امور داخلہ کی وزارت
امور داخلہ اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ نے آسام کے کوکراجھار میں آل بوڈو اسٹوڈنٹس یونین (اے بی ایس یو) کی 57 ویں سالانہ کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کیا
اے بی ایس یو کے بغیر، بوڈو معاہدہ ممکن نہیں ہوتا، اے بی ایس یو نے بوڈو لینڈ میں امن اور ترقی کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ہے
دہلی کی ایک نمایاں سڑک کا نام بوڈوپا اوپیندر ناتھ برہما جی کے نام پر رکھا جائے گا
مودی حکومت اگلے دو سالوں میں بی ٹی آر امن معاہدے پر 100 فیصد عمل کو یقینی بنائے گی
مودی حکومت اور آسام حکومت بوڈوپا اوپیندر ناتھ برہما جی کے خوابوں کو پورا کریں گی
ماضی میں بوڈو لینڈ میں بدامنی، افراتفری اور علیحدگی پسندی پر بحث ہوتی تھی، اب توجہ تعلیم ، ترقی اور صنعت پر مرکوز ہے
ماضی میں، جہاں کبھی بوڈو لینڈ کے علاقے میں گولیاں چلتی تھیں، آج بوڈو نوجوان ترنگا لہرا رہے ہیں
اب ’’مشروم فرام بوڈو لینڈ‘‘ دہلی میں بھی دستیاب ہے، بوڈو لینڈ کی ایک درجن سے زیادہ مصنوعات کو جی آئی ٹیگ مل چکا ہے
آسام کمانڈو بٹالین میں 400 بوڈو نوجوانوں کی بھرتی کرکے ایک نئی شروعات کی گئی ہے
Posted On:
16 MAR 2025 5:24PM by PIB Delhi
امور داخلہ اور اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ نے آج آسام کے کوکراجھار میں آل بوڈو اسٹوڈنٹس یونین (اے بی ایس یو) کی 57 ویں سالانہ کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کیا۔ اس موقع پر آسام کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ہیمنتا بسوا شرما ، قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر جناب بسواجیت دیماری، مرکزی داخلہ سکریٹری اور انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے ڈائریکٹر سمیت کئی دیگر معززین موجود تھے ۔
اپنے خطاب میں مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے کہا کہ آل بوڈو اسٹوڈنٹس یونین (اے بی ایس یو) نے خطے میں امن، ترقی اور جوش و خروش قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اے بی ایس یو کے کردار کے بغیر بوڈو معاہدہ ممکن نہ ہوتا اور بوڈو لینڈ میں امن قائم نہ ہوتا۔ اس موقع پر جناب شاہ نے بوڈو لینڈ کے امن کے لیے جدوجہد کرنے والے پانچ ہزار شہیدوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ آج جب پورا بوڈو لینڈ اپنے رہنما اوپیندر ناتھ برہما جی کے دکھائے ہوئے راستے پر چل رہا ہے، حکومت نے دہلی کی ایک نمایاں سڑک کا نام بوڈوپا اوپیندر ناتھ برہما مارگ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اپریل کے پہلے ہفتے میں دہلی میں ایک پروگرام منعقد کیا جائے گا جس میں اوپیندر ناتھ برہما جی کے مجسمے کی نقاب کشائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت اور آسام حکومت بوڈوپا اوپیندر ناتھ برہما جی کے ہر خواب کو پورا کریں گی۔
مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے کہا کہ اے بی ایس یو تعلیم، تفویض اختیارات اور ترقی کے عمل کو آگے بڑھا رہی ہے۔ یہ اے بی ایس یو کی کوششوں کی وجہ سے ہے کہ آج طلباء بوڈو زبان میں 12 ویں جماعت تک کے امتحانات دے سکتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں ہماری بوڈو زبان کو پہچان ملی ہے اور آنے والے کئی سالوں تک یہ زندہ رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کی تقریب بوڈولینڈ میں قیام امن کا ایک مضبوط پیغام دیتی ہے۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ جب 27 جنوری 2020 کو بوڈو لینڈ ٹیریٹوریل ریجن (بی ٹی آر) امن معاہدے پر دستخط ہوئے تو اپوزیشن اس کا مذاق اڑا رہی تھی۔ تاہم آج مرکزی حکومت اور آسام حکومت نے اس معاہدے کی 82 فیصد شرائط پوری کردی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ہند اگلے دو سالوں میں اس معاہدے کو 100 فیصد نافذ کرے گی۔ اس کے بعد بی ٹی آر میں دیرپا امن رہے گا۔
مرکزی وزیر داخلہ جناب امت شاہ نے کہا کہ بی ٹی آر امن معاہدے کے تحت حکومت نے یکم اپریل 2022 کو پورے بی ٹی آر علاقے سے آرمڈ فورسز (اسپیشل پاورز) ایکٹ (اے ایف ایس پی اے) کو ہٹا دیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حکومت ہند کے ’ون ڈسٹرکٹ ، ون پروڈکٹ‘ (او ڈی او پی) پروگرام کے تحت آج کوکراجھار کے مشروم ، جسے ’’مشروم فرام بوڈو لینڈ‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، کو دہلی کے ہوٹلوں کے مینو میں شامل کیا جا رہا ہے۔ یہ بوڈو لینڈ میں قائم امن کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن کی وجہ سے بوڈو لینڈ ’ڈورنڈ کپ‘ ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے میں کامیاب رہا۔ انہوں نے بوڈو لینڈ کے کھلاڑیوں سے اپیل کی کہ وہ 2036 میں ہندوستان میں ہونے والے ممکنہ اولمپکس کی تیاری شروع کر دیں۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ بوڈو لینڈ کی ایک درجن سے زیادہ مصنوعات کو جی آئی (جغرافیائی اشارے) کا ٹیگ ملا ہے۔ اس کے نتیجے میں پورے بی ٹی آر علاقے میں بتدریج ایک صنعتی ماحول پیدا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب بدامنی ، افراتفری اور علیحدگی پسندی کے بارے میں بات چیت ہوتی تھی، لیکن اب توجہ تعلیم ، ترقی اور صنعت پر مرکوز ہو گئی ہے۔
امور داخلہ اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں حکومت ہند اور آسام حکومت نے بوڈو لینڈ کی ترقی کے لیے 1500 کروڑ روپے مختص کیے ہیں ، حالانکہ اس خطے کی آبادی صرف 3.5 ملین ہے۔ انہوں نے یہ بھی ذکر کیا کہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے دور میں بوڈو زبان کو آئین کے آٹھویں شیڈیول میں شامل کیا گیا تھا۔ مزید برآں ، سونیت پور اور بسواناتھ اضلاع کو شامل کرکے بی ٹی آر خطے کی توسیع کی گئی ۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ سیکڑوں نوجوانوں کو معاشرے کے مرکزی دھارے میں لایا گیا ہے ۔ بہت سے ہتھیار سپرد (سرینڈر) کیے گئے اور پچھلے تین سالوں میں، آسام میں نیشنل ڈیموکریٹک فرنٹ آف بوڈو لینڈ (این ڈی ایف بی) کے 4,881 اراکین کی بحالی پر 287 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں، جس میں سے 90 فیصد رقم مودی حکومت نے فراہم کی ہے۔ جناب شاہ نے مزید بتایا کہ روزگار اور ہنر مندی کے فروغ کے لیے بہت سے کام کیے گئے ہے ۔ این جی اوز کو سبھی شعبوں میں شامل کیا گیا ہے، جن میں ایس آئی پی اینڈ آر ڈی، کے وی کے، کے وی آئی سی ، مویشی پروری، ماہی گیری اور باغبانی شامل ہیں، جو مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر کام کررہی ہیں اور ان کی ترقی میں تعاون دے رہی ہیں۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ آسام کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر شرما نے آسام کمانڈو بٹالین میں 400 بوڈو نوجوانوں کی بھرتی کرکے ایک نئی شروعات کی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں حکومت ہند نے آسام میں کل نو باغی گروہوں کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کیے ہیں ، جس سے 10,000 سے زیادہ نوجوان معاشرے کے مرکزی دھارے میں شامل ہوئے ہیں۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ جہاں کبھی گولیاں چلائی جاتی تھیں ، آج بوڈو نوجوان اپنے ہاتھوں میں ترنگا لہرا رہے ہیں ۔ یہ منظر پورے ملک کو پیغام دیتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب بوڈو معاہدے پر دستخط ہوئے تو نہ صرف بوڈو لینڈ اور آسام بلکہ پورا ملک خوش تھا ۔ جس طرح بوڈو لینڈ کے لوگ ملک سے محبت کرتے ہیں ، اسی طرح پورا ملک بوڈو لینڈ اور اس کے لوگوں سے محبت کرتا ہے اور اس کے نوجوانوں کی ترقی کے لیے پرعزم ہے ۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ باتھو مذہب، جس کی پیروی بوڈو لینڈ کے لوگ کرتے ہیں ، بہت اہمیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ باتھو دو عناصر پر مشتمل ہے ، اور اس کا مطلب ’’پانچ عناصر کے خالق کے گہرے اسرار‘‘ ہے۔ پانچ عناصر یا پنچ تتوا میں آگ ، ہوا ، زمین ، آسمان اور پانی شامل ہیں، جو آپ کے عظیم مذہب کی بنیاد بناتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی ذکر کیا کہ وہ باتھو مذہب کے پیغام کو پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں ۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں پورے شمال مشرق کو شورش ، تحریکوں ، ناکہ بندی ، ہڑتالوں اور تشدد جیسے مسائل سے آزاد کرایا گیا ہے اور اسے ترقی کی راہ پر گامزن کیا گیا ہے۔ انہوں نے ذکر کیا کہ حال ہی میں وزیر اعظم مودی اور ڈاکٹر ہیمنتا بسوا شرما کی قیادت میں ایک سرمایہ کاری اجلاس ہوا، جس سے آسام میں 5 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے۔ انہوں نے بوڈو نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی تعلیم پر توجہ دیں اور امن کے عمل میں اپنا حصہ ڈالیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقصد بوڈو لینڈ میں ایسا بنیادی ڈھانچہ بنانا ہے جس سے بوڈو نوجوان دنیا بھر کے نوجوانوں کے ساتھ مقابلہ کرسکیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت ہند اور آسام حکومت بوڈو لینڈ کی ترقی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
******
ش ح۔ م م ۔ م ر
U-NO. 8333
(Release ID: 2111659)
Visitor Counter : 25
Read this release in:
Odia
,
Khasi
,
English
,
Marathi
,
Hindi
,
Nepali
,
Bengali-TR
,
Bengali
,
Assamese
,
Gujarati
,
Tamil