امور خارجہ کی وزارت

ہندوستان کے ذریعے جی 20 کی صدارت کے دوران 100ویں جی 20 میٹنگ

Posted On: 17 APR 2023 10:19AM by PIB Delhi

ہندوستان آج اپنی جی 20 کی صدارت کا ایک کلیدی سنگ میل طے کرتے ہوئے، وارانسی میں زرعی چیف سائنس دانوں کی میٹنگ (ایم اے سی ایس) کے طور پر 100ویں جی 20 اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ گوا میں دوسرا صحت ورکنگ گروپ، حیدرآباد میں دوسرا ڈیجیٹل معیشت ورکنگ گروپ اور  شیلانگ میں خلائی معیشت کے لیڈران کی پیشگی میٹنگ بھی آج ہی منعقد کی جا رہی ہے۔

16 نومبر 2022 کو جی 20 بالی سربراہی اجلاس میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی کو جی 20 کی صدارت سونپنے کے بعد، ہندوستان کی سال بھر چلنے والی جی 20 کی صدارت یکم دسمبر، 2022 کو شروع ہو گئی تھی، جو  30 نومبر 2023 تک جاری رہے گی۔ اس سے قبل، 8 نومبر 2022 کو وزیر اعظم نے جی 20 کے لوگو کا اجراء کیا تھا اور ہندوستان کی جی 20 کی صدارت کا تھیم – ’’وسودھیو کٹمبکم‘‘ – ’’ایک زمین۔ ایک خاندان۔ ایک مستقبل‘‘ کی نقاب کشائی کی تھی۔ ہندوستان کے قومی پرچم کے رنگوں میں تیار کردہ جی 20 کا لوگو، چیلنجوں کے درمیان ہمارے سیارہ حامی نقطہ نظر اور ترقی کی علامت ہے۔

بیس ممالک کے گروپ (جی 20) میں 19 ممالک (ارجنٹائن، آسٹریلیا، برازیل، کناڈا، چین، فرانس، جرمنی، ہندوستان، انڈونیشیا، اٹلی، جاپان، جمہوریہ کوریا، میکسیکو، روس، سعودی عرب، جنوبی افریقہ، ترکیہ، برطانیہ، اور امریکہ) اور یوروپی یونین شامل ہیں۔ جی 20 کے ممبران عالمی جی ڈی پی کے تقریباً 85 فیصد، عالمی تجارت کے 75 فیصد سے زیادہ، اور عالمی آبادی کے تقریباً دو تہائی حصے کی نمائندگی کرتے ہیں۔

ہندوستان  کے ذریعے جی 20 کی صدارت کے دوران  ذاتی طور پر اس میں شریک ہونے والوں کی تعداد اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ ابھی تک جی 20 سے متعلق اجلاس میں 110 سے زیادہ قومیتوں کے 12300 سے زیادہ مندوبین شرکت کر چکے ہیں۔ اس میں جی 20 ممبران، 9 مدعو کیے گئے ممالک اور 14 بین الاقوامی تنظیموں کی شرکت شامل ہے۔ ابھی تک،  جی 20 کے 100 اجلاس 28 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 41 شہروں میں منعقد کیے گئے ہیں۔یہ تمام اجلاس ریاستی حکومتوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے مکمل تعاون اور  ان کی شرکت سے ہندوستان کے طول و عرض میں منعقد کیے جارہے ہیں۔ ہماری صدارت کے دوران، ہندوستان جی 20 سےمتعلق 200 سے زیادہ اجلاس میں غیر ملکی مندوبین کی میزبانی ہندوستان بھر کے تقریباً 60 شہروں میں کرے گا، جو کہ جی 20 کی کسی بھی صدارت کے دوران احاطہ کیا جانے والا اب تک کا سب سے  طویل جغرافیائی علاقہ ہے۔ تمام 13 شیرپا ٹریک ورکنگ گروپس، 8 مالیاتی ٹریک ورک اسٹریمز، 11 انگیجمنٹ گروپس اور 4 پہل کے تحت ٹھوس بات چیت کا آغاز ہو چکا ہے۔ ہماری جی 20 صدارت کے دوران  تباہی کے خطرات میں کمی (ڈی آر آر) سے متعلق ایک نیا ورکنگ گروپ،  ایک نیا انگیجمنٹ گروپ ’’اسٹارٹ اپ 20‘‘ اور چیف سائنس صلاح کاروں کی گول میز (سی ایس اے آر)  سے متعلق ایک نئی پہل  کو فعال کیا گیا ہے۔ 11 انگیجمنٹ گروپس پرائیویٹ سیکٹر،  تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی، نوجوانوں اور خواتین کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹ، آڈٹ حکام اور شہری انتظامیہ  جیسے اداروں کے درمیان  مکالمہ کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتے ہیں۔

ابھی تک، تین وزارتی اجلاس ہو چکے ہیں۔ پہلی وزرائے خزانہ اور مرکزی بینک کے گورنروں کی میٹنگ (ایم ایف سی بی جی) 25-24 فروری 2023 کو بنگلورو میں ہوئی تھی،  جی 20 کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ (ایف ایم ایم) 2-1 مارچ 2023 کو نئی دہلی میں ہوئی تھی، اور دوسری ایف ایم سی بی جی میٹنگ 13-12 اپریل 2023 کو واشنگٹن ڈی سی میں ہوئی تھی۔ اُدے پور (7-4 دسمبر 2022) اور کماراکوم (30 مارچ سے 2 اپریل 2023 تک) میں شیرپا کے دو اجلاس ہو چکے ہیں۔ ایف ایم سی بی جی، ایف ایم ایم اور شیرپا اجلاس میں وزارتی سطح  کی شخصیات پر مبنی تمام مندوبین کی طرف سے سب سے زیادہ ذاتی شرکت دیکھی گئی، جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ ایف ایم ایم میں  (18 جی 20 ممبران، 9 مہمان ممالک اور اے یو چیئر – کوموروس کی طرف سے) 28 وزرائے خارجہ اور (جاپان اور جمہوریہ کوریا کی طرف سے) 2 نائب وزرائے خارجہ نے  شرکت کی۔ یہ وزارتی اجلاس نتیجہ خیز دستاویزات کے ساتھ اختتام پذیر ہوئے، جس نے جی 20 کی مشترکہ ترجیحات پر اتفاق رائے کو فروغ دیا۔ ان میں ایم ڈی بی اصلاحات کے لیے ماہرین کے گروپ کا قیام اور  پہلی ایم ایف سی بی جی میں قرض کے نمٹارہ، اور ایف ایم ایم میں کثیر جہتی اصلاحات، ترقیاتی تعاون، غذا اور توانائی کا تحفظ، انسداد دہشت گردی، نئے اور ابھرتے ہوئے خطرات، عالمی ہنر کی پیمائش اور تباہ کے خطرے میں کمی پر اتفاق رائے شامل ہیں۔

ہندوستان اپنی صدارت کے دوران گلوبل ساؤتھ اور ترقی پذیر ممالک  کی آواز اور تشویشات کو بھی اجاگر کر رہا ہے۔ جنوری 2023 میں وزیر اعظم کی زیر صدارت وائس آف گلوبل ساؤتھ سمٹ میں 125 ممالک نے شرکت کی، جس میں 18 سربراہان مملکت/ حکومت اور بقیہ وزارتی سطح پر کی گئی شرکت تھی۔ مزید برآں، ہندوستان کی موجودہ صدارت کے دوران افریقہ کی شرکت اب تک کی سب سے زیادہ ہے، جس میں جنوبی افریقہ (جی 20 رکن)، ماریشس، مصر، نائیجیریا، اے یو چیئر- کوموروس، اور اے یو ڈی اے-این ای پی اے ڈی شامل ہیں۔

ہندوستان کے تنوع، جامع روایات اور ثقافتی فراوانی کو ظاہر کرنے والے منفرد تجربات بھی آنے والے مندوبین کے پروگرام کا ایک لازمی حصہ ہیں۔ موٹے اناجوں پر مبنی پکوانوں کو مینو میں شامل کیا گیا ہے، اور ثقافتی پرفارمنس اور سیر و تفریح کی ایک وسیع رینج کا اہتمام کیا گیا ہے۔ 7,000 سے زائد فنکاروں کی شرکت کے ساتھ 150 سے زائد ثقافتی تقریبات منعقد کی گئی ہیں، جن میں مقامی اور قومی فن کی نمائش کی گئی ہے۔ بہت ساری جن بھاگیداری سرگرمیاں بیک وقت پوری قوم اور پورے معاشرے کے نقطہ نظر میں فعال عوامی شرکت کے ساتھ منعقد کی جا رہی ہیں، جو ہندوستان کی جی 20 کی صدارت کو ایک ’’عوامی جی 20‘‘ بنا رہی ہے۔ ان میں جی 20 یونیورسٹی کنیکٹ لیکچر سیریز، ماڈل جی 20 میٹنگیں، اسکولوں/یونیورسٹیوں میں خصوصی جی 20 اجلاس، بڑے تہواروں میں جی 20 پویلین، کوئز مقابلے، سیلفی مقابلے، #G20India کہانیاں، اور سول سوسائٹی اور پرائیویٹ سیکٹر کی طرف سے جی 20 تھیم پر مبنی دیگر سینکڑوں ایونٹس شامل ہیں۔

ہندوستان کی موجودہ جی 20 صدارت کے دوران اہم بات چیت وسیع تر ترجیحی شعبوں پر مشتمل ہے جیسے کہ جامع اور لچکدار ترقی؛ ایس ڈی جی کی پیش رفت، سبز ترقی اور طرز زندگی برائے ماحولیات (لائف)؛ تکنیکی تبدیلی اور عوامی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر؛ کثیرالجہتی اداروں میں اصلاحات؛ خواتین کی قیادت میں ترقی؛ اور بین الاقوامی امن اور ہم آہنگی۔

آئندہ 10-9 ستمبر کو نئی دہلی میں قائدین کے اجلاس کی تیاری کے مدنظر ہندوستان کی جی 20 صدارت کو اپنے جامع، پرجوش، عمل پر مبنی اور فیصلہ کن ایجنڈے کے لیے جی 20 کے اراکین اور مہمان ممالک کی جانب سے زبردست حمایت حاصل ہوئی ہے۔ ہندوستان کی جی 20  میٹنگوں میں وسیع پیمانے پر، بڑی تعداد میں اور پرجوش شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ جی 20 ممبران اور مہمان ممالک  ہندوستان کی جی 20 صدارت کے تحت اکٹھے ہو رہے ہیں تاکہ عصری عالمی چیلنجوں سے اجتماعی طور پر نمٹا جا سکے۔

*****

ش ح – س ک



(Release ID: 1917189) Visitor Counter : 314