وزیراعظم کا دفتر
برطانیہ کے وزیر اعظم کے ساتھ مشترکہ بیان کے دوران وزیر اعظم کا پریس بیان وزیراعظم اسٹارمر
Posted On:
24 JUL 2025 5:09PM by PIB Delhi
دوستوں،
نمسکار،
سب سے پہلے، میں وزیر اعظم اسٹارمر کے گرمجوشی سے استقبال کے لئے ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔ آج ہمارے تعلقات کا ایک تاریخی دن ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ کئی برسوں کی محنت کے بعد آج دونوں ممالک کے درمیان جامع اقتصادی اور تجارتی معاہدہ طے پا گیا ہے۔
یہ معاہدہ صرف اقتصادی شراکت داری نہیں ہے بلکہ مشترکہ خوشحالی کا منصوبہ ہے۔ ایک طرف، ہندوستانی ٹیکسٹائل، جوتے،زیورات و جواہرات، سمندری غذا اور انجینئرنگ کے سامان کو برطانیہ میں بہتر مارکیٹ رسائی ملے گی۔ ہندوستان کی زرعی پیداوار اور پراسیسڈ فوڈ انڈسٹری کے لئے برطانیہ کے بازار میں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ یہ معاہدہ ہندوستان کے نوجوانوں، کسانوں، ماہی گیروں اور ایم ایس ایم ای سیکٹر کے لیے خاص طور پر فائدہ مند ثابت ہوگا۔
دوسری طرف، برطانیہ کی تیار کردہ مصنوعات – جیسے طبی آلات اور ایرو اسپیس پارٹس – ہندوستان کے لوگوں اور صنعت کو قابل رسائی اور سستی قیمتوں پر دستیاب ہوں گے۔
اس معاہدے کے ساتھ ہی ڈبل کنٹری بیوشن کنونشن پر بھی معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس سے دونوں ممالک کے سروس سیکٹر بالخصوص ٹیکنالوجی اور فنانس کو نئی توانائی ملے گی۔ کاروبار کرنے میں آسانی پیدا ہو گی۔ کاروبار کرنے کی لاگت کم ہوگی اور کاروبار کرنے کا اعتماد بڑھے گا۔ اس کے ساتھ ہی برطانیہ کی معیشت کو ہندوستانی ہنر مند ٹیلنٹ ملے گا۔
ان معاہدوں سے دونوں ممالک میں سرمایہ کاری بڑھے گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ یہی نہیں بلکہ دو جمہوری ممالک اور دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان ہونے والے یہ معاہدے عالمی استحکام اور خوشحالی کو بھی تقویت دیں گے۔
دوستوں،
اگلی دہائی میں ہماری جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی رفتار اور توانائی دینے کے لیے وژن 2035 جاری کیا جا رہا ہے۔ یہ ٹیکنالوجی، دفاع، آب و ہوا، تعلیم اور لوگوں کے درمیان رابطے کے شعبوں میں مضبوط، قابل اعتماد اور پرجوش شراکت داری کا روڈ میپ بن جائے گا۔
دفاع اور سلامتی میں شراکت داری کے لیے ڈیفنس انڈسٹریل روڈ میپ تیار کیا گیا ہے۔ ہمارے ٹیکنالوجی سیکورٹی اقدام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کیا جائے گا۔
یہ ہمارا عزم ہے کہ اے آئی سے لے کر کریٹیکل منرلز تک، سیمی کنڈکٹرز سے لے کر سائبر سکیورٹی تک، ہم مل کر مستقبل بنائیں گے۔
دوستوں،
تعلیم کے میدان میں بھی دونوں ملک مل کر ایک نیا باب لکھ رہے ہیں۔ برطانیہ کی 6 یونیورسٹیاں ہندوستان میں کیمپس کھول رہی ہیں۔ ابھی پچھلے ہفتے ہی، ہندوستان کے شہر گروگرام میں ساؤتھ ہیمپٹن یونیورسٹی کے کیمپس کا افتتاح ہوا۔
دوستوں،
پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کے لیے ہم وزیر اعظم اسٹارمر اور ان کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ہم اس بات پر متفق ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دوہرے معیار کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ ہم اس بات سے بھی اتفاق کرتے ہیں کہ انتہا پسند نظریات کی حامل قوتوں کو جمہوری آزادیوں کا غلط استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
جمہوریت کو کمزور کرنے کے لیے جمہوری آزادی کا غلط استعمال کرنے والوں کا محاسبہ ہونا چاہیے۔
ہماری ایجنسیاں معاشی مجرموں کی حوالگی کے معاملے پر تعاون اور ہم آہنگی سے کام جاری رکھیں گی۔
دوستوں،
ہم ہند-بحرالکاہل میں امن و استحکام، یوکرین میں جاری تنازعہ اور مغربی ایشیا کی صورتحال پر خیالات کا تبادلہ کرتے رہے ہیں۔ ہم جلد از جلد امن و استحکام کی بحالی کی حمایت کرتے ہیں۔ تمام ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام ضروری ہے۔ آج کے دور کا تقاضہ توسیع پسندی نہیں، ترقی ہی ہے۔
دوستوں،
گزشتہ ماہ احمد آباد میں ہونے والے حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں برطانیہ کے کئی شہری بھائی بہن بھی شامل تھے۔ ہم ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
برطانیہ میں رہنے والے ہندوستانی نژاد لوگ ہمارے تعلقات میں ایک زندہ پل کا کام کرتے ہیں۔ وہ ہندوستان سے صرف کری ہی نہیں بلکہ تخلیقی صلاحیت، عزم اور کردار بھی لے کر آئےتھے۔ ان کا تعاون صرف برطانیہ کی خوشحال معیشت تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ یہ برطانیہ کی ثقافت، کھیلوں اور عوامی خدمت میں بھی نمایاں ہے۔
دوستوں،
جب ہندوستان اور برطانیہ ملیں اور وہ بھی ٹیسٹ سیریز کے دوران، توکرکٹ کا تذکرہ توکرنا ہی پڑتا ہے!
ہم دونوں کے لئے کرکٹ صرف ایک کھیل نہیں بلکہ ایک جنون ہے اور ساتھ ہی ہماری شراکت داری کا ایک عظیم استعارہ بھی ہے۔ کبھی کبھی سوئنگ ہو سکتی ہے اور کبھی کبھی چوک بھی ہو سکتی ہے، لیکن ہم ہمیشہ سیدھے بلے سے کھیلتے ہیں! ہم ایک اعلی اسکورنگ ٹھوس شراکت قائم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
آج مکمل ہوئے معاہدے اور ویژن 2035، اسی جذبے کو آگے بڑھانے والے سنگ میل ہیں ۔
وزیراعظم جی،
میں ایک بار پھر آپ کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
میں آپ کو ہندوستان آنے کی دعوت دیتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ ہمیں جلد ہی ہندوستان میں آپ کا استقبال کرنے کا موقع ملے گا۔
بہت بہت شکریہ۔
***
ش ح۔ ک ا۔ ع ر
U.NO.3211
(Release ID: 2147900)
Read this release in:
English
,
Hindi
,
Marathi
,
Assamese
,
Bengali
,
Manipuri
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Odia
,
Tamil
,
Telugu
,
Kannada
,
Malayalam