وزیراعظم کا دفتر
وزیر اعظم کا جی - 20 وزرائے صحت کے اجلاس سے خطاب
"ہمیں صحت سے متعلق آئندہ ایمرجنسی کو روکنے، تیاری کرنے اور کارروائی کے لیے تیار رہنا چاہیے"
"یوگا کے بین الاقوامی دن کو عالمی سطح پر منایا جانا مکمل صحت کی عالمگیر خواہش کا ثبوت ہے"
"ہم 2030 ء کے عالمی ہدف سے پہلے ٹی بی کے خاتمے کی راہ پر گامزن ہیں"
"آئیے ،ہم اپنی اختراعات عوامی بھلائی کے لیے استعمال کریں ۔ آئیے فنڈنگ کی ڈپلیکیشن سے بچیں۔ آئیے ، ہم ٹیکنالوجی کی مساوی دستیابی کی سہولت فراہم کریں"
Posted On:
18 AUG 2023 3:30PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ویڈیو پیغام کے ذریعے گجرات کے گاندھی نگر میں منعقدہ جی – 20 وزراء صحت کے اجلاس سے خطاب کیا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے بھارت میں حفظانِ صحت کے شعبے سے وابستہ 2.1 ملین ڈاکٹروں، 3.5 ملین نرسوں، 1.3 ملین پیرامیڈیکس، 1.6 ملین فارماسسٹ اور لاکھوں دیگر افراد کی جانب سے معززین کا استقبال کیا۔
بابائے قوم کا ذکر کرتے ہوئے ، وزیر اعظم نے کہا کہ گاندھی جی صحت کو اتنی اہمیت دیتے تھے کہ انہوں نے اس موضوع پر 'کی ٹو ہیلتھ' نامی کتاب لکھی۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند رہنے کا مطلب یہ ہے کہ انسان کا دماغ اور جسم ہم آہنگی اور توازن کی حالت میں ہوں یعنی صحت ہی زندگی کی بنیاد ہے۔
وزیر اعظم نے سنسکرت کا ایک ‘شلوک’ بھی پڑھا ، جس کا مطلب ہے : ‘‘صحت ہی بہترین دولت ہے اور اچھی صحت سے ہر کام پورا کیا جا سکتا ہے۔’’
وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ کووڈ - 19 وباء نے ہمیں یاد دلایا ہے کہ صحت کا موضوع ہمارے فیصلوں کے مرکز میں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وقت نے ہمیں بین الاقوامی تعاون کی قدر کا احساس دلایا ، خواہ وہ ادویات اور ویکسین کی فراہمی ہو یا اپنے لوگوں کو وطن واپس لانا ہو ۔
دنیا کو کووڈ – 19 ویکسین فراہم کرنے کے لیے حکومت ہند کی انسانی ہمدردی کی پہل کو اجاگر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ ویکسین میتری پہل کے تحت، بھارت نے 100 سے زیادہ ممالک کو 300 ملین ویکسین کی خوراکیں فراہم کیں، جن میں بہت سے گلوبل ساؤتھ کے ملک بھی شامل ہیں۔
عالمی وباء کے دوران لچک کو سب سے بڑا سبق قرار دیتے ہوئے ، وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی صحت نظام کو لچکدار ہونا چاہیے۔ ہمیں صحت کی آئندہ ایمرجنسی کو روکنے، تیاری کرنے اور کارروائی کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ آج کی باہم مربوط دنیا میں یہ خاص طور پر اہم ہے۔ جیسا کہ ہم نے وباء کے دوران دیکھا، دنیا کے ایک حصے میں صحت کے مسائل بہت کم وقت میں دنیا کے دیگر تمام حصوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ "بھارت میں، ہم ایک مکمل اور شمولیت پر مبنی نقطہ نظر کی پیروی کر رہے ہیں۔" انہوں نے کہا کہ ہم صحت کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دے رہے ہیں، ادویات کے روایتی نظام کو فروغ دے رہے ہیں اور سب کو حفظانِ صحت کی قابلِ استطاعت سہولت فراہم کررہے ہیں۔ یوگا کے بین الاقوامی دن کو عالمی سطح پر منایا جانا مکمل صحت کی عالمگیر خواہش کا ثبوت ہے ۔ اس سال، 2023 ء کو موٹے اناج کے بین الاقوامی سال کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ موٹا اناج یا 'شری انّ' جیسا کہ بھارت میں جانا جاتا ہے، صحت کے لیے کافی فائدہ مند ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ مجموعی صحت اور تندرستی ہر ایک کی لچک کو بڑھانے میں مدد کر سکتی ہے۔ گجرات کے جام نگر میں ڈبلیو ایچ او گلوبل سنٹر فار ٹریڈیشنل میڈیسن کا قیام ، اس سمت میں ایک اہم قدم ہے اور ڈبلیو ایچ او کے عالمی سربراہ اجلاس کے ساتھ روایتی ادویات پر جی 20 وزرائے صحت کے اجلاس کا انعقاد ، اس کی صلاحیت کو بروئے کار لانے کی کوششوں کو تیز کرے گا۔ روایتی ادویات کا عالمی ذخیرہ بنانے کے لیے ہماری مشترکہ کوشش ہونی چاہیے۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ صحت اور ماحولیات ایک دوسرے سے باہم مربوط ہیں، وزیر اعظم نے کہا کہ صاف ہوا، پینے کا صاف پانی، مناسب غذائیت اور محفوظ پناہ گاہ صحت کے اہم عوامل ہیں۔ انہوں نے آب و ہوا اور صحت کے لئے ، جو اقدامات کیے ہیں ، اس کے لیے معززین کو مبارکباد پیش کی ۔ وزیر اعظم نے اینٹی مائکروبیل ریزسٹنس ( اے ایم آر ) کے خطرے سے نمٹنے کے لیے کئے گئے اقدامات کی بھی ستائش کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اے ایم آر عالمی صحت عامہ اور اب تک کی تمام فارماسیوٹیکل ترقی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ جی 20 ہیلتھ ورکنگ گروپ نے ‘‘ ایک صحت ’’ کو ترجیح دی ہے۔ ‘‘ایک کرۂ ارض ، ایک صحت’’ کا ہمارا ویژن ، جو پورے ماحولیاتی نظام - انسانوں، جانوروں، پودوں اور آب و ہوا کے لیے اچھی صحت کا تصور پیش کرتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مربوط نظریہ کسی کو پیچھے نہ چھوڑنے کے گاندھی جی کے پیغام کے مترادف ہے۔
صحت کے اقدامات کی کامیابی میں ایک اہم عنصر کے طور پر عوامی شرکت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ، وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ہماری جذام کے خاتمے کی مہم کی کامیابی کی ایک اہم وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی بی کے خاتمے سے متعلق ہمارا پرجوش پروگرام بھی عوامی شرکت کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کے لوگوں سے ‘نکشے متر ’ یا ‘ٹی بی کے خاتمے کے لیے دوست’ بننے کی اپیل کی ہے ، جس کے تحت تقریباً 10 لاکھ مریضوں کو شہریوں نے گود لیا ہے۔
وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ "اب، ہم 2030 ء کے عالمی ہدف سے پہلے ٹی بی کے خاتمے کے حصول کی راہ پر گامزن ہیں۔"
صحت کی دیکھ بھال کو سب کے لیے قابل رسائی بنانے میں ڈیجیٹل حل اور اختراعات کے کردار پر زور دیتے ہوئے ، وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ہماری کوششوں کو مساوات پر مبنی اور شمولیاتی بنانے کے لیے ایک مفید ذریعہ ہیں کیونکہ دور دراز کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے مریض ٹیلی میڈیسن کے ذریعے معیاری دیکھ بھال حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے بھارت کے قومی پلیٹ فارم ای سنجیونی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے اب تک 140 ملین ٹیلی ہیلتھ مشاورت کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت کے کو وِن پلیٹ فارم نے انسانی تاریخ کی سب سے بڑی ٹیکہ کاری مہم کو کامیابی کے ساتھ سہولت فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نے ویکسین کی 2.2 ارب سے زیادہ خوراکوں کی فراہمی اور عالمی سطح پر قابل تصدیق ٹیکہ کاری سرٹیفکیٹس کی ریئل ٹائم دستیابی کویقینی بنایا ہے ۔ ڈیجیٹل ہیلتھ سے متعلق عالمی پہل ڈیجیٹل صحت سے متعلق مختلف پہل قدمیوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر یکجا کرے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ "آئیے ، ہم اپنی اختراعات کو عوامی بھلائی کے لیے استعمال کریں ۔ آئیے ، ہم فنڈنگ کی ڈپلیکیسی سے بچیں۔ آئیے ، ہم ٹکنالوجی کی مساوی دستیابی کی سہولت فراہم کریں ،" ۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام گلوبل ساؤتھ کے ممالک کو صحت کی دیکھ بھال کی فراہمی میں خلا کو پُر کرے گا اور ہمیں یونیورسل ہیلتھ کوریج کے حصول کے اپنے مقصد کے مزیدقریب لے جائے گا۔
وزیر اعظم نے اپنی تقریر کا اختتام سنسکرت میں انسانیت کے لیے ایک قدیم بھارتی خواہش کے ساتھ کیا ، جس کا ترجمہ ہے، 'سب خوش رہیں، سب بیماری سے محفوظ رہیں'۔ میں ، ‘آپ کے غور وخوض کے عمل میں ، آپ کی کامیابی کی تمنا کرتا ہوں۔ ’
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔ ف ا ۔ ع ا
(2023۔08۔18)
U.No. 8535
(Release ID: 1950130)
Visitor Counter : 136
Read this release in:
Odia
,
Kannada
,
Khasi
,
English
,
Marathi
,
Hindi
,
Bengali
,
Assamese
,
Manipuri
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Tamil
,
Telugu
,
Malayalam