صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

صدر جمہوریہ ہند نے قومی قبائلی تہوار ’آدی مہوتسو‘ کا افتتاح کیا

Posted On: 16 FEB 2025 6:21PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (16 فروری 2025) نئی دہلی میں قومی قبائلی تہوار ’آدی مہوتسو‘ کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ آدی مہوتسو قبائلی ورثے کو اجاگر کرنے اور فروغ دینے کے لیے ایک اہم تقریب ہے۔ اس طرح کے تہوار قبائلی سماج کے تاجروں، کاریگروں اور فنکاروں کو بازار سے جڑنے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ قبائلی معاشرے کے دستکاری، خوراک، لباس اور زیورات، طبی مشقیں، گھریلو سامان اور کھیل ہمارے ملک کا قیمتی ورثہ ہیں۔ ساتھ ہی، وہ جدید اور سائنسی بھی ہیں کیونکہ وہ فطرت کے ساتھ قدرتی ہم آہنگی اور ایک پائیدار طرز زندگی کے نظریات کو ظاہر کرتے ہیں۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ گزشتہ 10 سالوں کے دوران قبائلی معاشرے کی مجموعی ترقی کے لیے بہت سے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔ قبائلی ترقی کا بجٹ پانچ گنا بڑھ کر تقریباً ایک لاکھ پچیس ہزار کروڑ روپے ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ قبائلی بہبود کے بجٹ میں تین گنا اضافہ ہو کر تقریباً 15 ہزار کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔ قبائلی معاشرے کی ترقی پر خصوصی توجہ دینے کے پیچھے یہ نظریہ ہے کہ جب قبائلی معاشرہ ترقی کرے گا تو ہمارا ملک بھی حقیقی معنوں میں ترقی کرے گا۔ یہی وجہ ہے کہ قبائلی تشخص کے تئیں فخر کے احساس کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ قبائلی معاشرے کو تیز رفتاری سے ترقی دینے کے لیے کثیر جہتی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

صدر نے یہ جان کر خوشی کا اظہار کیا کہ قبائلی معاشرے کو معاشی طور پر با اختیار بنانے اور روزگار فراہم کرنے کی طرف بہت زیادہ پیش رفت ہو رہی ہے۔ انھوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی میں سب سے اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ ملک میں 470 سے زیادہ ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکولوں کے ذریعے تقریباً 1.25 لاکھ قبائلی بچے اسکولی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ گزشتہ 10 سالوں میں قبائلی اکثریتی علاقوں میں 30 نئے میڈیکل کالج شروع کیے گئے ہیں۔ قبائلی معاشرے کی صحت سے متعلق ایک مخصوص مسئلے کو حل کرنے کے لیے ایک قومی مشن شروع کیا گیا ہے۔ اس مشن کے تحت سال 2047 تک سکیل سیل انیمیا کو ختم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

آدی مہوتسو کا انعقاد قبائلی امور کی وزارت کے ذریعے 16 سے 24 فروری 2025 تک میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم، نئی دہلی میں کیا جا رہا ہے۔ اس تہوار کا مقصد ہمارے ملک کی قبائلی برادریوں کی بھرپور اور متنوع روایتی ثقافت کی ایک جھلک فراہم کرنا ہے۔

صدر جمہوریہ کی تقریر دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں

*********

ش ح۔ ف ش ع

U: 7213


(Release ID: 2103880) Visitor Counter : 19