وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

تھائی لینڈ کے وزیر اعظم کے ساتھ مشترکہ پریس بیان کے دوران وزیر اعظم کےپریس بیان کااردوترجمہ

Posted On: 03 APR 2025 5:53PM by PIB Delhi

عزت مآب، وزیر اعظم شناوترا،

دونوں ممالک کے مندوبین،

میڈیا کے تمام رفقاء،

نمسکار!

سوادی کھاپ!

میں اس خوبصورت سنہری سرزمین پر میرے اور میرے وفد کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی کے لیے وزیر اعظم شناوترا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

میں 28 مارچ کے زلزلے میں  ہونے والےجانی نقصان پر ہندوستان کے لوگوں کی طرف سے اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ اور ہم سب زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔

دوستو!

 ہندوستان اور تھائی لینڈ کے درمیان قائم صدیوں پرانے رشتے ہمارے گہرے ثقافتی اور روحانی دھاگوں سے جڑے ہوئے ہیں۔ بدھ مت کے پھیلاؤ نے ہمارے لوگوں کوایک دوسرے سے قریب لایا ہے ۔

ایوتھیا سے نالندہ تک اسکالرس کا تبادلہ ہوا ہے۔ رامائن کی کہانی تھائی لوک زندگی میں بہت گہرائی سے پیوست ہے ۔ اور سنسکرت-پالی کے اثرات آج بھی زبانوں اور روایات میں نظر آتے ہیں۔

میں تھائی لینڈ کی حکومت کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے میرے دورے کی مناسبت سے 18ویں صدی کی ‘رامائن’ کی افقی پینٹنگز پر مبنی خصوصی ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔

وزیر اعظم شناوترا نے ابھی مجھے تری –پتاکا  پیش کیا ہے۔ میں نے اسے  مہاتما بدھ کی سرزمین ہندوستان کی جانب سے ہاتھ جوڑ کر قبول کیا۔

پچھلے سال بھگوان بدھ کے مقدس آثار ہندوستان سے تھائی لینڈ بھیجے گئے تھے۔ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ چالیس لاکھ سے زائد عقیدت مندوں کو درشن کا موقع ملا۔ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ 1960 میں گجرات کے اراولی میں پائے جانے والے مقدس آثار کو بھی دیکھنے کے لیے تھائی لینڈ بھیجا جائے گا۔

ہمارے قدیم روابط اس سال ہندوستان میں ہونے والے مہا کمبھ میں بھی نظر آئے۔ اس روحانی اور ثقافتی اجتماع میں تھائی لینڈ اور دیگر ممالک کے 600 سے زائد بدھ مت کے عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ اس کمبھ سے عالمی امن اور ہم آہنگی کا پیغام دیاگیا۔

دوستو،

 ہندوستان کی ‘ایکٹ ایسٹ’ پالیسی اور ہمارے انڈو پیسفک ویژن میں تھائی لینڈ کو خاص مقام حاصل ہے۔ آج ہم نے اپنے تعلقات کو اسٹریٹجک پارٹنرشپ تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان ‘اسٹریٹجک ڈائیلاگ’ کے انعقاد پر بھی بات ہوئی۔

ہم نے سائبر کرائم کے شکار ہندوستانی متاثرین کو ہندوستان واپس بھیجنے میں تعاون کے لئے تھائی لینڈ کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ ہم اس بات پر  متفق ہیں کہ ہماری ایجنسیاں انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی نقل مکانی کے خلاف متحد ہو کر کام کریں گی۔

ہم نے تھائی لینڈ اور ہندوستان کی شمال مشرقی ریاستوں کے درمیان سیاحت، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون پر زور دیا ہے۔

ہم نے باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری اداروں کے درمیان تبادلے کو بہتر کرنے کے بارے میں بات کی۔ ایم ایس ایم ای، ہینڈلوم اور دستکاری  کی صنعتوں میں تال میل  کے لیے بھی معاہدے کیے گئے ہیں۔

ہم نے قابل تجدید توانائی، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، ای-وہیکل، روبوٹکس، خلائی مشن، بائیو ٹیکنالوجی اور اسٹارٹ اپس میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ فزیکل کنیکٹیویٹی کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان فن  ٹیک کنیکٹیویٹی کو فروغ دینے کے لیے بھی کام کیا جائے گا۔

دونوں ممالک کےلوگوں سے لوگوں کے درمیان تبادلے کو فروغ دینے کے مقصد  سے، ہندوستان نے تھائی سیاحوں کو مفت ای- ویزا کی سہولت فراہم کرنا شروع کی ہے۔

دوستو،

 آسیان ہندوستان کا جامع اسٹریٹجک پارٹنر ہے۔ اور اس خطے میں، سمندری پڑوسیوں کے طور پر، علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی میں ہمارا مشترکہ مفاد ہے۔

ہندوستان آسیان اتحاد اور آسیان کی مرکزیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ انڈو پیسفک میں، ہم دونوں آزاد، کھلے، جامع اور اصول پر مبنی نظام کے حامی ہیں۔

ہم توسیع پسندی پر نہیں، بلکہ ترقی کی پالیسی پر یقین رکھتے ہیں۔ ہم انڈو پیسیفک اوشینز انیشیٹو کے 'میری ٹائم ایکولوجی' اقدام کی مشترکہ قیادت کرنے کے تھائی لینڈ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

دوستو،

 میں کل بی آئی ایم ایس ٹی ای سی چوٹی کانفرنس میں شرکت کا منتظر ہوں۔ تھائی لینڈ کی سربراہی میں اس فورم کے تحت علاقائی تعاون کو نئی رفتار ملی ہے۔ اس حصولیابی کے لیے ہم وزیر اعظم اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

عزت مآب،

ایک بار پھر، میں اپنے پرتپاک استقبال اور اعزاز کے لیے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اور، میں تری پتاکا کے تحفے کے لیے بھی شکر گزار ہوں۔

آپ کا بہت بہت شکریہ

کھوپ کھن کھاپ!

اعلان دستبرداری- یہ وزیر اعظم کے بیانات کا تخمینی ترجمہ ہے۔ اصل بیانات ہندی زبان میں دیے گئے۔

*************

(ش ح ۔م ش ع۔ف ر(

U. No. 9447


(Release ID: 2118410) Visitor Counter : 17