امور داخلہ کی وزارت
مرکزی وزیر برائے داخلہ وتعاون جناب امت شاہ نے درگاؤں، آسام میں لاچت برفوکن پولیس اکیڈمی کا افتتاح کیا
وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں آسام اب ترقی کے راستے پر گامزن ہے
آج لاچت برفوکن پولیس اکیڈمی کے طور پر بویا گیا یہ بیج ایک دن برگد کے پیڑ کی طرح بڑھے گا اور پورے ملک میں پولیسنگ کے مقصد کی خدمت کرے گا
عظیم جنگجو لاچت برفوکن کی داستان کبھی آسام تک محدود تھی، لیکن مودی حکومت کے تحت ان کی سوانح عمری اب ملک بھر کی لائبریریوں میں 23 زبانوں میں دستیاب ہے
ایک وقت تھا جب آسام تحریکوں، بغاوتوں اور مسلح جھڑپوں کے لیے جانا جاتا تھا، لیکن اب یہاں 27ہزار کروڑ روپے مالیت کی سیمی کنڈکٹر صنعت قائم کرنے کی کوششیں جاری ہیں
ڈبل انجن والی حکومت نے آسام میں سزا کی شرح کو 5 فیصد سے بڑھا کر 25 فیصد کر دیا ہے
آسام میں پولیس، جو پہلے صرف دہشت گردی سے نمٹنے تک محدود تھی، اب شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کر رہی ہے
پہلے، آسام فسادات کی آگ میں جھلسا رہتا تھا، جس کی وجہ سے خطہ مسلسل بے چینی کا شکار تھا، تاہم مودی حکومت کے تحت یہاں امن قائم ہو چکا ہے، اور عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے کے ساتھ بڑے صنعتی منصوبے لگائے جا رہے ہیں
Posted On:
15 MAR 2025 5:15PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر برائے داخلہ و تعاون جناب امت شاہ نے آج درگاؤں، آسام میں لاچت برفوکن پولیس اکیڈمی کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر آسام کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ہیمنت بسوا سرما، مرکزی وزیر جناب سربانند سونووال اور کئی دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔
مرکزی وزیر برائے داخلہ وتعاون کے وزیر، جناب امت شاہ نے اپنی تقریر میں کہا کہ آئندہ 5 برسوں میں لاچت برفوکن پولیس اکیڈمی ملک بھر کی تمام پولیس اکیڈمیوں میں اولین درجہ حاصل کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ آسام کے بہادر جنگجو اور عظیم شخصیت، لاچت برفوکن نے مغلوں کے خلاف آسام کو فتح دلائی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاچت برفوکن کی بہادری کی داستان ایک وقت تک صرف آسام تک محدود تھی، لیکن مودی حکومت کی کوششوں کی بدولت آج ان کی سوانح عمری 23 زبانوں میں ترجمہ ہو چکی ہے اور یہ ملک بھر کے کتب خانوں میں بچوں کے لیے دستیاب ہے۔
جناب امت شاہ نے آسام حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے پورے ملک کو اس عظیم سپوت کے بارے میں آگاہ کرنے اور اس سے ترغیب لینے کا موقع فراہم کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج جس بیج کو لاچت برفوکن پولیس اکیڈمی کی شکل میں بویا جا رہا ہے، وہ ایک دن برگد کے درخت کی طرح بڑھے گا اور پورے ملک میں پولیسنگ کے مقصد کی خدمت کرے گا۔
یہ اکیڈمی صرف آسام کے لیے نہیں بلکہ پورے شمال مشرقی بھارت کے لیے ایک اعلیٰ پولیس تربیتی ادارہ بنے گی، بالکل اسی طرح جیسے کاشی زیارت گاہوں میں ایک مرکزی حیثیت رکھتی ہے۔ یہ مقام خطے میں امن کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گا۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ لاچت برفوکن پولیس اکیڈمی کے پہلے مرحلے کی تکمیل 167 کروڑ روپے کی لاگت سے ہوئی ہے، اور تینوں مراحل پر کل 1050 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اکیڈمی جدید ترین سہولیات سے آراستہ ہے اور پورے ملک میں بہترین پولیس اکیڈمی بنے گی۔
انہوں نے مزید زور دے کر کہا کہ پہلے آسام کی پولیس کو تربیت کے لیے دیگر ریاستوں میں جانا پڑتا تھا، لیکن گزشتہ 8 برسوں میں ریاست کی حکمرانی کے تحت ایسا انقلاب آیا ہے کہ اب گوا اور منی پور کے 2,000 پولیس اہلکار اس پولیس اکیڈمی میں تربیت حاصل کر چکے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں، آسام اب ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 سال میں، وزیر اعظم مودی کی قیادت میں کئی امن معاہدے کیے گئے ہیں جن میں 2020 میں آسام-بوڈولینڈ معاہدہ، 2021 میں کاربی آنگلونگ معاہدہ، 2022 میں قبائلی امن معاہدہ، اور 2023 میں اُلفا، آسام-میگھالیہ، اور آسام-اروناچل معاہدے شامل ہیں۔ جناب شاہ نے کہا کہ ان امن معاہدوں کے نتیجے میں، 10,000 سے زائد نوجوانوں نے ہتھیار ڈال کر مرکزی دھارے میں شمولیت اختیار کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آسام، جو کبھی تحریکوں، بغاوتوں اور مسلح جھڑپوں کے لیے جانا جاتا تھا، اب وہاں 27,000 کروڑ روپے مالیت کی سیمی کنڈکٹر صنعت کے قیام کی کوششیں جاری ہیں۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ حال ہی میں آسام میں ایک سرمایہ کاری اور بنیادی ڈھانچے کی کانفرنس، ایڈوانٹیج آسام 2.0، منعقد ہوئی، جہاں 5.18 لاکھ کروڑ روپے کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے، اور ان میں سے زیادہ تر معاہدے عملی طور پر نافذ کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید ذکر کیا کہ مودی حکومت آسام کی ترقی کے لیے 3 لاکھ کروڑ روپے کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے لا رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ منصوبے، جن کی مجموعی مالیت 8 لاکھ کروڑ روپے ہے، آسام کے نوجوانوں کے لیے بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع پیدا کریں گے۔
مرکزی وزیر برائے داخلہ وتعاون نے کہا کہ پچھلی حکومت کے 10 سالہ دور میں آسام کو 1.27 لاکھ کروڑ روپے کا ڈیولوشن گرانٹ اور گرانٹ اِن ایڈ دیا گیا تھا، جسے وزیر اعظم نریندر مودی کے 10 سالہ دور میں چار گنا بڑھا کر 4.95 لاکھ کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلی حکومتوں نے آسام کو کئی سال تک فسادات کی آگ میں دھکیل دیا، گرانٹ فراہم نہیں کی، مناسب تعلیمی نظام قائم کرنے میں ناکام رہی، بنیادی ڈھانچہ نہیں بنایا، اور ریاست میں امن قائم نہیں ہونے دیا۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کے 10 سالہ دور حکومت میں آسام میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی ہوئی، امن قائم ہوا، اور مختلف صنعتیں قائم کی گئیں۔ انہوں نے مودی حکومت کے تحت مکمل ہونے والے کئی منصوبوں کا ذکر کیا، جن میں بھارت مالا پروجیکٹ شامل ہے، جو 200 کلومیٹر سے زیادہ طویل اور 10,000 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہو رہا ہے۔ اسی طرح دھوبری-پلوری پل کی تعمیر پر 3,000 کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، دیہی سڑکوں کے لیے 3,700 کلومیٹر پر 3,400 کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں، اور سلچر-چورائی باری کوریڈور کو چار لین میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
مزید برآں، انہوں نے بتایا کہ ماجولی جزیرے پر ایک نیا باندھ اور سڑک بنانے کے لیے 1,000 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اسی طرح براہما پترا ندی پر چھ لین کا ایک پل زیر تعمیر ہے، جبکہ نیشنل ہائی وے 715 کو ماجولی اور جورہاٹ سے جوڑنے کے لیے 382 کروڑ روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گوپیناتھ جی کے نام سے منسوب ایک ہوائی اڈے کی توسیع پر 1,100 کروڑ روپے ، ریلوے منصوبوں پر 9,000 کروڑ روپے ، ایک ہزار کروڑ روپے کی لاگت سے ایمس پروجیکٹ، اور تامول پور، کوکرا جھار، نالباری، اور دھوبری میں میڈیکل کالجز کے قیام سمیت دیگر کئی بنیادی ڈھانچے کے منصوبے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مکمل کیے جا رہے ہیں۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ مودی حکومت اور آسام حکومت نے غریبوں کے لیے کئی فلاحی منصوبے انجام دیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار 58 لاکھ گھروں کو نل کا پانی فراہم کیا گیا، 1.8 کروڑ لوگوں کو 5 لاکھ روپے تک کا مفت علاج دیا گیا، 43 لاکھ گھروں میں بیت الخلا تعمیر کیے گئے، 2.32 کروڑ غریب افراد کو ہر ماہ فی کس 5 کلو مفت چاول فراہم کیا گیا، اور مودی حکومت اور آسام حکومت نے 51 لاکھ گیس سلنڈر اور 21 لاکھ گھر بھی فراہم کیے۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ مودی حکومت نے نہ صرف آسام میں امن قائم کرنے کی کوشش کی ہے بلکہ اس میں کامیابی بھی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے بنیادی ڈھانچہ تعمیر کیا ہے، اور اب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر ہیمنت بسوا سرما کی قیادت میں ریاست میں 5 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری آ رہی ہے، جو آسام کے نوجوانوں کے سنہری مستقبل کی بنیاد رکھے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آسام میں سزا کی شرح 5 فیصد سے بڑھ کر 25 فیصد ہو گئی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ پہلے لوگ ایف آئی آر درج کرانے سے گھبراتے تھے کیونکہ پولیس کو صرف دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار دیکھا جاتا تھا، لیکن آج پولیس شہریوں کے حقوق کے تحفظ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ متعارف کرائے گئے تین نئے فوجداری قوانین کو مؤثر طریقے سے نافذ کر رہی ہے۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-8320
(Release ID: 2111514)
Visitor Counter : 25