صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ

ہندوستان کی صدر جمہوریہ نے گج اتسو 2023 کا افتتاح کیا

Posted On: 07 APR 2023 2:19PM by PIB Delhi

  ہندوستان کی صدر  جمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو نے آج (7 اپریل، 2023) قاضی رنگا نیشنل پارک میں گج اتسو 2023 کا افتتاح کیا۔

  اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ فطرت اور انسانیت کے درمیان بہت مقدس رشتہ ہے۔ فطرت کا احترام کرنے کا کلچر ہمارے ملک کی پہچان رہا ہے۔ ہندوستان میں فطرت اور ثقافت ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور ایک دوسرے سے غذائیت حاصل کرتے رہے ہیں۔ ہماری روایت میں ہاتھیوں کا سب سے زیادہ احترام کیا گیا ہے۔ اسے خوش حالی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ یہ ہندوستان کا قومی ورثہ جاتی جانور ہے۔ اس لیے ہاتھیوں کی حفاظت ہمارے قومی ورثے کو محفوظ رکھنے کے لیے ہماری قومی ذمہ داری کا ایک اہم حصہ ہے۔

  صدر مملکت نے کہا کہ جو اقدامات فطرت، جانوروں اور پرندوں کے مفاد میں ہیں وہ انسانیت اور  دھرتی ماں  کے بھی مفاد میں ہیں۔ ہاتھی کے لئے محفوظ پناہ گاہیں ، جنگلات اور سبز علاقے موثر کاربن سنک  ہیں۔ اس لیے یہ کہا جا سکتا ہے کہ ہاتھیوں کے تحفظ سے ہم سب کو فائدہ پہنچے گا اور اس سے موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا سامنا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ ایسی کوششوں میں حکومت کے ساتھ ساتھ معاشرے کی شراکت ضروری ہے۔

 صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہاتھیوں کو بہت ذہین اور حساس جانور سمجھا جاتا ہے۔ وہ بھی انسانوں کی طرح سماجی جانور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ہاتھیوں اور دیگر جانداروں کے لیے وہی ہمدردی اور احترام کا احساس ہونا چاہیے جیسا کہ ہم انسانوں کے لیے رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم بے لوث محبت کا احساس جانوروں اور پرندوں سے سیکھ سکتے ہیں۔

  صدر جمہوریہ نے کہا کہ ’انسان-ہاتھی  تنازعہ‘  صدیوں سے ایک مسئلہ رہا ہے  اور جب ہم اس کشمکش کا تجزیہ کرتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کہ ہاتھیوں کے قدرتی مسکن یا نقل و حرکت میں پیدا ہونے والی رکاوٹ ہی اس کی بنیادی وجہ ہے۔ اس لیے اس کشمکش کی ذمہ داری انسانی معاشرے پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاتھیوں کی حفاظت، ان کے قدرتی رہائش گاہوں کا تحفظ اور ہاتھیوں کی راہداریوں کو رکاوٹوں سے پاک رکھنا پروجیکٹ ایلیفینٹ کے بنیادی مقاصد ہیں۔ انسان اور  ہاتھی تنازعہ سے متعلق مسائل کو حل کرنا بھی اس منصوبے کا مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام مقاصد ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔

  صدر جمہوریہ نے کہا کہ آسام کے قاضی رنگا اور مانس نیشنل پارک  نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا کا انمول ورثہ ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کو یونیسکو نے ’ورلڈ ہیریٹیج سائٹ‘  کا درجہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسام ، ملک میں جنگلی ہاتھیوں کی دوسری سب سے بڑی آبادی والا صوبہ ہے، اس لیے قاضی رنگا گج اتسو کے انعقاد کے لیے ایک بہت ہی موزوں جگہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پروجیکٹ ایلیفنٹ اور گج اتسو کی کامیابی کے لیے تمام حصص داروں کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔

صدر جمہوریہ کی تقریر دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں-

 

 

******

ش ح۔ م م۔ م ر

U-NO.3851

07.04.2023



(Release ID: 1914675) Visitor Counter : 152