وزیراعظم کا دفتر

نئی دہلی میں پونگل کے موقع پر منعقدہ تقریبات کے دوران وزیر اعظم کے خطاب کا متن

Posted On: 14 JAN 2024 12:36PM by PIB Delhi

ونکم، آپ سبھی کو پونگل کے تیوہار کی ڈھیر ساری نیک خواہشات! इनिय पोङ्गल् नल्वाळ्तुक्कल्  !

پونگل کے مقدس دن تمل ناڈو کے ہر گھر سے پونگل دھارا بہتی ہے۔ میری خواہش ہے کہ اسی طرح آپ کی زندگی میں مسرت، خوشحالی اور اطمینان کی دھارا مسلسل بہتی رہے۔ کل ہی ملک نے لوہڑی کا تیوہار دھوم دھام سے منایا ہے۔ کچھ لوگ آج مکر سنکرانتی – اُتراین منا رہے ہیں، کچھ لوگ شاید کل منائیں گے۔ ماگھ بیہو بھی بس آنے ہی والا ہے۔ میں ان سبھی تیوہاروں کے لیے تمام اہل وطن کو بہت بہت مبارکباد نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔

ساتھیو،

یہاں مجھے میرے کئی جانے پہچانے چہرے نظر آ رہے ہیں۔ گذشہ برس بھی ہم سب تمل پتھانڈو کے موقع پر یہاں مل چکے ہیں۔ میں مروگن جی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھے اس شاندار تقریب کا حصہ بننے کا موقع دیا۔ یہ ایسا ہے، جیسے میں اپنے کنبے اور دوستوں کے ساتھ کوئی تیوہار منا رہا ہوں۔

ساتھیو،

سنت تروولّوور نے کہا ہے - तळ्ळा विळैयुळुम् तक्कारुम् ताळ्विला चेव्वरुम् सेर्वदु नाडु، یعنی اچھی فصل، پڑھا لکھا شخص اور ایماندار تاجر، یہ تینوں مل کر ملک کی تعمیر کرتے ہیں۔ تروولّوور جی نے سیاست داں کا ذکر نہیں کیا ہے، یہ ہم سب کے لیے ایک پیغام ہے۔ پونگل تیوہار میں تازی فصل کو بھگوان کے قدموں میں پیش کرنے کی روایت ہے۔ اس مکمل تیوہاری روایت کے مرکز میں ہمارے اَن داتا، ہمارے کاشتکار ہیں۔ اور ویسے بھی بھارت کا ہر تیوہار کسی نہ کسی صورت میں گاؤں سے، کسانی سے، فصل سے جڑا ہوتا ہے۔

مجھے یاد ہے، پچھلی مرتبہ ہم نے اس بارے میں بات کی تھی کہ کیسے ہمارے موٹے اناج یا شری اَن تمل ثقافت سے مربوط ہیں۔ مجھے خوشی ہے کہ اس سوپر فوڈ کو لے کر ملک میں اور دنیا میں ایک نئی بیداری آئی ہے۔ ہمارے متعدد نوجوان، ملیٹس- شری اَن کو لے کر نئے اسٹارٹ اپ شروع کر رہے ہیں اور یہ اسٹارٹ اپس آج ازحد مقبول عام بن رہے ہیں۔ شری اَن کی پیداوار سے ہمارے ملک کے تین کروڑ سے زائد چھوٹے کاشتکار جڑے ہوئے ہیں۔ ہم شری اَن کو فروغ دیتے ہیں تو سیدھے سیدھے اِن تین کروڑ کاشتکاروں کا فائدہ ہوتا ہے۔

ساتھیو،

پونگل کے موقع پر تمل خواتین اپنے گھر کے باہر کولم بناتی ہیں۔ سب سے پہلے وہ آٹے کا استعمال کرکے زمین پر کئی ڈاٹس بناتی ہیں۔ اور ایک مرتبہ جب سارے ڈاٹس بن جاتے ہیں، تو ہر ایک کی ایک الگ اہمیت ہوتی ہے۔ یہ تصویر ہی دل لبھانے والی ہوتی ہے۔ لیکن کولم کی اصلی صورت اس وقت مزید شاندار ہو جاتی ہے جب یہ تمام ڈاٹس ملا دیے جاتے ہیں اور بڑی فنی مہارت سے اس میں رنگ بھرا جاتا ہے۔

ہمارا ملک اور اس کی گوناگونیت بھی کولم کے جیسی ہے۔ جب ملک کا ہر گوشہ ایک دوسرے سے جذباتی طور پر مربوط ہوتا ہے، تو ہماری طاقت کا ایک الگ صورت میں اظہار ہوتا ہے۔ پونگل کا تیوہار بھی ایک ایسا ہی تیوہار ہے، جو ایک بھارت ۔ شریشٹھ بھارت کے قومی جذبے کو ظاہر کرتا ہے۔ کچھ ہی وقت پہلے، کاشی – تمل سنگمم اور سوراشٹر تمل سنگمم ازحد اہم روایت شروع ہوئی ہے، اور اس میں بھی اسی جذبے  کا اظہار ہوتا ہے۔ ان تمام تقریبات میں بہت بڑی تعداد میں ہمارے تمل بھائی بہن جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیتے ہیں۔

ساتھیو،

یکجہتی کا یہی جذبہ 2047 تک ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کی سب سے بڑی قوت ہے، سب سے بڑا سرمایہ ہے۔ آپ کو یاد ہوگا، لال قلعہ سے میں نے جس پنچ پران کی اپیل کی ہے، اس کا اہم عنصر ملک کی یکجہتی کو توانائی فراہم کرنا ہے، ملک کے اتحاد کو مضبوط کرنا ہے۔ پونگل کے اس مبارک تیوہار کے موقع پر ہمیں ملک کی یکجہتی کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔

ساتھیو،

آج یہاں بہت سے فنکار اور مشہور فنکار، معزز فنکار، اپنے فن کا مظاہرہ کرنے کے لیے تیار ہیں، آپ سب بھی انتظار کرتے ہوں گے، میں بھی انتظار کرتا ہوں۔ یہ تمام فنکار راجدھانی دہلی میں تمل ناڈو کی جھلک پیش کرنے والے ہیں۔ کچھ لمحے ہمیں تمل ناڈو جینے کا موقع ملے گا، یہ بھی ایک خوش نصیبی ہے۔ میری ان تمام فنکاروں کو ڈھیر ساری نیک خواہشات۔ میں ایک مرتبہ پھر مروگن جی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

مُنکّم!

**********

 (ش ح –ا ب ن۔ م ف)

U.No:3581



(Release ID: 1995974) Visitor Counter : 76