وزارت آیوش
مہا کُمبھ میں آیوش کی خدمات:
مہاکمبھ میں1.21 لاکھ سے زائد افراد نے مفت مشورے اور ادویات حاصل کیں
آیوش کے اسٹالزنے عالمی عقیدت مندوں کو خصوصی طور پر راغب کیا
Posted On:
23 JAN 2025 4:56PM by PIB Delhi
آیوش کی او پی ڈیز، کلینک، اسٹالز اور سیشنز مہا کُمبھ، پریاگراج میں عقیدت مندوں اوریاتریوں کے لیے خصوصی طور پرپرکشش مقامات بن گئے ہیں۔ وزارتِ آیوش نے قومی آیوش مشن، اتر پردیش کے تعاون سے اس شاندارموقع پر آیوش کی مختلف سہولتیں فراہم کی ہیں، جس کے ذریعے مقامی اور بین الاقوامی عقیدت مندوں کو مفت طبی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اب تک 1.21 لاکھ سے زائد عقیدت مندوں نے ان سہولتوں سے فائدہ اٹھایا ہے۔
مہا کُمبھ میں آیوش کی ٹیم میں 80 ڈاکٹر شامل ہیں جو 20 او پی ڈیز کے ذریعے 24 گھنٹے ساتوں دن طبی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ یہ او پی ڈیز عام اور دائمی بیماریوں کے علاج کے لیے تیار کی گئی ہیں۔ غیر ملکی عقیدت مند بھی آیوش کی خدمات، بشمول او پی ڈی مشورے کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ روزانہ یوگا سیشنز صبح 8:00 بجے سے 9:00 بجے تک سنگم علاقے اور سیکٹر-8 میں مخصوص کیمپوں میں منعقد کیے جا رہے ہیں، جن کی قیادت وزارتِ آیوش، نئی دہلی کے مورار جی ڈیسائی نیشنل انسٹیٹیوٹ آف یوگا (ایم ڈی این آئی وائی) کے تربیت کار کر رہے ہیں۔ ان سیشنز میں بین الاقوامی عقیدت مندوں کی شرکت آیوش خدمات کے بارے میں مقامی اور عالمی عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے۔
ان اقدامات کا مقصد عقیدت مندوں کو آیوش کے نظامِ طب میں ہونے والی پیش رفت، ادویاتی پودوں وغیرہ کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا بھی ہے۔ نیشنل میڈیسنل پلانٹس بورڈ (این ایم پی بی) نے ادویاتی پودوں کی تخلیقی نمائش کی اور ماہرین کو تعینات کیا تاکہ ان پودوں کے فوائد اور ان سے متعلق معلومات فراہم کی جا سکیں۔ عقیدت مندوں کو ان پودوں کی کاشت کے اقتصادی فوائد کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا، اور مفت پودے بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
مہا کُمبھ میں آیوش کے نوڈل افسر ڈاکٹر اکھلیش سنگھ نے کہا کہ ‘‘ہماری ٹیم نہ صرف مریضوں کا علاج کرتی ہے بلکہ انہیں ادویاتی پودوں کی کاشت کے اقتصادی فوائد کے بارے میں بھی آگاہ کرتی ہے۔ ان پودوں کی کاشت کو فروغ دے کر، ہم لوگوں کے لیے صحت کے ساتھ ساتھ معاشی فائدے کا ذریعہ پیدا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔’’
بزرگوں کی دیکھ بھال اور مفت ادویات کی تقسیم
مہا کُمبھ میں آیوش کی ٹیم نے مفت ادویات کی تقسیم کا بھی انتظام کیا ہے، جن میں امیونٹی بوسٹرز اور کیلشیم کی گولیاں شامل ہیں۔ وزارتِ آیوش کے زیرِ اہتمام جاری کوششوں کے مطابق،بزرگوں کی صحت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور آیوش خدمات انہیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ اب تک 45 فیصد مستفید ہونے والے افراد بزرگ شہری ہیں۔ عام بیماریوں اور ان کے آیوش علاج کے بارے میں معلوماتی پمفلٹس بھی تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
سلطانپور سے تعلق رکھنے والے ایک عقیدت مند رگھونندن پرسادجو جلد کی بیماری کا شکار تھے، نے اپنے تجربات بتاتےہوئے کہاکہ‘‘آیوش کیمپ سے ادویات لینے کے بعد میری حالت میں بتدریج بہتری آئی ہے۔ میں حکومت اور آیوش کے ان اقدامات کے لیے شکر گزار ہوں۔’’
********
ش ح۔ ا گ ۔ف ر
(U: 5551)
(Release ID: 2095510)
Visitor Counter : 23