریڈور جیسے منصوبوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے اسٹارٹ اپس، اختراع، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور مشترکہ ورثے کے شعبوں میں مواقع کا بھی ذکر کیا جنہیں ایس سی او کے تحت آگے بڑھایا جانا چاہیے۔ وزیر اعظم نے گروپ میں ایک تہذیبی مکالمہ فورم  شروع کرنے کی تجویز پیش کی تاکہ عوامی روابط اور ثقافتی سمجھ بوجھ کو فروغ دیا جا سکے۔

 

وزیر اعظم نے گروپ کے اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت کا اظہار کیا۔ اس سلسلے میں انہوں نے منظم جرائم، منشیات کی اسمگلنگ اور سائبر سیکیورٹی سے نمٹنے کے لیے مراکز کے قیام کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ گروپ کو اقوام متحدہ سمیت کثیر جہتی اداروں میں اصلاحات کے لیے یکساں موقف اپنانا چاہیے۔ وزیر اعظم کی مکمل تقریر یہاں \[لنک] پر دیکھی جا سکتی ہے۔

وزیر اعظم نے صدر شی جن پنگ کا پرخلوص میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور سربراہ اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ایس سی او کی آئندہ صدارت سنبھالنے پر کرغستان کو بھی مبارکباد دی۔ اجلاس کے اختتام پر ایس سی او رکن ممالک نے تیانجن اعلامیہ کو منظور کیا۔

****

ش ح – ع ح۔ م ش

UR No. 5517


(Release ID: 2162590) Visitor Counter : 2