امور داخلہ کی وزارت
مرکزی وزیر داخلہ اور امداد باہمی جناب امت شاہ نے نئی دہلی میں سی بی آئی کے تیار کردہ بھارت پول پورٹل کا افتتاح کیا
وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں آج ‘بھارت پول’کے لانچ کے ساتھ بین الاقوامی تحقیقات میں ہندوستان کا ایک نئے دور کا آغاز
‘بھارت پول’ اور تین نئے فوجداری قوانین بیرون ملک فرار ہونے والوں کو پکڑنے کے لیے ایک مضبوط طریقہ کار کے طور پر کام کریں گے
تینوں فوجداری قوانین میں‘غیر حاضری میں سماعت’ کی شق کے ذریعے، مفرور کی غیر موجودگی میں مقدمات چلائے جا سکتے ہیں اور انہیں سزائیں سنائی جا سکتی ہیں
‘بھارت پول’ تمام ریاستوں کی تفتیشی ایجنسیوں اور پولیس کو 195 ممالک کے انٹرپول نیٹ ورک سے جوڑ کر جرائم پر قابو پانے میں اہم کردار ادا کرے گا
‘بھارت پول’ نیٹ ورک 195 ممالک کے ساتھ منشیات، ہتھیاروں، انسانی اسمگلنگ اور سرحد پار سے ہونے والے دیگر جرائم سے نمٹنے میں معاون ہوگا
‘بھارت پول’ کو اِنٹرپول سے 19 قسم کے ڈیٹا بیس تک رسائی حاصل ہوگی، جو جرائم کا تجزیہ کرنے، ان کی روک تھام اور مجرموں کو پکڑنے میں مددگار ثابت ہوں گے
Posted On:
07 JAN 2025 3:42PM by PIB Delhi
امور داخلہ اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ نے آج نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی)کے ذریعہ تیار کردہ بھارت پول پورٹل کا افتتاح کیا۔ جناب امت شاہ نے سی بی آئی کے 35 ایوارڈیافتہ افسران کو پولیس میڈل بھی پیش کیے، جنہیں صدر جمہوریہ کے پولیس میڈل برائے امتیازی خدمات اور وزیر داخلہ کے تمغہ برائے امتیاز تفتیش سے نوازا گیا۔ اس موقع پر مرکزی داخلہ سکریٹری، سی بی آئی کے ڈائریکٹر اور ڈی او پی ٹی کے سکریٹری سمیت کئی معززین موجود تھے۔

امور داخلہ اور امداد باہمی کے مرکزی وزیر جناب امت شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان بھارت پول کے آغاز کے ساتھ بین الاقوامی تحقیقات میں ایک نئے دور کا آغاز کر رہا ہے۔ انہوں نے ذکر کیا کہ بھارت پول کے ذریعے، ہندوستان میں ہر ایجنسی اور پولیس فورس بغیر کسی رکاوٹ کے انٹرپول کے ساتھ رابطہ قائم کر سکے گی، اس طرح تحقیقات میں تیزی آئے گی۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ ملک سال 2047 میں آزادی کی صد سالہ جشن منائے گا اور وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے موجودہ دور کو اَمرت کال کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے 140 کروڑ عوام نے بھی اس دور کو امرت کال کے طور پر تسلیم کیا ہے اور 2047 تک ہندوستان کو دنیا کے ہر شعبے میں اولین بنانے کا اجتماعی عہد کیا ہے۔ اور پہلا سنگ میل 2027 تک ہندوستان کو دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بنانا ہوگا۔ جناب شاہ نے کہا کہ امرت کال اس عزم کو پورا کرنے کا وقت ہے۔ 2047 تک ہندوستان کو ایک مکمل ترقییافتہ ملک بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ‘امرت کال’ ہندوستان کے لیے ایک سنہری موقع ہے۔

مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ہندوستان کا علاقائی لیڈر سے عالمی لیڈر بننے کے سفر کو سائنسی روڈ میپ اور پروگراموں کے وقت پر عمل درآمد کے ذریعے تشکیل دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے اس راہ میں اچھی پیش رفت جاری رکھی ہے۔ جناب شاہ نے اپنے نظام اور میکانزم کو اَپ گریڈ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب ہم آگے بڑھ رہے ہیں اور عالمی چیلنجوں سے نمٹ رہے ہیں تو بھارت پول اس سمت میں ایک بروقت قدم ہے۔
جناب امت شاہ نے کہا کہ بھارت پول کے پانچ کلیدی ماڈیولز- کنکٹ، انٹرپول نوٹس، حوالہ جات، براڈکاسٹ اور وسائل - ہماری تمام قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کی مدد کے لیے ایک تکنیکی پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کنکٹ کے ذریعے، ہمارے تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے بنیادی طور پر اِنٹرپول کے نیشنل سینٹرل بیورو (این سی بی- نیو دہلی) کی توسیع کے طور پر کام کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ نظام اِنٹرپول نوٹس کے لیے درخواستوں کی فوری، محفوظ اور منظم ترسیل کو یقینی بنائے گا، جس سے ہندوستان اور پوری دنیا کے مجرموں کو ہندوستان کے اندر تیزی سے تلاش کرنے کے لیے ایک سائنسی طریقہ کار کو فعال کیا جائے گا۔ جناب شاہ نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ 195 ممالک سے اِنٹرپول کے حوالہ جات بیرون ملک تحقیقات کے لیے بین الاقوامی مددکی فراہمی کو آسان بنا دیں گے۔ انہوں نے ذکر کیا کہ 195 ممالک سے امداد کی درخواستیں براڈکاسٹ ماڈیول کے ذریعے فوری طور پر دستیاب ہوں گی، جبکہ ریسورسز ماڈیول دستاویزات کے تبادلے اور انتظام اور صلاحیت سازی کے اقدامات میں سہولت فراہم کرے گا۔
امور داخلہ اور امداد باہمی کے مرکزی وزیرنے پورٹل کی اہم خصوصیت پر روشنی ڈالی- ایک حقیقی وقت کا انٹرفیس- جو جرائم پر قابو پانے کے اقدامات کو بڑھانے کے لیے ایجنسیوں کے درمیان ہموار اور موثر مواصلات کو قابل بنائے گا۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ پورٹل عالمی نیٹ ورک کے ذریعے ریڈ کارنر نوٹس اور دیگر انتباہات کا اجراء سمیت حقیقی وقت میں ڈیٹا شیئرنگ کے لیے ملکی اور بین الاقوامی درخواستوں کے جوابات میں نمایاں طور پر تیزی لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ برسوں سے، ہندوستان میں جرائم کرنے والے اور دوسرے ممالک میں فرار ہونے والے مجرم ہندوستانی قوانین کی پہنچ سے بچ گئے ہیں۔ تاہم، بھارت پول جیسے جدید نظام کے نفاذ سے اب ایسے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکتا ہے۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ مودی حکومت نے تین نئے فوجداری قوانین میں غیر حاضری میں ٹرائل کا نظام متعارف کرایا ہے، جس سے ایک منصفانہ عدالتی عمل کو یقینی بناتے ہوئے عدالتی احکامات کے ذریعے مفرور مجرموں کی غیر موجودگی میں بھی مقدمہ چلایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ شق غیر ممالک سے سزا یافتہ مجرموں کو ہندوستان کے حوالے کرنے کے عمل کو آسان بنائے گی۔ جناب شاہ نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت پول پورٹل کی صلاحیتوں کے ساتھ مل کریہ نیا اقدام ہندوستانی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مفرور افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے بااختیار بنائے گا، چاہے وہ کہیں بھی چھپے ہوں۔ انہوں نے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) پر زور دیا کہ وہ بھارت پول کو لاگو کرنے اور نچلی سطح پر اس کی وسیع تربیت کو یقینی بنانے میں قیادت کرے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عدالتی نظام کو مضبوط کرے گا، شفافیت میں اضافہ کرے گا اور قانون نافذ کرنے والی کوششوں کی مجموعی کارکردگی کو مؤثر اور بہتر بنائے گا۔
مرکزی وزیر داخلہ نے منشیات کی اسمگلنگ، ہتھیاروں کی اسمگلنگ، انسانی اسمگلنگ اور سرحد پار دہشت گردی جیسے جرائم سے نمٹنے میں نئے نظام کی تبدیلی کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے نوٹ کیا کہ بھارت پول نیٹ ورک 195 ممالک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کے ذریعے ریاستی پولیس فورسز کو اس طرح کے جرائم پر حقیقی وقت میں معلومات کے تبادلے کے ذریعے مدد فراہم کرے گا۔ جناب امت شاہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں میں انٹرپول نوٹس کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور اس نظام کو ادارہ جاتی بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ایک اہم فائدہ 19 قسم کے انٹرپول ڈیٹا بیس تک رسائی ہے، جو نوجوان افسران کو ڈیٹا کا تجزیہ کرنے، جرائم کی روک تھام کی حکمت عملی تیار کرنے اور مجرموں کو زیادہ مؤثر طریقے سے پکڑنے کے قابل بنائے گا۔ انہوں نے سائبر جرائم میں ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے زیادہ رفتار اور کارکردگی سے نمٹنے کے لیے سسٹم کی صلاحیت پر بھی زور دیا۔ جناب شاہ نے پوری پہل کو انقلابی قرار دیا، جس میں تفتیشی عمل کی ازسرنو تعریف اور قانون کے نفاذ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کی صلاحیت ہے۔

انڈیا میں انٹرپول کے لیے قومی مرکزی بیورو (این سی بی-نئی دہلی)کے طور پر سی بی آئی ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والی مختلف ایجنسیوں کے ساتھ مل کر فوجداری مقدمات پر بین الاقوامی تعاون کی سہولت فراہم کرنے میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہے۔ یہ کوآرڈینیشن مرکزی، ریاستی اورمرکز کے زیر انتظام علاقوں کی سطحوں پر پھیلا ہوا ہے اور اس کا انتظام انٹرپول رابطہ افسروں (آئی ایل او)کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ یہآئی ایل اویونٹ افسران(یو او)کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں، جو عام طور پر اپنے متعلقہ اداروں میں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، پولیس کمشنرز، یا برانچ سربراہ جیسے عہدوں پر فائز ہوتے ہیں۔ فی الحال سی بی آئی، آئی ایل او اور یو او کے درمیان مواصلات بنیادی طور پر روایتی طریقوں سے کیے جاتے ہیں، جس میں خطوط، ای میلز اور فیکس شامل ہیں۔
********
ش ح۔ ا و ۔ن ع
U-4948
(Release ID: 2090891)
Visitor Counter : 112