وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

پی ایم مودی نے دہشت گردی کے خلاف بھارت کی پالیسی کو نئی شکل دی ہے، بھارتی سرزمین پر ہونے والا کوئی بھی حملہ جنگی کارروائی سمجھی جائے گی: سری نگر میں وزیر دفاع


پاکستان کی غیر ذمہ دارانہ ایٹمی دھمکیاں بھارت کے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کو متزلزل نہ کر سکیں، جناب راج ناتھ سنگھ کا بیان؛ پاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں پر آئی اے ای اے کی نگرانی کا مطالبہ

‘‘بھارت امن کو ترجیح دیتا ہے، لیکن خودمختاری پر کسی بھی حملے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا’’

‘‘اگر پاکستان دہشت گردی کی حمایت جاری رکھتا ہے تو اسے بھاری قیمت چکانی پڑے گی؛ اسے بھارت مخالف اور دہشت گرد تنظیموں کو پناہ دینا بند کرنا ہوگا’’

‘‘دہشت گردی اور مذاکرات ایک ساتھ نہیں چل سکتے؛ پاکستان سے بات  چیت صرف دہشت گردی اور مقبوضہ کشمیر (پی او کے) پر ہی ہوگی’’

Posted On: 15 MAY 2025 3:32PM by PIB Delhi

‘‘وزیر اعظم جناب  نریندرمودی نے دہشت گردی کے خلاف بھارت کی پالیسی کو نئی شکل دی ہے، کہ بھارتی سرزمن  پر ہونے والا کوئی بھی حملہ جنگی کارروائی سمجھی جائے گی ’’ یہ باتیں وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 15 مئی 2025 کو سری نگر کے بادامی باغ کینٹ میں بہادر بھارتی فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر دفاع نے زور دے کر کہا کہ بھارت نے ہمیشہ امن کو ترجیح دی ہے اور کبھی جنگ کی حمایت نہیں کی، تاہم جب اس کی خودمختاری پر حملہ کیا جائے تو جواب دینا ضروری ہوتا ہے۔ اگر پاکستان دہشت گردی کی حمایت جاری رکھتا ہے تو اسے اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image0012SMP.jpg

جناب راج ناتھ سنگھ نے آپریشن سندور کو بھارت کی تاریخ میں دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی کارروائی قرار دیا اور کہا کہ یہ قوم کے اس عزم کا مظہر ہے کہ ہم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘آپریشن سندور ایک عزم تھا جو بھارت نے صرف دفاع کرنے میں نہیں بلکہ ضرورت پڑنے پر جرات مندانہ فیصلے کرنے میں دکھایا۔ یہ ہر سپاہی کا خواب تھا کہ ہم ہر دہشت گرد کے ٹھکانے تک پہنچیں اور انہیں نیست و نابود کریں۔ دہشت گردوں نے مذہب کی بنیاد پر بھارتیوں کو مارا، ہم نے ان کے اعمال کی بنیاد پر انہیں ختم کیا۔ ان کا خاتمہ ہمارا دھرم تھا۔ ہماری افواج نے اپنے غصے کو صحیح سمت دی اور پہلگام کا بدلہ بڑی بہادری اور دانشمندی سے لیا۔’’

وزیر دفاع  نے مزید کہا کہ آپریشن سندور نے پاکستان میں چھپے دہشت گرد تنظیموں اور ان کے آقاؤں کو ایک واضح پیغام دے دیا ہے کہ وہ اب کہیں بھی محفوظ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ‘‘ہماری افواج نے دنیا کو دکھا دیا ہے کہ ان کا نشانہ نہایت درست اور نقطہ وار ہوتا ہے، اور گنتی کا کام اب دشمنوں کے لیے چھوڑ دیا گیا ہے۔’’

جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بھارت کی دہشت گردی کے خلاف غیرمتزلزل عزم کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان کی جوہری بلیک میلنگ کے باوجود بھارت نے قدم پیچھے نہیں ہٹایا۔ انہوں نے کہاکہ ‘‘دنیا نے دیکھا ہے کہ کس طرح اسلام آباد نے غیرذمہ دارانہ طریقے سے نئی دہلی کو بارہا جوہری دھمکیاں دی ہیں۔ میں دنیا کے سامنے یہ سوال اٹھاتا ہوں: کیا ایٹمی ہتھیار ایک ایسے غیر ذمہ دار اور بدمعاش ملک کے ہاتھوں میں محفوظ ہیں؟ پاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں کو انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی نگرانی لیا جانا چاہیے۔’’

جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ پہلگام واقعے کے ذریعے بھارت کی سماجی یکجہتی کو توڑنے کی کوشش کی گئی تھی، اور مسلح افواج نے اس دہشت گرد حملے کا جواب دشمن کے دل پر وار کر کے دیا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ آج سے 21 سال قبل، اس وقت کے وزیر اعظم آنجہانی اٹل بہاری واجپائی کے سامنے پاکستان نے اعلان کیا تھا کہ اس کی سرزمین سے اب دہشت گردی برآمد نہیں ہوگی۔ وزیر دفاع  نے کہا کہ پاکستان بھارت کو دھوکہ دیتا آیا ہے، اور اسے چاہیے کہ وہ بھارت مخالف اور دہشت گرد تنظیموں کو پناہ دینا بند کرے اور اپنی سرزمین کو بھارت کے خلاف استعمال ہونے سے روکے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image002N8FV.jpg

وزیر دفاع  نے مزید کہا کہ پاکستان ایس حالت میں پہنچ چکا ہے کہ اسے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے قرض مانگنا پڑا، جب کہ بھارت اُن ممالک کی صف میں شامل ہے جو آئی ایم ایف کو فنڈز فراہم کرتے ہیں تاکہ وہ غریب ممالک کی مدد کر سکیں۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے زور دیا کہ سرحد پار سے کسی بھی قسم کی غیر ضروری کارروائی نہیں ہونی چاہیے، یہی دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ  سمجھ بوجھ(مفاہمت ) کی بنیاد ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم مودی کے اس مؤقف کو دہرایا کہ دہشت گردی اور مذاکرات ایک ساتھ نہیں چل سکتے، اور اگر کوئی بات چیت ہوگی تو وہ صرف دہشت گردی اور پاکستان کے زیرِ قبضہ کشمیر (پی او کے) پر ہوگی۔

وزیر دفاع نے پہلگام میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے بے گناہ شہریوں اور آپریشن سندور کے دوران مادر وطن کی خدمت میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے سپاہیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے زخمی سپاہیوں کی ہمت کو سراہا اور ان کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

جناب راج ناتھ سنگھ نے ان بہادر سپاہیوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے سرحد پار پاکستانی پوسٹوں اور بنکروں کو تباہ کیا اور دشمن کو واضح پیغام دیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ ‘‘میں آج یہاں بھارت کے عوام کا پیغام لے کر آیا ہوں: ‘ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے’۔’’

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image00349X8.jpg

وزیر دفاع  نے مسلح افواج کے حوصلے اور قربانی کو سراہا، انہوں نے فوجیوں کو جدید ہتھیاروں، آلات اور بنیادی ڈھانچے سے لیس کرنے کے لیے حکومت کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے کہاکہ ‘‘ہماری حکومت نے یہ یقینی بنایا ہے کہ ہماری افواج ہر صورتحال کے لیے تیار رہیں۔ جدید رائفلیں، میزائل دفاعی نظام اور ڈرون جیسے نئی نسل کے کئی آلات تیزی سے بھارت میں ہی تیار کیے جا رہے ہیں۔ ایل او سی اور ایل اے سی پر اس سے پہلے کبھی نہ دیکھی گئی سطح کی کنیکٹیویٹی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ جس لگن اور تیاری سے ہمارے سپاہی ملک کی خدمت کرتے ہیں، حکومت بھی ویسے ہی آپ کی خدمت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔’’

جناب راج ناتھ سنگھ نے مزید کہا کہ حکومت اور ملک کے عوام ہر قدم پر، ہر صورتحال میں مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے یقین کا اظہار کیا کہ فوج کے تعاون سے بھارت جلد ہی خطے سے دہشت گردی کا خاتمہ کر دے گا، تاکہ کوئی بھی ملک کی خودمختاری پر بری نظر ڈالنے کی جرات نہ کرے۔

جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ جناب عمر عبداللہ، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اوپندر دویدی اور بھارتی فوج کے دیگر سینئر افسران اس موقع پر موجود تھے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image004SQBC.jpg

***

ش ح۔ ش آ۔م ذ

U-no-803


(Release ID: 2128858)