وزارتِ تعلیم
azadi ka amrit mahotsav

وزارتِ تعلیم نے تعلیمی اداروں کو تمباکو اور منشیات سے پاک بنانے کے لیے ملک گیر نفاذی مہم کا آغاز کیا

Posted On: 23 MAY 2025 2:45PM by PIB Delhi

طلباء اور نوجوانوں کو تمباکو اور منشیات کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے ایک اہم اقدام کے طور پر، وزارتِ تعلیم کے محکمہ برائے اسکولی تعلیم و خواندگی (ڈی او ایس ای ایل) نے تمام ریاستوں اور مرکزکے زیر انتظام علاقوں (یوٹیز) کو سختی سے ہدایت دی ہے کہ تعلیمی اداروں کے اردگرد کے علاقوں کو تمباکو، شراب اور منشیات سے پاک رکھنے کے لیے قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

یہ ملک گیر نفاذی مہم جناب سنجے کمار، سیکریٹری ڈی او ایس ای ایل، کی جانب سے اس وقت جاری کی گئی جب 15 مئی 2025 کو نارکو کوآرڈینیشن سینٹر (این سی او آر ڈی) کی آٹھویں ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ وزارتِ داخلہ کے سیکریٹری کی زیرِ صدارت اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں نوجوان ذہنوں کو مضر مادّوں سے بچانے کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا اور تعلیم و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مربوط کوششوں کی اپیل کی گئی۔

یہ کیوں اہم ہے

بھارت دنیا کی سب سے کم عمر آبادیوں میں سے ایک ہے، جہاں بڑی تعداد میں شہریوں کی عمر 29 سال سے کم ہے۔ یہ نوجوان آبادی ملک کے مستقبل کے لیے ایک زبردست قوت ہے، اور ان کا تحفظ ، جو ایک بڑی آبادیاتی طاقت کی نمائندگی کرتی ہے ، ایک ترقی یافتہ بھارت (وِکست بھارت) کی تعمیر کے لیے نہایت ضروری ہے۔

تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ نوجوانوں میں تمباکو نوشی کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے، جس کے نتیجے میں وہ اسکولوں اور کالجوں کے احاطے میں دیگر منشیات کے استعمال کی طرف بھی مائل ہو رہے ہیں۔گلوبل یوتھ ٹوبیکو سروے (جی وائی ٹی ایس-2)  2019 کے مطابق، بھارت میں 13 سے 15 سال کی عمر کے 8.5 فیصد طلباء کسی نہ کسی شکل میں تمباکو استعمال کر رہے ہیں۔ اس سے بھی زیادہ تشویش ناک بات یہ ہے کہ بھارت میں ہر دن 5,500 سے زائد بچے تمباکو نوشی شروع کرتے ہیں۔

تمباکو کا استعمال اکثر زیادہ خطرناک منشیات کی طرف پہلا قدم ثابت ہوتا ہے۔ زیادہ تر بالغ افراد نے تمباکو نوشی کا آغاز نو عمری میں کیا ہوتا ہے، اور بہت سے نوجوان آج بھی موجودہ قوانین کے باوجود اسکولوں کے قریب موجود دکانوں سے بآسانی یہ مصنوعات خرید سکتے ہیں۔

حکومت کا ردِعمل

اس بڑھتے ہوئے خطرے سے نمٹنے کے لیے، وزارتِ تعلیم نے ‘‘تمباکو سے پاک تعلیمی ادارے (ٹی او ایف ای آئی)’’ کے رہنما اصولوں پر مؤثر عملدرآمد کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ رہنما اصول اسکولوں اور کالجوں کو تمباکو کے استعمال اور فروخت سے مکمل طور پر پاک بنانے کے لیے ایک منظم طریقہ فراہم کرتے ہیں۔محکمہ اسکولی تعلیم و خواندگی (ڈی اوایس ای ایل) نے 31 مئی 2024 کو ٹی او ایف ای آئی کے نفاذ کے لیے ایک رہنما خطوط جاری کئے۔ اس کا مقصد اسکولوں کی ٹی او ایف ای آئی اصولوں پر عمل درآمد میں معاونت کرنا ہے، تاکہ طلباء کے لیے ایک صحت مند اور تمباکو سے پاک ماحول پیدا کیا جا سکے۔یہ رہنماخطوط تمام متعلقہ فریقین کو اس قابل بناتی ہے کہ وہ ایسے رہنما اصول اپنائیں اور ان پر عملدرآمد کریں جو طلباء کو تمباکو کے خطرات سے محفوظ رکھیں۔

ٹی او ایف ای آئی کے رہنما اصولوں کے مطابق وہ نو سرگرمیاں جو اسکولوں اور کالجوں کو اپنے کیمپس کو تمباکو سے پاک رکھنے کے لیے انجام دینا ضروری ہیں،وہ درج ذیل ہیں:

1-احاطے کے اندر ‘تمباکو سے پاک علاقہ’ کے بورڈ کا آویزاں کرنا

 2-داخلہ یا حدود (باؤنڈری)پر ‘تمباکو سے پاک تعلیمی ادارہ’ کے بورڈ کا آویزاں کرنا

 3-احاطے میں تمباکو کے استعمال کے کوئی آثار نہ ہونا

 4-تمباکو کے نقصانات سے متعلق آگاہی مواد کی نمائش

 5-ہر چھ ماہ میں کم از کم ایک تمباکو کنٹرول سرگرمی کا انعقاد

 6-تمباکو مانیٹرزکی نامزدگی

 7-اسکول کے ضابطہ اخلاق میں تمباکو سے پاک پالیسی کا شامل کرنا

 8-تعلیمی اداروں کے گرد 100 گز کے دائرے میں پیلی لکیر کھینچ کر اسے تمباکو سے پاک زون قرار دینا

 9-اس 100 گز کے دائرے کے اندر کسی بھی دکان یا فروشندے کی طرف سے تمباکو مصنوعات کی فروخت پر مکمل پابندی یقینی بنانا

ان میں سے دو اہم اقدامات ایسے ہیں جن کے لیے فوری طور پر مقامی حکام کی مدد درکار ہے:

  1. سرگرمی 8 – تعلیمی اداروں کے گرد 100 گز کے دائرے میں پیلی لکیر کھینچنا، تاکہ اسے ‘‘تمباکو سے پاک زون’’ قرار دیا جا سکے۔
  2. سرگرمی 9 – یہ یقینی بنانا کہ اس 100 گز کے زون کے اندر کوئی دکان یا فروشندہ(وینڈورس) تمباکو مصنوعات فروخت نہ کرے۔

ان اقدامات پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے، وزارتِ تعلیم نے تعلیمی حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی کوششیں تیز کریں۔

وزارتِ داخلہ کی جانب سے نومبر 2024 میں جاری کردہ ایک ایڈوائزری میں بھی ان ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کی درخواست کی گئی تھی۔

ایک ماہ پر مشتمل نفاذی مہم

یہ مہم 31 مئی 2025 سے شروع ہو رہی ہے، جو کہ ورلڈ نو ٹوبیکو ڈے ہے، اور 26 جون 2025 تک جاری رہے گی، جو کہ منشیات کے ناجائز استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن ہے۔اس دوران تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں (یوٹیز) پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ایک ماہ طویل نفاذی مہم کا آغاز کریں تاکہ سگریٹ اور دیگر تمباکو مصنوعات ایکٹ (سی او ٹی پی اے)، 2003 کی دفعہ 6(بی) کو مؤثر طور پر نافذ کیا جا سکے، جو درج ذیل پر پابندی عائد کرتی ہے:

  • تعلیمی اداروں کے 100 گز کے دائرے میں تمباکو مصنوعات کی فروخت۔
  • نابالغ بچوں کو تمباکو فروخت کرنا یا ان کے ذریعے تمباکو کی فروخت کروانا۔

ریاستوں کو یہ بھی ترغیب دی گئی ہے کہ وہ ایک واضح معیاری طریقہ کار (ایس او پی) تیار کریں، جس کے ذریعے اسکول اور کالج کا عملہ بغیر کسی خوف کے مقامی پولیس کو براہِ راست خلاف ورزیوں کی اطلاع دے سکے۔

کمیونٹی کی شرکت اور آگاہی ضروری ہے

وزارت نے اسکول مینجمنٹ کمیٹیوں (ایس ایم سیز)، اساتذہ، اور والدین کے کردار پر زور دیا ہے کہ وہ اس مشن کی حمایت کریں۔ آگاہی پھیلانے اور خلاف ورزیوں کی رپورٹنگ کے ذریعے، کمیونٹیز طلباء کے لیے محفوظ ماحول بنانے میں مدد کر سکتی ہیں جہاں وہ سکون سے تعلیم حاصل کر سکیں اور ترقی کر سکیں۔

طلباء، اساتذہ اور عام لوگوں کو تمباکو کے مضر اثرات سے تفریحی انداز میں آگاہ کرنے کے لیے، وزارت نے ایک ساتھ ‘ورلڈ نو ٹوبیکو ڈے آگاہی کوئز-2025’ بھی مائی گورنمنٹ پلیٹ فارم (https://quiz.mygov.in) پر شروع کیا ہے۔یہ کوئز 22 مئی 2025 سے 21 جولائی 2025 تک جاری رہے گا۔یہ اقدام نوجوانوں کو تمباکو کے خطرات کے بارے میں علم دے کر مضبوط سماجی اقدار قائم کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔

لنک: https://quiz.mygov.in/quiz/world-no-tobacco-day-awareness-quiz/

تمام شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس اہم مہم کی بھرپور حمایت کریں۔ وزارتِ تعلیم کا ماننا ہے کہ مسلسل کوششوں اور عوامی تعاون کے ساتھ، بھارت اپنے اسکولوں اور کالجوں کو محفوظ، صحت مند، اور مضر مادّوں کے اثرات سے پاک بنا سکتا ہے۔

ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں (یوٹیز) سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس دوران نفاذی کارروائیوں میں بھرپور حصہ لے کر تعلیمی کیمپس کو مزید محفوظ اور صحت مند بنانے کو یقینی بنائیں۔

********

UN-NO-1024


(Release ID: 2130737)