محنت اور روزگار کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ای پی ایس پنشنرز یکم جنوری 2025 سے ہندوستان میں کسی بھی بینک، کسی بھی برانچ سے پنشن حاصل کرسکیں گے: ڈاکٹر مانڈویہ


مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے ای پی ایس1995 کے تحت پنشن کے لیے سنٹرلائزڈ پنشن ادائیگیوں کے نظام (سی پی پی ایس) کو منظوری دی؛ 78 لاکھ سے زیادہ ای پی ایس  پنش یافتگان  کو اس سے فائدہ پہنچے گا

اگلے مرحلے میں آدھار پر مبنی ادائیگی کے نظام (اے بے پی ایس) میں منتقلی

Posted On: 04 SEP 2024 2:43PM by PIB Delhi

محنت اور روزگار کے مرکزی وزیر اور چیئرپرسن، سنٹرل بورڈ آف ٹرسٹیز، ای پی ایف نے ملازمین کی پنشن اسکیم 1995 کے لیے سنٹرلائزڈ پنشن پیمنٹ سسٹم (سی پی پی ایس) کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔سی پی پی ایس سے قومی سطح پر ایک سنٹرلائزڈ نظام کے قیام سے  پنشن کی تقسیم کے سلسلے میں بہت بڑی تبدیلی آئے گی۔ اس کی وجہ سے  ہندوستان بھر میں کسی بھی بینک، کسی بھی شاخ سے پنشن حاصل کی جاسکے گی۔

اس تاریخی فیصلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویہ نے کہا‘‘سنٹرلائزڈ پنشن پیمنٹ سسٹم (سی پی پی ایس)کی منظوری ای پی ایف او​​کی جدید کاری میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔اس کی وجہ سے پنشن یافتگان ملک میں کہیں بھی کسی بھی بینک، کسی بھی شاخ سے اپنی پنشن حاصل کرسکیں گے۔یہ اقدام پنشن یافتگان کو درپیش دیرینہ چیلنجوں کو دور کرے گا اور بغیر کسی رُکاوٹ کے مؤثر تقسیم کے طریقہ کار کو یقینی بنائے گا۔ یہ ای پی ایف او​​کو ایک زیادہ مضبوط، ذمہ دار اور ٹیکنالوجی سے چلنے والی تنظیم میں تبدیل کرنے کی ہماری کوششوں میں ایک اہم قدم ہے، جن کا مقصد اس کے اراکین اور پنشن یافتگان کی ضروریات کو بہتر طریقے سے پورا کرناہے۔’’

سنٹرلائزڈ پنشن ادائیگی کے نظام سے ای پی ایف او​​کے 78 لاکھ سے زیادہ ای پی ایس پنشن یافتگان کو فائدہ پہنچنے کی امید ہے۔ جدید ترین آئی ٹی اور بینکنگ ٹیکنالوجیز کو بروئے کار لا کر، یہ پنشن یافتگان کے لیے زیادہ مؤثر، ہموار اور معاون و موافق تجربہ ہوگا۔

سی پی پی ایس پورے ہندوستان میں پنشن یافتگان کے ایک مقام سے دوسرے مقام پر جانے یا اپنا بینک یا برانچ تبدیل کرنے کی صورت میں بھی پنشن کی ادائیگی کے آرڈرز (پی پی او) کو ایک دفتر سے دوسرے دفتر منتقل کرنے کی ضرورت کے بغیر پنشن کی تقسیم کو یقینی بنائے گا۔اس سے ایسے پنشن یافتگان کو خصوصی طور پر بڑی راحت ملے گی، جو ریٹائرمنٹ کے بعد اپنا آبائی شہر چھوڑ کر دوسری جگہ رہنے لگتے ہیں۔

یہ سہولت یکم جنوری2025 سے ای پی ایف او​​کے جاری آئی ٹی ماڈرنائزیشن پروجیکٹ سنٹرلائزڈ آئی ٹی انیبلڈ سسٹم(سی آئی ٹی ایس 2.01) کے ایک حصے کے طور پر شروع کی جائے گی۔ اگلے مرحلے میں سی پی پی ایس آدھار پر مبنی ادائیگی کے نظام (اے بی پی ایس)میں آسانی سے منتقلی کی سہولت فراہم کرے گا۔

سی پی پی ایس موجودہ پنشن کی تقسیم کے نظام میں ایک مثالی تبدیلی ہے، جو کہ ڈی سنٹرلائزڈ ہے، جس میں ای پی ایف او ​​کا ہر زونل/علاقائی دفتر صرف 3-4 بینکوں کے ساتھ علیحدہ معاہدوں کو برقرار رکھتا ہے۔اس نظام کے شروع ہوجانے پر پنشن یافتگان کو پنشن کے آغاز کے وقت کسی بھی تصدیق کے لیے برانچ میں جانے کی بھی ضرورت نہیں ہوگی اور ریلیز ہونے پر پنشن فوری طور پر جمع کر دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ای پی ایف او​​نئے نظام میں منتقل ہونے کے بعد پنشن کی تقسیم میں آنے والی لاگت میں نمایاں کمی کی توقع کرتا ہے۔

 

*************

(ش ح ۔ ا گ ۔ن ع(

U.No 10529


(Release ID: 2051763) Visitor Counter : 107