نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت

ڈاکٹر من سکھ مانڈوِیا نے نیشنل یوتھ ایوارڈ یافتگان اور نیشنل سروس اسکیم ایوارڈ یافتگان سے گفت و شنید کی


’مائی بھارت پلیٹ فارم ‘ کو مزید نوجوان دوست بنانے کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا

بھارت کے نوجوان ہمارے مستقبل کے فیصلہ ساز ہیں: مرکزی وزیر

Posted On: 17 JUL 2024 2:12PM by PIB Delhi

نوجوانوں کے امور اور کھیل کود، اور محنت و روزگار کے مرکزی وزیر ڈاکٹر من سکھ مانڈوِیا نے آج نئی دہلی میں نیشنل یوتھ ایوارڈیافتگان اور نیشنل سروس اسکیم (این ایس ایس) ایوارڈ یافتگان کے ساتھ معلوماتی گفت و شنید کا اہتمام کیا۔ اس سیشن کا مقصد ان نوجوان قائدین کی حصولیابیوں کا جشن منانا اور ’مائی بھارت پلیٹ فارم‘ کو توسیع دینے کی حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کرنا تھا، تاکہ یہ بھارت کے نوجوانوں کے لیے مزید قابل رسائی اور مفید بن سکے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image001K9O0.jpg

ڈاکٹر مانڈوِیا نے بات چیت کا آغاز ایوارڈ یافتگان کے غیر معمولی تعاون کا اعتراف کرتے ہوئے کیا، جن کا تعلق بھارت کی مختلف ریاستوں سے ہے اور جنہوں نے پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جی)، موسمیاتی تبدیلی، شہری منصوبہ بندی، نوجوانوں کی اختیارکاری، منشیات کے استعمال کی روک تھام، وغیرہ جیسے متنوع شعبوں میں غیر معمولی اثرات مرتب کیے ہیں۔ انہوں نے ملک کے لیے ایک مضبوط مستقبل کی تعمیر کے سلسلے میں نوجوان باصلاحیت افراد  کی شناخت اور انہیں پروان چڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مانڈوِیا نے کہا، ’’بھارت کے نوجوان ہمارے مستقبل کے فیصلہ ساز ہیں، اور میں انہیں بااختیار بنانے کے ہمارے اجتماعی سفر کے بارےمیں پرجوش ہوں۔‘‘

بحث کا ایک اہم حصہ ایم وائی بھارت پلیٹ فارم پر نوجوانوں کی تعمیری شمولیت کے لیے اختراعی اور باہمی تعاون پر مبنی خیالات پر مرکوز تھا۔ ڈاکٹر مانڈوِیا نے ایوارڈ یافتگان سے تجاویز طلب کیں کہ کس طرح پلیٹ فارم کو مزید باہم اثر پذیر ، معلوماتی اور پرکشش بنایا جائے۔ ایوارڈ حاصل کرنے والوں نے مزید ڈیجیٹل ٹولز کو شامل کرنے، نوجوانوں سے متعلق تمام اقدامات کے لیے اسے ایک ون اسٹاپ حل بنانے، اور خواہشمند نوجوان رہنماؤں کی رہنمائی کے لیے سرپرستی اور تربیت کے پروگرام تیار کرنے جیسے خیالات تجویز کیے ۔

ڈاکٹر مانڈوِیا نے نوجوانوں اور وزارت کے درمیان مسلسل بات چیت کی حوصلہ افزائی کی تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جا سکے کہ نوجوان ہندوستانیوں کی ضروریات اور خواہشات کو مناسب طریقے سے پورا کیا جائے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image002K43P.jpg

ڈاکٹر مانڈوِیا نے مختلف اسکیموں اور پروگراموں کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے حکومت کے عزم کو دہرایا۔ بات چیت کا اختتام اس اجتماعی وژن کے ساتھ ہوا کہ مائی بھارت پلیٹ فارم کو نوجوانوں کی مصروفیت اور ترقی کے لیے سنگ بنیاد بنایا جائے۔ ڈاکٹر مانڈوِیا نے مستقبل کے بارے میں اپنی امید کا اظہار کیا اور ہندوستان کو ترقی اور اختراع کی جانب لے جانے میں نوجوانوں کی تغیراتی قوت پر اپنے یقین کا اظہار کیا۔

اس بات چیت میں نوجوانوں کے امور کے محکمے کے سکریٹری اور نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت کے سینئر افسران نے بھی حصہ لیا۔

**********

(ش ح –ا ب ن۔ م ف)

U.No:8389



(Release ID: 2033827) Visitor Counter : 12